Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ جنگلات و قبائیلی بہبود میں 3 ہزار جائیدادوں پر تقررات

محکمہ جنگلات و قبائیلی بہبود میں 3 ہزار جائیدادوں پر تقررات

حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے محکمہ جنگلات اور محکمہ قبائیل بہبود میں بڑے پیمانے پر تقررات عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور تقریباً تین ہزار مختلف زمرہ کی جائیدادوں پر تقررات کئے جانے سے متعلق بہت جلد اعلامیہ جاری کرنے کی توقع ہے۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ حکومت نے فیصلہ تو کرلیا ہے لیکن محکمہ فینانس سے ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے مالی منظوری کا انتظار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیسے ہی محکمہ فینانس سے منظوری مل جائے گی تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ بہت جلد دوسرے مرحلہ کے تحت ملازمتیں فراہم کرنے کے سلسلہ میں ریاستی محکمہ جنگلات میں تقررات کئے جانے کے سلسلہ میں تمام تر اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اسی محکمہ میں پائے جانے والے زائداز دو ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تحریری امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی محکمہ جنگلات میں جملہ ملازمتیں بشمول نچلی سطح کے عہدیداروں کی تعداد تقریباً 5 ہزار ہے۔ جن کے منجملہ محکمہ جنگلات میں فی الوقت 2007 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ لہذا محکمہ کی کارکردگی کو فعال بنانے کے لئے درپیش مسائل سے عہدیداران محکمہ جنگلات نے حکومت تلنگانہ بشمول چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو واقف کروایا ہے اور ساتھ ہی ساتھ مخلوعہ جائیدادوں پر عاجلانہ تقررات کو یقینی بنانے کی حکومت سے خواہش کی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT