Monday , October 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عامر پاکستان سوپر لیگ میں شامل!

محمد عامر پاکستان سوپر لیگ میں شامل!

کراچی، 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لینے کے خواہش مند کرکٹرز میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس لیگ میں حصہ لینے والے کرکٹرز کا حتمی انتخاب 20 اور 21 دسمبر کو ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال 4 سے 23 فروری تک دبئی اور شارجہ میں منعقد شدنی اس ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کے خواہش مند 308 کرکٹرز کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، جن میں 171 غیرملکی کرکٹرز شامل ہیں۔ پی سی بی نے آئی پی ایل کی طرح نیلامی کا طریقہ کار اختیار کرنے کے بجائے ڈرافٹ سسٹم اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پانچ فرنچائز مالکان ان میں سے اپنی ٹیموں کا انتخاب کریں گے۔ ان پر لازم ہوگا کہ وہ پہلی تین کیٹگریز پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ میں سے تین، تین کرکٹرز کا انتخاب کریں۔اسی طرح دو اُبھرتے کرکٹرز کا انتخاب کرنا بھی ضروری ہوگا اور پھر سلور کیٹگری سے پانچ کرکٹرز لئے جائیں گے۔ ہر ٹیم میں کم ازکم چار غیرملکی کرکٹرز رکھنے کی اجازت ہوگی۔ پی سی بی کے مطابق پلاٹینم کیٹگری میں شامل 27 کرکٹرز میں 18 غیرملکی کرکٹرز شامل ہیں جن میں کرس گیل، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، ڈوین براوو، تلک رتنے دلشان، لستھ مالنگا، کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، انجیلو میتھیوز، بریٹ لی اور شکیب الحسن شامل ہیں۔ مصباح الحق اور یونس خان پلاٹینم کیٹگری کا حصہ ہیں۔ محمد عامر کو گولڈ کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ پی سی بی نے کہا کہ پانچوں ٹیموں کے کوچز کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT