Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ اقلیتی بہبود میں منظورہ جائیدادوں اور اردو اساتذہ کے تقرر کے لیے اقدامات

محکمہ اقلیتی بہبود میں منظورہ جائیدادوں اور اردو اساتذہ کے تقرر کے لیے اقدامات

عہدیداروں کی کمی سے مشکلات کا سامنا ، سکریٹری محکمہ سید عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد۔ 4 ۔جنوری ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں حکومت کی جانب سے منظورہ جائیدادوں اور اردو اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر  تقررات کیلئے بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے قیام کے بعد سے آج تک تقررات نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں حیدرآباد اور اضلاع میں محکمہ کو عہدیداروں اور ملازمین کی کمی کا سامنا تھا۔ اسٹاف کی کمی کے باعث حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری میں رکاوٹ پیدا ہورہی تھی۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کی گئی جس پر کابینی اجلاس میں 80 عہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ اقلیتی بہبود ڈائرکٹوریٹ حیدرآباد میں 20 نئی جائیدادیں فراہم کی جائیں گی جبکہ اضلاع میں 60 جائیدادوں کو تقسیم کیا جائے گا ۔ ہر ضلع میں کم از کم 8 نئی جائیدادیں قائم کی جائیں گی تاکہ اسٹاف کی کمی کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد اس سلسلہ میں محکمہ فینانس سے منظوری حاصل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے تقررات کے مسئلہ کو پبلک سرویس کمیشن سے رجوع کیا جائے گا جبکہ بعض عہدوں کیلئے دیگر محکمہ جات سے عہدیدار حاصل کئے جائیں گے۔ ڈپٹی ڈائرکٹر ، جوائنٹ ڈائرکٹر ، اقلیتی بہبود اور اکاؤنٹس آفیسر و سرویئر جیسے عہدوں کیلئے دیگر محکمہ جات سے عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ سے محکمہ کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال تمام جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیگر محکمہ جات سے اہل اور قابل عہدیدار محکمہ اقلیتی بہبود میں خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہوں تو ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 1225 اردو اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے اور مجوزہ ڈی ایس سی میں ان جائیدادوں کو شامل کیا جائے گا ۔ اردو میڈیم اساتذہ کے تقررات سے سرکاری مدارس کے معیار کو بلند کرنے میں مدد ملے گی ۔

TOPPOPULARRECENT