Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ مال کی کارکردگی کو موثر بنانے نئے طریقہ کار کو رائج کرنے کا فیصلہ

محکمہ مال کی کارکردگی کو موثر بنانے نئے طریقہ کار کو رائج کرنے کا فیصلہ

اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس ، ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال محمد محمود علی نے محکمہ مال کی کارکردگی بہتر بنانے اور بنیادی سطح تک عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پرنسپل سکریٹری ریونیو، چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن اور حیدرآباد و رنگا ریڈی کے کلکٹرس نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی جس میں محکمہ کی کارکردگی کو موثر بنانے کیلئے نئے طریقہ کار کو رائج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ مال کی کارکردگی بنیادی سطح سے بہتر ہونی چاہئے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔ محکمہ کی جانب سے عوامی کی دہلیز تک رسائی حاصل کرتے ہوئے انہیں بہتر خدمات فراہم کرنا ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تلنگانہ میں سرویئر کی موجودہ تمام جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں۔ اس کے علاوہ تحصیلداروں کے تبادلے وقتاً فوقتاً انجام دیئے جائیں تاکہ بنیادی سطح پر کارکردگی بہتر ہو۔ ولیج ریونیو آفیسر جو طویل عرصہ سے ایک ہی مقام پر خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کے تبادلے کا فیصلہ کیا گیا۔ریونیو سے متعلق امور میں تحصیلدار اور آر ڈی اوز کو ٹریننگ کی فراہمی کی تجویز پیش کی گئی۔ گچی باؤلی میں واقع ادارے TALIM میں ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔ غیر متنازعہ سرکاری اور اربن لینڈ سیلنگ کی اراضیات پر قبضوںکو باقاعدہ بنانے کیلئے جی او ایم ایس 58 اور 59 پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام جوائنٹ کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تجاویز حاصل کریں۔ وزیر مال کی پیشی سکریٹریٹ میں شکایتی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے انچارج ڈپٹی کلکٹر رینک کے عہدیدار رہیں گے۔ عوام ریونیو سے متعلق اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔ شخصی طور پر یا بذریعہ پوسٹ شکایات وصول کی جائیں گی۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ آر ڈی او اور ڈپٹی کلکٹرس کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں اور انہیں ذمہ داریوں کی تکمیل کیلئے مہلت مقرر کی جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کلکٹر سے کہا کہ وہ اندرون 15 دن اراضیات کے سروے سے متعلق بھو بھارتی پروگرام کا آغاز کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بہت جلد ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT