Thursday , August 17 2017
Home / پاکستان / مذاکرات کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی

مذاکرات کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی

دہشت گرد عناصر کیخلاف سخت کارروائی : وزیر دفاع پاکستان
اسلام آباد، 9 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے آج کہا کہ کسی بھی دہشت گرد گروپ کو ہندوستان کے ساتھ بات چیت کے عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ایک نیوز چینل سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ جو بھی عناصر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ریڈیو پاکستان نے خواجہ آصف کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو ہندوستان اور پاکستان کے مابین بات چیت کے عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پاکستان کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے کیونکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ گزشتہ ہفتہ کو انتہائی مسلح دہشت گرد پٹھان کوٹ میں ائر فورس اسٹیشن میں گھس گئے تھے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ’ضرب عضب‘ آپریشن کے ذریعہ دہشت گردی کے خاتمہ میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور یہ آپریشن ہنوز جاری ہے ۔ انہوں نے جیو ٹی وی سے کہا کہ کچھ عسکری گروپس کو پہلے ہی ختم کردیا گیا اور جو بھی باقی ہیں ان سے بھی سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔آصف نے کہا کہ عسکریت پسندی سے مقابلہ کے مسئلہ پر فوج اور سیول حکومت کے مابین کسی طرح کے اختلاف نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سب کی ایک ہی بات ہے اور یہ کہ عسکریت پسندی کے خطرہ کو ختم کیا جانا چاہئے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ اپنے ملک کی اسی پالیسی کو اجاگر کریں۔

TOPPOPULARRECENT