Saturday , June 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عامر کا ٹسٹ سے سبکدوشی پر غور

محمد عامر کا ٹسٹ سے سبکدوشی پر غور

کراچی۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کریر کو طول دینے کی غرض سے ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے پر غور کررہے ہیں۔ رپورٹ کے بموجب پاکستانی میڈیا نے محمد عامر کے متعلق یہ خبر شائع کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باربڈوز میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ کے بعد نوجوان فاسٹ بولر نے اپنی ٹیم کے ساتھیوں اور انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محمد عامر اس خبر سے بھی مایوس ہیں کہ کس طرح ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ہونے والی نجی گفتگو منظر عام پر آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ مصروف تحقیق ہے کہ کس طرح نجی گفتگو منظر عام پر آئی کیونکہ یہ کھلاڑیوں اور انتظامیہ کا اندرونی معاملہ تھا لیکن اس واقعہ نے واضح کردیا ہے کہ محمد عامر ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ فٹنس اور توانائی کی متقاضی ہے۔ 25 سالہ عامر دورہ ویسٹ انڈیز پر کامیاب بولنگ کی ہے اور دو ٹسٹوں میں انہوں نے 11 وکٹیں تو حاصل کی لیکن دوسرے ٹسٹ کے دوسری اننگز میں ان کا مظاہرہ مایوس کن تھا۔ محمد عامر اس وقت ونڈے اور ٹوئنٹی 20 پر مکمل توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ ٹسٹ کرکٹ چھوڑنے کیلئے تیار ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں محمد عامر کی بولنگ میں مزید بہتری کی ضرورت کا اشارہ سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بھی دیا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے پانچ سالہ پابندی کے بعد محمد عامر نے 2015ء کے اوائل میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی ہے، لیکن اب تک انہیں 15 ٹسٹ مقابلوں میں شرکت کے باوجود کوئی خاص کامیابی نہیں ملی ہے۔ عامر ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں بہتر مظاہروں کی امید کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ محمد عامر کے پابندی کے بعد واپسی میں مظاہرے جہاں ٹوئنٹی 20 اور ونڈے میں متاثرکن ہیں ، وہیں نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے کے باوجود ٹسٹ میں ان کے مظاہرے اطمینان بخش نہیں ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT