Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کیلئے مستقل عمارتوں کی تعمیر

محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کیلئے مستقل عمارتوں کی تعمیر

عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے محکمہ کی کارکردگی کو موثر بنایا جارہا ہے: محمود محمود علی
حیدرآباد۔/13جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست میں جملہ 141محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس دفاتر کیلئے مستقل عمارتیں تعمیر کروانے کا منصوبہ رکھتی ہے، جن کے منجملہ 91 رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس دفاتر کی عمارتوں کیلئے سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اور 35 عمارتوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جن میں چند عمارتوں کا افتتاح بھی عمل میں آچکا ہے۔ اس طرح حکومت محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کے دفاتر کیلئے عاجلانہ طور پر عمارتوں کی تعمیر کے ذریعہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ آج شام یہاں اپنے چیمبر میں تلنگانہ سب رجسٹرارس اسوسی ایشن کے طبع کردہ کردہ دیواری اور ٹیبل کیلنڈرس کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر امور ریونیو و رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس مسٹر محمد محمود علی نے اس بات کا انکشاف کیا اور محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کی بہتر کارکردگی پر زبردست ستائش کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ریاستی حکومت تلنگانہ کی کارروائی میں 22فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کی کارکردگی بہت ہی شاندار رہی اور آئندہ دنوں میں حکومت محکمہ ریونیو اور محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کے دفاتر کو ایک دوسرے سے مربوط کرکے کارکردگی میں مزید بہتری و شفافیت پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے گی۔

ڈپٹی چیف منسٹر نے محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کے تمام عہدیداروں و ملازمین کو کیلنڈر کی طباعت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی زبردست ستائش کی اور شاندار کارکردگی کے ذریعہ عوام کی بہتر خدمات انجام دینے کی عہدیداران رجسٹریشن سے پرزور خواہش کی۔ مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت بہت جلد محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ دفاتر کے اوقات صبح 8تا8بجے شب مقرر کرنے پر غور کررہی ہے اور رجسٹریشن کے آن لائن سسٹم کو بھی مزید بہتر بنانے اور مستحکم بناتے ہوئے عوام بالخصوص غریب عوام کو ممکنہ سہولتیں فراہم کرے گی۔ مسٹر سرینواس گوڑ رکن اسمبلی و اعزازی صدر تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ اس موقع پر مسٹر کے وجئے بھاسکر راؤ، صدر تلنگانہ سب رجسٹرارس کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی نے خیرمقدم کیا۔ مسٹر جی وشنو وردھن راؤ صدر نشین اسوسی ایشن اور جنرل سکریٹری اسوسی ایشن کے علاوہ دیگر عہدیداروں کی کثیر تعداد شریک تھی۔

TOPPOPULARRECENT