Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ انکم ٹیکس کو تاحال 60ہزار افراد کا جواب موصول

محکمہ انکم ٹیکس کو تاحال 60ہزار افراد کا جواب موصول

ٹیکس کی ادائیگی پر رضامندی کا اظہار ‘ مزید کھاتوں کی جانچ

حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) محکمہ انکم ٹیکس نے کرنسی تنسیخ کے بعد بینک کھاتوں میں جمع کی جانے والی رقومات کی تفصیلات کے حصول کیلئے کوئی نوٹس جاری نہیں کی ہے بلکہ 2لاکھ زائد رقم جمع کروانے والوں کو تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تاحال 2لاکھ سے زائد لوگوں نے انکم ٹیکس کی ویب سائٹ کے ذریعہ تفصیلات حاصل کی ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں اس تعداد میں بھاری اضافہ ریکارڈ کیا جائے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے 2لاکھ سے زائد رقومات جمع کروانے والے 18لاکھ کھاتہ داروں کو تفصیلات جمع کروانے کی خواہش کرتے ہوئے مکتوب روانہ کئے ہیں۔ مسٹر سشیل چندرا صدرنشین سنٹرل بورڈ آف ڈائیریکٹ ٹیکسس نے بتایا کہ تاحال 60 ہزار لوگوں نے محکمہ کو جواب دیا ہے جن میں بیشتر نے ٹیکس کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بینک کھاتوں کا ای۔ویریفیکیشن بھی جاری ہے۔محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ان کھاتو ں پر خصوصی نگاہ رکھی جا رہی ہے جن میں تنسیخ کے بعد لاکھوں روپئے جمع کروائے گئے ہیں۔سنٹرل بورڈ آف ڈائیریکٹ ٹیکسس کے عہدیداروں کے بموجب جن لوگوں کو آمدنی کی تفصیلات بتانے میں دشواری ہے ان کیلئے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا میں ٹیکس جمع کرواتے ہوئے اثاثوں کے انکشاف کی سہولت موجود ہے ۔نقد جمع کروانے والے کھاتوں کی مکمل تفصیلات محکمہ انکم ٹیکس کو موصول ہوچکی ہے اور ان کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے کھاتہ داروںکو مطلع کیا جار ہا ہے اور ان سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے ذرائع آمدنی سے محکمہ کو واقف کروائیں۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ کی جانب سے کھاتے داروں کی فہرست جمع کی جا رہی ہے جنہوں نے اب تک ریٹرنس داخل نہیں کئے ہیں اور ان کے کھاتوں میں 5لاکھ تک کے رقومات جمع کروائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں نام ‘ پتہ اور فون نمبرات کی بنیاد پر کھاتوں کی جانچ بھی کی جا رہی ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ایسے کتنے لوگ ہیں جو ایک سے زیادہ کھاتوں میں رقومات جمع کرواچکے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے کوئی نشانہ مقرر نہیں کیا گیا اورنہ ہی دھاوے کرتے ہوئے ہراساں کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔جن کھاتہ داروں سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے وضاحت پیش کرنے کے لئے کہا جا رہا ہے اگر وہ ناقابل قبول وضاحت پیش کرتے ہیں اور پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت ٹیکس ادا نہیں کرتے ہیں تو ایسی صورت میں ہی محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے نوٹسیںجاری کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور ان کے کھاتوں کی رقم کو منجمد کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT