Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ برقی میں 23 ہزار 670 ملازمین کی خدمات باقاعدہ بن گئی

محکمہ برقی میں 23 ہزار 670 ملازمین کی خدمات باقاعدہ بن گئی

خانگی کمپنیوں کے ملازمین سرکاری ہوگئے، محکمہ برقی اور لیبر کمشنر کے درمیان یادداشت مفاہمت
حیدرآباد۔27مئی (سیاست نیوز) محکمہ برقی کے 23ہزار 670ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں ریاستی لیبر کمشنر سے محکمہ برقی کے مختلف اداروں کے ذمہ داران نے آج معاہدہ پر دستخط کردیئے ۔ محکمہ برقی میں کنٹراکٹ اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو باقاعدہ بنانے کے معاہدہ پر دستخط کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کے اہم ترین ادارہ میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ ملازمین جو خانگی کمپنیو ںکے توسط سے خدمات انجام دے رہے تھے وہ اب سرکاری ملازم ہوچکے ہیں کیونکہ ان کی خدمات کو حکومت نے محکمہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ برقی کے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے اعلان کے بعد سے جاری مراحل آج ریاستی لیبر کمشنر کی موجودگی میں خدمات کو باقاعدہ بنانے کے معاہدہ پر دستخط کے بعد تکمیل کو پہنچ گئے۔ جناب میر کمال الدین علی خان ڈائریکٹر ایچ آر تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ کے ہمراہ لیبر کمشنر کی موجودگی میں مسٹر اشوک کمار ڈائریکٹر جینکو‘ وینکٹیشور راؤ ڈائریکٹر تلنگانہ نادرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ اور مسز شوبھا رانی جوائنٹ سکریٹری تلنگانہ ٹرانسکو نے انتظامیہ کی جانب سے قانون صنعتی تنازعات کی شق 12-3کے تحت کیا گیا جس پر تلنگانہ اسٹیٹ ٹریڈ یونین فرنٹ اور تلنگانہ اسٹیٹ ودیوت کارمیکا سنگھم کے صدور و معتمدین نے دستخط کئے ۔جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ اس معاہدہ کا اطلاق محکمہ برقی اور ریاستی کی تمام برقی ٹریڈ یونین اور ملازمین کی تنظیموں پر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کی گئی اس پیشرفت کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور ہزاروں ملازمین کو اس کا راست فائدہ ہوگا۔ محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت طئے کئے جانے والے مراحل میں لیبر کمشنر کے روبرو کیا جانے والا یہ معاہدہ قطعی ہے اور اس معاہدہ کے متعلق ریاست حکومت کی جانب سے 2جون یعنی یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر اعلان متوقع ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ریاستی حکومت نے تمام امور کی خوش اسلوبی سے تکمیل کی ذمہ داری محکمہ برقی کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں کے سرکردہ عہدیداروں کو تفویض کی تھیں اور ان عہدیداروں نے اس مرحلہ کو مکمل کرتے ہوئے معاہدہ کی نقولات لیبر کمشنر کے توسط سے حکومت کو روانہ کردی ہے۔

TOPPOPULARRECENT