Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد نواز نے شین واٹسن کو بے بس کردیا

محمد نواز نے شین واٹسن کو بے بس کردیا

دبئی ۔5 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) شروع ہونے سے قبل محمد نواز کو بہت کم لوگ جانتے تھے لیکن پہلے ہی میچ کے بعد اس نوجوان کھلاڑی نے بڑے ناموں میں اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کے ذریعہ پورا پاکستان اس نوجوان لڑکے کی  بولنگ کو سراہتے ہوئے اس کے حق میں کھڑا ہو گیا جس نے بولنگ پر بہترین قابو دکھانے کے علاوہ  ذہنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے سب کو متاثر کردیا۔انہوں نے بہترین اسپن بولنگ کارکردگی دکھاتے ہوئے چار اوورز میں صرف 13 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے میچ میں فتح کی بنیاد رکھی جس پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ شین واٹسن کو چالاکی سے قابو کیا تو سیم بلنگز کو کرکٹ کا بھولا سبق یاد دلایا، بابر اعظم اپنے کزن عمر اکمل کی طرح کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے اور عمران خالد ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی ناکامی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔اگر ایک طرف ان کی بولنگ متاثر کن تھی تو دوسری جانب مڈل آرڈر میں ان کی بیٹنگ کی صلاحیت بھی انتہائی قابل ستائش تھی۔انہوں نے کوئی غلط شاٹ نہیں کھیلا، مسلسل رن لے کر اسٹرائیک دوسرے اینڈ پر موجود اپنے سیٹ ساتھی کھلاڑی کو دیتے رہے اور وکٹوں کے درمیان ان کی دوڑ اس بات کو ثابت کرتی تھی کہ وہ ناصرف اپنے کھیل کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں بلکہ بہتر طریقے سے میچ کی صورتحال بھی بھانپ سکتے ہیں۔یاسر شاہ پر پابندی کے بعد پاکستان کو ایک عدد اسپنر کی اشد ضرورت ہے لیکن اس میچ کے نتیجے کے بعد یقیناً عماد وسیم کو بھی اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ یہ کہنا بالکل درست ہے کہ بیرونی کھلاڑی متحدہ عرب امارات میں پاکستانی اسپنرز کو کھیل کر فائدہ حاصل کریں گے لیکن محمد نواز نے جس طرح شین واٹسن کو آؤٹ کیا وہ انکی  معیاری بولنگ  کی عکاسی کر رہا تھا۔ پی ایس ایل نے فوراً ہی پہلا اسٹار فراہم کردیا ہے اور پاکستان کو اب ایک اچھے اسپنر کی تلاش کی مزید کوئی ضرورت نہیں۔

TOPPOPULARRECENT