Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / مدھیہ پردیش کے ضلع جھابوا میں دھماکہ ، 89ہلاک

مدھیہ پردیش کے ضلع جھابوا میں دھماکہ ، 89ہلاک

مائینس کیلئے استعمال ہونے والی دھماکو اشیاء کے ذخیرہ والی عمارت کیساتھ اطراف کی بلڈنگس بھی تباہ

جھابوا۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع جھابوا پٹیلواڈ ٹاؤن میں ایک عمارت کے اندر رکھے گئے دھماکو اشیاء کے پھٹ پڑنے سے طاقتور دھماکہ ہوا جس میں 89 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوئے۔ دھماکہ کی شدت سے عمارت مکمل تباہ ہوگئی اور اس عمارت سے متصل مکانات اور دکانات کو بھی شدید نقصان پہونچا۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارون شرما نے کہا کہ اب تک دواخانہ کو 82 نعشیں لائی گئی ہیں اور ہم نے 60 افراد کی آٹوپسی کی ہے۔ زخمیوں کو مختلف قریبی دواخانہ میں زیرعلاج رکھا گیا ہے۔ ڈیویژنل کمشنر سنجے دوبے نے کہا کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عمارت کے ملبہ سے نعشیں نکالی جارہی ہے اور ملبہ میں پھنسے ہوئے دیگر افراد کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔ سب ڈیویژنل آفیسر آف پولیس پٹیلواڈ اے آر خاں نے کہا کہ یہ دھماکہ صبح 8:30 بجے ہوا۔ عمارت میں موجود ایک دکان میں دھماکو اشیاء کا ذخیرہ رکھا گیا تھا جو خاص کر مائینس کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ بچاؤ کاری کا عمل پورا ہونے کے بعد ہی مہلوکین کی درست تعداد کا علم ہوگا۔ ملبہ میں کئی افراد کے پھنس جانے کا اندیشہ ہے۔ قبل ازیں پولیس نے کاہ تھا کہ یہ دھماکہ ایک پکوان گیاس سلنڈر کے پھٹ پڑنے سے ہوا ہے۔ اس تین منزلہ عمارت میں ایک ہوٹل بھی تھی۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور زخمیوں کو 50 ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا۔ ریاستی وزیر داخلہ نے حادثہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ مہلوکین میں مزدوروں کی کثیر تعداد شامل ہے جو اس مقام پر اپنی روزانہ کے کام کی تلاش میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ ان کے علاوہ بعض وہ لوگ بھی تھے جو گجرات روانہ ہونے والے تھے اور ہوٹل کے قریب بس کا انتظار کررہے تھے۔

صدر ، وزیراعظم کا اظہار تعزیت
نئی دہلی، 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ایم پی کے ضلع جھابوا میں پیش آئے دھماکہ میں جانوں کے اتلاف پر دکھ کا اظہار کیا۔ اس واقعہ میں کم از کم 89 افراد ہلاک اور لگ بھگ 100 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ صدر نے گورنر ایم پی رام نریش یادو کو پیام میں کہا کہ ’’مجھے آج صبح ضلع جھابوا میں گیس سلنڈر دھماکہ کی بابت جان کر دکھ ہوا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موت ہوئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس واقعہ کے باعث انسانی زندگیوں کے نقصان پر اپنے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ جھابوا میں دھماکے کے باعث جانی نقصانات پر مجھے شدید صدمہ پہونچا ہے۔ جو لوگ زخمی ہیں ، ان کی جلد صحت یابی کیلئے میں دعا گو ہوں۔ اس دھماکے کی وجوہات کا مدھیہ پردیش حکومت جائزہ لے رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT