Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / مدینہ منورہ ، منٰی اورگرین زمرہ میں پکوان پر پابندی

مدینہ منورہ ، منٰی اورگرین زمرہ میں پکوان پر پابندی

عازمین حج کے محفوظ قیام کیلئے سعودی حکومت کے انتظامات ، خلاف ورزی پر انتباہ
حیدرآباد 19  اگست  ( پریس نوٹ )   حکومت سعودی عربیہ نے حرم شریف سے متصل علاقہ مرکزیہ (گرین زون) میں واقع عمارتوں میں پکوان پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی  پروفیسر ایس اے شکور نے  بتایا ہے کہ قونصل جنرل جدہ سعودی عربیہ کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی ہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ اور سعودی محکمہ سیول ڈیفنس نے مکتب اور معلموں کو ہدایت دی ہے کہ گرین زمرہ کے علاقہ کی کسی بھی عمارت میں پکوان نہ کیا جائے۔ ان محکموں کے عہدیدار گرین زمرہ کی عمارتوں کے دورے کررہے ہیں اور ان عمارتوں سے پکوان کا سامان بشمول اسٹو معہ گیس سلنڈر‘ الکٹرک ہاٹ پلیٹ وغیرہ ہٹا دے رہے ہیں۔ عمارتوں کے مالکین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پکوان کے تمام انتظامات ہٹا دیں ‘ ورنہ ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور عمارت کو مہر بند کردیا جائے گا۔چنانچہ مکتبوں‘ معلمین اور عمارتوں کے مالکین اب عازمین حج کوتازہ احکامات سے واقف کرواتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ ان کی عمارتوں میں پکوان کی اجازت نہیں ہے‘ اور وہ پکوان کی سہولتیں ہٹا نے پر مجبور ہیں۔ اگرچہ قونصلیٹ جنرل نے ہندوستانی عازمین کے لئے پکوان کی سہولت کی فراہمی کی ضرورت سے واقف کروایا ہے لیکن سعودی  عرب کے اصولوں پر پابندی لازمی نظر آتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گرین اور عزیزیہ زمروں کے  حجاج کرام کو عمارتوں میں کچن کی سہولت فراہم کی جاتی تھی ۔ اب یہ سہولت صرف عزیزیہ زمرہ میں باقی رہے گی۔ اس کے علاوہ منیٰ اور مدینہ منورہ میں تمام حاجیوں کے لئے پکوان کرنے پر پابندی ہے۔

TOPPOPULARRECENT