Monday , May 22 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ برقی میں 13,357 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری

محکمہ برقی میں 13,357 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری

محکمہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بھاری تعداد میں تقررات ۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا تاریخی فیصلہ ‘ 10 ہزار ملازمین کو ترقی

حیدرآباد 2 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج محکمہ برقی میں ریکارڈ تعداد یعنی 13,357 ملازمین کے تقرر کو منظوری دیدی ہے ۔ ان میں لائین مین سے لے کر ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر کے عہدہ کی بھرتیاں بھی شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے ساتھ ہی 10 ہزار ملازمین کیلئے بیک وقت ترقی کیلئے بھی احکام جاری کئے ہیں۔ نئی ریاست میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب ایک ہی موقع پر اتنی بھاری تعداد میں بھرتیوں کو حکومت نے منظوری دی ہے ۔ محکمہ برقی جینکو ‘ ٹرانسکو اور ڈسکامس پر مشتمل ہے جو برقی کی پیداوار ‘ ٹرانسمیشن اور تقسیم کی ذمہ داری رکھتا ہے ۔ اس محکمہ کی تاریخ میں اب تک کبھی اس قدر بھاری تقررات اور ترقیاں ایک موقع پر نہیں کی گئی تھیں۔ محکمہ برقی کے سینئر عہدیداروں کی جانب سے 2012 سے حکومت سے مسلسل نمائندگیاں کی جا رہی تھیں کہ ان خالی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں تاہم کسی بھی حکومت نے اس اہم ترین ضرورت پر کوئی توجہ نہیں دی تھی ۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صرف 2012 سے خالی عہدوں پر ہی تقررات عمل میں نہ لائیں بلکہ مستقبل کی ضروریات کیلئے بھی ملازمین کا تقرر کرلیں۔ آج جن 13,357 جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی گئی ہے ان میں 1500 غیر ٹکنیکل عہدے ہیں۔ چیف منسٹر کے اس فیصلے سے قبل جینکو اور ٹرانسکو کے سی ایم ڈی ڈی پربھاکر راؤ ‘ جے ایم ڈی سرینواس راؤ ‘ ایس پی ڈی سی ایل کے سی ایم ڈی رگھوما ریڈی اور دوسروں نے ان سے ان تقررات کے سلسلہ میں نمائندگی کی تھی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست برقی کے شعبہ میں تیزی سے ترقی کر ہری ہے اور اس بات کی ضرورت ہے کہ اس میں تقررات عمل میں لائے جائیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ فی الحال صنعتوں کو ‘ گھریلو صارفین کو اور تجارتی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جا رہی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شعبہ زراعت کو بھی آئندہ سال سے 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ریاست کو مستحکم کیا جائے جو برقی کی قلت کا شکار ریاست سے فاضل برقی والی ریاست بن رہی ہے ۔ اسی لئے انہوں نے محکمہ میں اس قدر بھاری تعداد میں تقررات کو منظوری دی ہے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے تقررات اور ترقیوں کی منظوری دئے جانے پر محکمہ کے سینئر عہدیداروں نے ان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ ایک حوصلہ مندانہ فیصلہ ہے اور کسی بھی چیف منسٹر نے اب تک ایسا نہیں کیا تھا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT