Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / محمد علی جونیئر سے واشنگٹن ائرپورٹ پر پھر پوچھ تاچھ

محمد علی جونیئر سے واشنگٹن ائرپورٹ پر پھر پوچھ تاچھ

واشنگٹن۔11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)  دنیاکے عظیم باکسر محمد علی کلے کے بیٹے محمد علی جونیئر کو پرواز پر سوار ہونے سے قبل واشنگٹن ڈی سی ائرپورٹ پر ان کی شناخت کے حوالے سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ اس سے ایک روز قبل انہوں نے ایک دیگر ہوائی اڈہ پر اسی طرح کے واقعہ کے بارے قانون سازوں کے سامنے بیان دیا تھا۔کانگریس کی ڈیموکریٹک رکن ڈیسی واسرمین نے جو اسی پرواز میں سوار تھیں جس میں علی تھے ، کہا میرے خیال میں یہ انتقامی حرکت ہے ان کے مذہب کی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ محمد علی جونیئر نے قبل ازیں کہا تھا کہ 7 فروری کو جب وہ جمائیکا سے آئے تھے تو فلوریڈا کے ہوائی اڈہ پر انہیں حراست میں لے کر وفاقی ایجنسیوں نے ان سے ان کے مسلمان ہونے کے بارے میں سوال پوچھے تھے ۔ انہوں نے ایوان کی عدالتی کمیٹی کے سامنے اس واقع کی شکایت کی تھی۔ محترمہ ڈیسی نے کہاکہ یہ کوئی اتفاق نہیں معلوم ہوتا کہ انہیں واشنگٹن سے پرواز میں سوار ہونے میں پریشانی ہوئی۔دراصل ان واقعات سے قبل صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کئی مسلم اکثریتی ممالک سے آنے والوں کے امریکہ داخلہ پر پابندی لگادی ہے اور سرحدی سیکورٹی بھی سخت کردی ہے ۔ علی کے وکیل کرس مینینی نے بتایا کہ علی نے سرکاری شناخت نامہ (آئی کارڈ) پیش کیا ۔ اس کے باوجود انہیں روکا گیا۔ ان کی شناخت کی تصدیق کی گئی۔عام طو ر سے جہا ز پر سوار ہونے امریکی شہریوں سے محض شناختی کارڈ مانگا جاتا ہے ۔ مگر علی سے کہا گہا کہ وہ کوئی اور شناخت بھی دکھائیں ۔  جب علی نے اپنا امریکی پاسپورٹ دیا تب انہیں جہاز پر سوار ہونے کی اجازت دی گئی۔ علی کے والد محمد علی سابق ہیوی ویٹ چیمپئن تھے ، انہیں عظیم ترین کہا جاتا تھا ان کا جون میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی تدفین میں صدر بل کلنٹن اور دنیا بھر کے معززین نے شرکت کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT