Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ آبکاری میں شفافیت اور جوابداہی کے اقدامات

محکمہ آبکاری میں شفافیت اور جوابداہی کے اقدامات

معمول کلچر کا خاتمہ یقینی ، ڈاکٹر آر وی چندرا ودن کمشنر آبکاری
حیدرآباد ۔ /18 ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری میں شفافیت اور احساس جوابدہی پیدا کرنے کیلئے تیز رفتار اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ محکمہ میں موجود ’’معمول کلچر‘‘ کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ڈاکٹر آر وی چندرودھن کمشنر محکمہ آبکاری نے آج ایک خصوصی ملاقات کے دوران بتایا کہ پروہیبیشن اینڈ اکسائز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جو نظریہ پیش کیا ہے اس کے مطابق اقدامات کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ ناجائز کشید شراب اور غیرقانونی طور پر فروخت کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں نئی اکسائز پالیسی حکومت کے زیرغور ہے اور اس پالیسی کے ذریعہ حکومت گڑمبے کے خاتمہ کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ مسٹر آر وی چندر ودھن نے بتایا کہ ریاست میں سستی شراب کے کلچر کے خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ کی جانب سے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں عوامی شعور بیداری کے علاوہ گڑمبے کی فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کیا جانا شامل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گڑمبے کے استعمال کے خلاف بڑے پیمانے پر شعوربیداری مہم کو اس لئے ضروری تصور کیا جارہا ہے چونکہ اس طرح کی سستی شراب کا استعمال کئی خاندانوں کی تباہی کا سبب بن رہا ہے ۔ اتنا ہی نہیں محکمہ کی جانب سے شراب کے استعمال ترک کرنے کیلئے بھی مہم چلائے جانے کا منصوبہ ہے چونکہ زیادہ شراب کا استعمال خاندانوں کی تباہی بالخصوص بچوں کی تباہی کا باعث بنتا ہے ۔ ڈاکٹر آر وی چندر ودھن نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے آئندہ ہفتہ بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے باضابطہ مہم چلائی جائے گی ۔ اس مہم کا عملی طور پر آغاز کیا جاچکا ہے جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تلنگانہ اکسائز گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے قائد جناب سید یسین قریشی نے اس مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مہم کی ستائش کی جانی چاہئیے اور محکمہ کے تمام عہدیداروں کو راست یا بالواسطہ طور پر کسی بھی طرح کی بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے سے روکنے کے اقدامات کئے جانے چاہئیے اور معمول کلچر کے خاتمہ کو یقینی بنانے میں تعاون کیا جانا چاہئیے ۔ مسٹر چندرودھن نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے انتظامی امور میں معمول کلچر کے خاتمہ کیلئے شروع کردہ اس تحریک کی کامیابی اُسی وقت ممکن ہوسکتی ہے جب محکمہ سے وابستہ عملہ تعاون کرتے ہوئے بدعنوانیوں سے پاک حکومت کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں نئی شراب پالیسی کے متعلق ابھی کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور بہت جلد اس سلسلے میں کوئی قطعی فیصلہ متوقع ہے چونکہ یہ مسئلہ متعلقہ وزیر اور چیف منسٹر کے پاس زیرغور ہے ۔

TOPPOPULARRECENT