Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / محمد فاروق حسین کی رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے حلف برداری

محمد فاروق حسین کی رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے حلف برداری

وزراء کی شرکت ، ضلعی قائدین و کارکنوں کی مبارکباد ، اقلیتوں و پسماندہ طبقات کے لیے کام کرنے کا عزم
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جناب محمد فاروق حسین نے آج رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے حلف لیا ۔ اس موقع پر عوام کے ایک بڑے ہجوم کے ساتھ پہونچکر محمد فاروق حسین نے دوسری میعاد کا حلف اردو میں لیا ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ دیگر وزراء ایٹالہ راجندر ، این نرسمہا ریڈی ، جگدیش ریڈی اور ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل نے شرکت کرکے محمد فاروق حسین کو مبارکباد پیش کیا ۔ نیو ایم ایل اے کوارٹرس سے فاروق حسین کو ریالی میں کونسل پہونچایا گیا ۔ پبلک گارڈن کے احاطے میں ٹی آر ایس کے قائدین و کارکن نے تہنیت پیش کی ۔ حلف برداری کے بعد محمد فاروق حسین نے اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کرنے کا اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے محمد فاروق حسین کو کونسل کی دوسری میعاد کے لیے گورنر کوٹہ سے نامزد کیا ۔ اس تقریب میں شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے چاہنے والے ٹی آر ایس کے قائدین اور کارکن ہزاروں کی تعداد میں حیدرآباد پہونچکر انہیں مبارکباد دی ۔ صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے محمد فاروق حسین کو حلف دلایا ۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر مقننہ امور ہریش راؤ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی نائب صدر نشین این ودیا ساگر ، ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ بی بی پاٹل ، کے پربھاکر ریڈی ، ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل محمد فرید الدین ، محمد سلیم ، ایم ایس پربھاکر ، راملو نائیک ، چیف وہپ کونسل سدھاکر ریڈی ، بھانو پرساد ، بھوپال ریڈی ، پی راجیشور راؤ ، کے پربھاکر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی سرینواس گوڑ ، ستیہ نارائنا ، مجلس کے رکن قانون ساز کونسل امین الحسن جعفری صدر نشین سٹ ون عنایت علی باقری ٹی آر ایس کے قائدین صوفی سلطان شطاری ، میر ہادی علی ، عبدالمقیت چندا ، سید شاہ نور الحق قادری ، ارشد علی خاں کے علاوہ عابد محی الدین ، محبوب ولی اللہ اور دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔ محمد فاروق حسین کو مبارکباد پیش کی ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر دورے دہلی پر ہے ، مبارکبادی پیغام روانہ کیا ۔ بعد ازاں پبلک گارڈن کے سبززار پر فاروق حسین کے حامیوں کی جانب سے تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد فاروق حسین نے انہیں دوسری میعاد کے لیے کونسل کا رکن نامزد کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے ان پر جو بھروسہ کیا ہے وہ آئندہ 6 سال کے دوران اپنی کارکردگی وفاداری سے اس پر کھرا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ جتنی فلاحی اسکیمات پر ریاست تلنگانہ میں عمل کیا جارہا ہے ۔ اس کی ملک بھر میں مثال نہیں ملتی ۔ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ چیف منسٹر کی انسانی ہمدردی ناقابل فراموش ہے ۔ ٹی آر ایس کے تین سالہ دور حکومت میں کے سی آر نے 365 اسکیمات پالیسیاں ، تعمیری و ترقیاتی کاموں کو متعارف کراتے ہوئے مخالفین تلنگانہ کو حیرت زدہ کردیا ہے ۔ تلنگانہ کے تیسرے یوم تاسیس کے موقع پر زچہ و بچہ سے متعلق اماں وڈی اسکیم کے سی آر کٹس کا اعلان کیا گیا اور تنہا رہنے والی خواتین کو ماہانہ وظائف دینے کی شروعات کی وعدے کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لیے اسمبلی اور کونسل میں بلز منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کیا گیا ہے چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم تحفظات کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جبکہ غریب عوام کی عزت و احترام کے لیے انہیں ریاست بھر میں ڈھائی لاکھ مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات سے لاکھوں ایکڑ فاضل اراضی سیراب ہوگی ۔ سماج کے تمام طبقات کی ترقی و بہبود کے لیے کام کیا جارہا ہے اور ریاست تیزی سے ترقی کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کی جانب گامزن ہے ۔ محمد فاروق حسین نے انہیں مبارکباد دینے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT