Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / محکمہ ڈاک میں عصری سہولیات کے ساتھ عوامی خدمات قابل ستائش : گورنر

محکمہ ڈاک میں عصری سہولیات کے ساتھ عوامی خدمات قابل ستائش : گورنر

ٹیلی گرام خدمات کی برخواستگی پر اظہار افسوس ۔ڈاک سیوا ایوارڈز تقریب سے ای ایس ایل نرسمہن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ محکمہ ڈاک عوامی رابطہ کا اہم ذریعہ ہے اور ملک میں جدید سائنس و ٹکنالوجی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر محکمہ ڈاک میں بھی جدید تیکنیکی طرز پر انجام دی جانے والی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ وہ آج یہاں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل اینڈ اسٹاف آف آندھرا پردیش سرکل ( آندھرا پردیش اینڈ تلنگانہ اسٹیٹس ) کے زیر اہتمام اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم میں منعقدہ Dak Sewa Awards تقریب سے بطور مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ دیہی سطح سے لے کر شہری سطح تک کے عوام محکمہ ڈاک کی جانب سے انجام دی جانے والی پوسٹل کارڈس ، ان لینڈ لیٹرس ، ٹیلی گرام اور منی آرڈر سرویس سے بھر پور استفادہ حاصل کیا کرتے تھے لیکن افسوس کہ دور حاضر میں عوام نے پوسٹل کارڈ اور ان لینڈ لیٹر کے ذریعہ خطوط ارسال کرنے کا سلسلہ ہی بند کردیا ہے جبکہ خطوط کے ذریعہ سے مکمل تفصیلات سے آگاہی ہوا کرتی تھی لیکن دور جدید میں عوام اپنے رشتہ داروں اور دوست و احباب کی خیر و عافیت سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے جدید ٹکنالوجی سے آراستہ موبائل ، واٹس اپ ، انٹرنیٹ کا استعمال کررہے ہیں جس کے ذریعہ دیہی سطح تک مکمل تفصیلات کی ترسیل نہیں ہوپاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں انٹرنیٹ یا سوشیل میڈیا کے ذریعہ ایک مقام سے دوسرے مقام تک معلومات پر مبنی پیغام پہنچایا جاسکتا ہے لیکن اس کا کوئی ریکارڈ یا یادگار نہیں رکھا جاسکتا بلکہ میسج کو چند دن کے بعد ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور تھا کہ سعودی عرب میں رہنے والے انڈین پوسٹ مین کی بڑی قدر کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے محکمہ ڈاک کی جانب سے ٹیلی گرام خدمات کی مکمل برخاستگی اور منی آرڈر سرویس میں تبدیلیوں پر اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دونوں خدمات دیہی سطح کے عوام کے لیے انتہائی سود مند تھیں جن کو برخاست کرنے سے عوام کی ایک بڑی تعداد کا محکمہ ڈاک سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ ڈاک سے خواہش کی کہ وہ ٹیلی گرام اور منی آرڈر کے حسب سابق طریقہ کار کو دوبارہ آغاز کرے تاکہ محکمہ ڈاک اور عوام کے درمیان پائے جانے والے خلاء کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ Old is Gold کی روایات کو برقرار رکھنے کے لیے خطوط رسانی کے حسب سابق طریقہ کار کو دوبارہ زندہ کریں ۔ انہوں نے محکمہ ڈاک میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوارڈس حاصل کرنے والے ملازمین کو پر خلوص مبارکباد دی ۔ اس موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر جنرل آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر بی وی سدھاکر نے اپنی صدارتی تقریر میں محکمہ ڈاک کی جانب سے انجام دی جانے والی عوامی خدمات اور محکمہ ڈاک کی ترقی میں روز افزوں اضافہ سے متعلق تفصیلات پر روشنی ڈالی اور محکمہ ڈاک کی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈ پانے والے ملازمین کی ستائش کی ۔ پوسٹ ماسٹر جنرل وجئے واڑہ مسٹر سمپت ، پوسٹ ماسٹر جنرل وشاکھا پٹنم شریمتی شارا داسمپت ، پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد رینج مسٹر سی ایلیشا ، پوسٹ ماسٹر جنرل بزنس ڈیولپمنٹ مسٹر بی وی ایس ریڈی نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں گورنر مسٹر ای ایس این ایل نرسمہن کے ہاتھوں محکمہ ڈاک کے منتخبہ ملازمین میں ’ ڈاک سیوا ایوارڈس ‘ عطا کئے گئے ۔

TOPPOPULARRECENT