Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / محنت اور جستجو کے ذریعہ تعلیمی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں

محنت اور جستجو کے ذریعہ تعلیمی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں

امجد علی خان کالج آف بزنس اڈمنسٹریشن اورنٹیشن پروگرام ،جناب عمرجلیل اور ظفرجاوید کا خطاب
حیدرآباد 23 اکٹوبر (پریس نوٹ) امجد علی خان کالج آف بزنس اڈمنسٹریشن سال اول کا اورنٹیشن پروگرام غلام احمد آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس سکریٹری مائناریٹی ویلفیر حکومت تلنگانہ تھے۔ جناب سید عمر جلیل نے ایم بی اے سال اول کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ خوش نصیب ہیں کہ آپ کو شہر کے ایک بہترین اور نامور کالج میں داخلہ ملا۔ آپ اپنے اس وقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے تعلیمی قابلیت حاصل کریں۔ انھوں نے کہاکہ طلبہ اپنا نصب العین قائم کریں اور محنت و جستجو کے ذریعہ کالج کے اوقات میں پابندی سے تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ گھر پر بھی زیادہ سے زیادہ وقت تعلیم کے لئے دے کر اپنی تعلیمی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ جناب عمر جلیل نے سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور اہم شخصیات کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ انھوں نے جس محنت اور لگن کے ساتھ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرکے عالمی سطح پر نام کمایا ہے اسے مدنظر رکھ کر آپ بھی تعلیم کے حصول میں دلچسپی لیں۔ انھوں نے حکومت تلنگانہ کے اسکالرشپ اسکیم سے طلبہ کو استفادہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ اسکالرشپ کی آخری تاریخ 30 نومبر 2016 ء ہے۔ انھوں نے کہاکہ ریاست میں پندرہ لاکھ اقلیتی طلبہ ہیں لیکن تاحال صرف 56 ہزار طلباء و طالبات نے اسکالرشپ فارم داخل کئے ہیں۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لئے 20 لاکھ روپئے فی طالب علم کو دے رہے ہیں جس کا بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے فائدہ اٹھائیں۔ جناب ظفر جاوید اعزازی سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی و چیرمین گورننگ کونسل امجد علی خان کالج آف بزنس اڈمنسٹریشن نے اپنے خطاب کے آغاز پر کالج ہذا میں داخلہ لینے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان سے بہتر اور کامیاب مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔  انھوں نے کہاکہ کالج میں بہترین انفراسٹرکچر، قابل و تجربہ کار فیکلٹیز اور تمام تعلیمی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں جس سے طلبہ استفادہ کرتے ہوئے اپنی زندگی کے اس اہم سفر کو آگے بڑھائیں۔ پروفیسر شہباز احمد ڈائرکٹر نے استقبالیہ تقریر میں کہاکہ امجد علی خان کالج آف بزنس اڈمنسٹریشن کا قیام 1991 ء میں عمل میں آیا۔ انھوں نے کہاکہ ہم طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہوئے انھیں مستقبل کے بہترین معمار بنانے کی سعی کرتے ہیں۔ اس موقع پر شہ نشین پر جناب ولی اللہ کارگذار چیرمین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی، ڈاکٹر میر اکبر علی خان خازن سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی، جناب عامر جاوید بورڈ ممبر موجود تھے۔ اورنٹیشن پروگرام کا آغاز رضی سکنڈ ایئر کے طالب علم کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ زینب ثمر طالبہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

TOPPOPULARRECENT