Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوے میں 142 کروڑ روپئے کی نقد رقم اور سونا ضبط

محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوے میں 142 کروڑ روپئے کی نقد رقم اور سونا ضبط

چینائی۔/9ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) نوٹ بندی کے بعد نقد رقم اور سونے کا بھاری ذخیرہ ضبط کرتے ہوئے محکمہ انکم ٹیکس نے آج بتایا کہ ٹیکس چوری کے ایک کیس میں چینائی کے مختلف مقامات پر دھاوے کئے گئے جس کے دوران 142 کروڑ روپئے مالیتی غیر محسوب اثاثہ جات بشمول 10کروڑ روپئے مالیاتی نئی نوٹ اور 127 کلو سونے کی سلاخیں ضبط کرلی گئیں۔ ملک بھر میں 8نومبر کو 500اور 1000 روپئے کے نوٹوں کی تنسیخ کے بعد نئی کرنسی کا سب سے بڑا ذخیرہ ہاتھ لگا ہے ۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے تحقیقاتی شعبہ کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر تاملناڈو میں کانکنی سے وابستہ ایک گروپ کے 8 احاطوں پر کل دھاوے کئے گئے اس گروپ کو تاملناڈو بھر میں کانکنی کا لائسنس حاصل ہے ۔ دریں اثناء محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں اور ریاستی حکومت کے کنٹراکٹر ایس ریڈی جو کہ ضبط شدہ رقم اور سونا کو اپنی ذاتی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے۔ دیگر افراد کے ساتھ پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔

 

گذشتہ 7ماہ میں 854 کلو سونا ضبط
پارلیمنٹ میں مملکتی وزیر فینانس کا انکشاف
نئی دہلی۔/9ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) کسٹمس ڈپارٹمنٹ نے جاریہ سال اپریل۔ اکٹوبر کے درمیان 854 کلو سونا ضبط کیا ہے جس میں زیادہ سونا میانمار، متحدہ عرب امارات اور تھائی لینڈ سے چوری چوری۔ چپکے چپکے لایا گیا تھا۔ مملکتی وزیر فینانس سنتوش کمار گنگوار نے آج پارلیمنٹ میں بتایا کہ کسٹمس ڈپارٹمنٹ نے سال 2014-15 میں 4,035 کلو ، سال 2015-16 میں2,976 کلو اور جاریہ مالیاتی سال میں اپریل۔ اکٹوبر کے درمیان 850.39 کلو سونا ضبط کیا ہے۔گذشتہ 7ماہ کے دوران میانمار سے 296کلو ، متحدہ عرب امارات سے 151 کلو،تھائی لینڈ سے 125.99 کلو اور بنگلہ دیش سے54 کلو اور چین سے 50کلو سونا اسمگل کیا گیا جبکہ ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلی جنس کو طیرانگاہوں اور سرحدوں کے حساس مقامات اور حساس سیکٹروں سے آنے والی فلائیٹس پر سخت چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ غیر قانونی طریقہ سے سونا لانے کی کوشش کو ناکام بنایاجاسکے۔ سونا لاتے ہوئے پکڑے جانے پر نہ صرف سخت کارروائی کی جارہی ہے بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT