Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ کی بجائے ڈومیسٹک مقابلوں پر نظر

محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ کی بجائے ڈومیسٹک مقابلوں پر نظر

کراچی۔27 اگسٹ (سیاسٹ ڈاٹ کام) اسپاٹ فکسنگ تنازعہ میں ملوث فاسٹ بولر محمد عامر نے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے منصوبوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ فرسٹ کلاس ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی پر مرکوز رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پاکستان کی فرسٹ کلاس ٹورنمنٹ کا آغاز17 ستمبر کو شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی سے ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کی سزا یکم ستمبر کو ختم کرنے اور انہیں دو ستمبر سے تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے تاہم اس کے باوجود عامر  ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے اہلیت ایک مرتبہ پھر ثابت کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں نے زخم  سے صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ ٹریننگ شروع کردی ہے کیونکہ زخم کی وجہ سے تقریباً ایک ماہ آرام کرنا پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایک قدم آگے بڑھائیں گے کیونکہ کوئی بڑا ہدف متعین نہیں کیا اور صرف حال پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ عامر نے کہا کہ ان کا پہلا ہدف  ٹوئنٹی20  چیمپیئن شپ اور پھر قائد اعظم ٹرافی کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شاندار کارکردگی دکھانا ہے۔

عامر ٹوئنٹی20  ایونٹ میں اپنے شہر راولپنڈی ریمز کی نمائندگی کریں گے جبکہ قائد ٹرافی کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں وہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا حصہ ہوں گے۔ لارڈز میں 2010 کو پیش آئے  سیاہ  واقع کے بعد سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت سے محروم عامر کو اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کیلئے اکتوبر تک انتظار کرنا ہو گا جب قائد اعظم کا مین راؤنڈ شروع ہو گا کیونکہ کوالیفائنگ راؤنڈ کو فرسٹ کلاس میچ کا درجہ حاصل نہیں۔ ’آنے والا سیزن خاصا طویل ہے، حتیٰ کہ ہمیں کوالیفائنگ مرحلے میں پانچ چار روزہ میچز کھیلنے ہیں، ابتدائی مرحلہ ختم ہونے کے بعد ہی میں یہ بتانے کے قابل ہوں گا کہ میں کس مقام پر کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے کے بعد چار روزہ میچ کھیلیں گے جو ان کیلئے ایک اچھی خبر ہے کیونکہ چار روزہ میچ کے ذریعہ  ہی دن بدن ردھم میں بہتری آتی ہے، جتنی زیادہ دیر ہم بو لنگ کرتے ہیں، اتنا زیادہ ہی ہم بہتر محسوس کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT