Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ صحت میں 6831 جائیدادیں،4713 جدید اور 2118 خالی جائیدادیں

محکمہ صحت میں 6831 جائیدادیں،4713 جدید اور 2118 خالی جائیدادیں

بھرتی کے لیے اصول و ضوابط مرتب عنقریب 660 ڈاکٹرس کی بھرتی،بتدریج بقیہ جائیدادوں پر بھرتی کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی محکمہ صحت میں خالی جائیدادوں کو عنقریب پر کرنے کے حکومت نے اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔ 4713 جدید اور 2118 قدیم کل 6831 جائیدادوں پر بھرتی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی حکومت محکمہ طبابت و صحت میں عصری سہولیات کو فراہم کرنے کے مقصد سے ریاست کے تمام دواخانوں میں ترقیاتی کام شروع کردی ہے اور اسی کے حصہ کے طور پر کئی ایک ابتدائی طبی مراکز کا قیام بھی عمل میں لاچکی ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹر اور طبی عملہ کی تعداد میں اصافہ کی ضرورت پیش آرہی ہے علاوہ ازیں مختلف دواخانوں میں کئی ایک جائیدادیں خالی بھی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ بھاری تعداد میں جائیدادوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ خصوصی طور پر عثمانیہ ، گاندھی اور ایم این جے جیسے دواخانوں کو عصری سہولیات سے لیس کرتے ہوئے ان دواخانوں میں اور زیادہ مریضوں کے علاج کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اسی طرح محبوب نگر میں میڈیکل کالج کا قیام ہوئے ایک برس کا عرصہ ہوا ہے اور اسی طرح سدی پیٹ میں آئندہ برس میڈیکل کالج شروع کرنے کے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کی علحدگی کے بعد ہیلت یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے اور اس میں بھی ملازمین کا تقرر کرنا ہے ۔ پروفیسرس ، اسسٹنٹ پروفیسرس سے لے کر سرجنس ، دیگر ماہر ڈاکٹرس کے علاوہ نرسیس ، لیاب ٹکنیشنس ، اٹنڈرس اور دیگر عملہ کا تقرر کرنا ہے ۔ اس طرح 4713 جدید جائیدادوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ جدید جائیدادوں میں میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں کام کرنے کے لیے 3635 جائیدادوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ اسی طرح ابتدائی طبی مراکز میں کام کرنے کے لیے اور 713 ڈاکٹرس ، طبی عملہ کی جائیدادوں کی بھرتی کے لیے ہری جھنڈی دکھا دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں ایم این جے کینسر ہاسپٹل کے لیے 251 جائیدادیں اور یونیورسٹی کے لیے 23 جدید جائیدادوں کی منظوری دی گئی ہے اور دوسری جانب محکمہ صحت و طبابت میں 2118 خالی جائیدادوں کی بھرتی کے لیے بھی منظوری دی گئی ہے ۔ ان میں 660 پروفیسرس کی جائیدادوں کو ٹی ایس پی ایس سی کے ذریعہ بھرتی کرنے کے لیے چیف منسٹر نے منظوری دیدی ہے اور عنقریب نوٹیفیکشن کی اجرائی عمل میں آنے والی ہے جن میں 148 اسسٹنٹ پروفیسرس ، 55 سیول اسسٹنٹ سرجنس 385 اسٹاف نرسیس ، 25 لیاب ٹکنیشنس ، 25 فارما سٹس ، 16 ریڈیو گرافرس اور 8 اڈمنسٹریٹیو آفیسرس کے علاوہ دیگر جائیدادیں ہیں ۔ ریاست میں سالانہ 6 لاکھ ڈیلیوریاں ہورہی ہیں تو سرکاری دوخانوں میں 2 لاکھ ڈیلیوریاں ریکارڈ کی جارہی ہیں ۔ حالیہ دنوں میں شروع کی گئی اسکیم کے سی آر کٹ کی وجہ سے سرکاری دواخانوں میں زچگیوں کے تناسب میں زبردست اضافہ ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے اور اس اسکیم کے تحت اب تک 3.86 افراد نے اپنا نام درج رجسٹر کرایا ہے اور اب تک اس اسکیم کے تحت 43 ہزار خواتین نے سرکاری دواخانوں میں زچگی کراچکی ہیں ۔۔
محکمہ صحت و طبابت میں منظورہ جائیدادوں کا جدول
فہرست جائیداد شعبہ جات
3635 طبی تعلیم
713 عوامی صحت اور خاندانی بہبود
251 ایم این جے ہاسپٹل
23 ہیلت یونیورسٹی
9 ویدیا ودھان پریشد
2118 خالی جائیدادیں
6831 کل جائیدادیں

TOPPOPULARRECENT