مذہبی خبریں

   

سادات کو زکوٰۃ بطور نذرانہ دی جاسکتی ہے
مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد۔20مارچ (راست) مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں برادرانِ اسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب آلِ رسولؐ سادات کرام کی مالی اِمداد فرمائیں وہ مالی اِمداد کے زیادہ مستحق ہیں اور اُن کی مدد اللہ اور اُسکے رسولؐ کی خوشنودی کا باعث ہے۔ واضح باد کہ دُرِّ مختار اور دوسری کتابوں کے حوالہ سے یہ فتویٰ چلے آرہا ہے کے ’’ سادات کو زکوٰۃ نہ دی جائے‘‘ جبکہ سادات کو صرف صدقہ ہی نہیں دیا جاسکتا کیونکہ حضورؐ نے سادات کو صرف صدقہ ہی سے روکا ہے جیسا کہ حدیثِ نبویؐ صحیح مسلم میں اِنَّ ھذہِ الصدقات اِنَّما ھِی اَو سَاخٍ النّاسِ واِنّہا لَا تحل لمحمد وَلا آلِ محمد ﷺ کے الفاظ آئے ہیں ’’ یہ صدقات لوگوں کے میل ہیں اور یہ محمد صلعم اور آلِ محمد ﷺ پر حرام ہیں‘‘ جبکہ زکوٰۃ کے معنی برکت پانا، پاک ہونا اور افزونی کے ہیںیہی وجہ ہے کہ حضورؐ نے’’ روزہؔ کو جسم کی زکوٰۃ فرمایاہے ‘‘ کیا روزہؔ ناپاک ہو جائیگا کیا سادات روزہ ؔنہ رکھیں؟ اِس سلسلہ میں سلف صالحین کے اقوال سے دو گنجائش نکلتی ہے بہ حوالہ حدیث صحیح دیلمی ایک یہ کہ حضرت عبد اللہ بن عباسؓ کے نزدیک سادات سادات کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں دوسرے (بحوالہ ردّالمختار ۲۹۹؍۳) حضرت اِمام اعظم ابو حنیفہؓ کا قول ہے کہ اگر سادات کے لئے بیت المال کی مخصوص مدباقی نہ رہے تو ان کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے اِسکے علاوہ حضرت اِمام طحاویؓ نے بھی یہ فتویٰ دیا ہے کہ ’’ جب تک مالِ غنیمت اہلِ بیت کو ملتا رہا زکوٰۃ اُن کے لئے واجب نہیں تھی مگر جب مالِ غنیمت مسدود ہوگیاتو زکوٰۃ ان کے لئے جائز ہو گئی پس مندرجہ صدر مستند حوالاجات کی روشنی میں ہمارے لئے ہمارے مسلک کے امام حضرت اِمام اعظم ابو حنیفہؓ کا قول اور حضرت اِمام طحاویؓ کا فتویٰ اور فتاویٰ عالمگیری اور فتاویٰ تاتار خانیہ جلد ۲ صفحہ ۲۷۴ کی روشنی میںسادات کو زکوٰۃ بطور نذرانہ دینا جائزہے۔اسی طرح جامعہ نظامیہ کے سابق امیرجامعہ نظامیہ حضرت سیّد رشید پاشاہ قادری ؒ نے بھی مستند دلائل کے ساتھ کتاب جلالۃ العلم کے صفحہ327میںسادات کو زکوٰۃ دینا جائز قرار دیا۔دنیائے اسلام کی قدیم اور مشہور جامعہ جامعہ ازہرؔ مصر نے بھی بتاریخ 21مئی 2019ء حضرت امام اعظم ابوحنیفہ ؓ کے قول کے مطابق یہ فتویٰ دیا کہ”سادات کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے”۔حسب مذکور حوالوں کے بشمول سورہ توبہ کی حسب ذیل آیت سادات کو زکوٰۃ لینے کی اجازت دیتی ہے خُذْ مِنْ اَمْوَالِھِمْ صَدَقَۃً تُطَھِّرُھُمْ وَتُزَکِّیْھِمْ بِھَا۔اے نبیؐ!اُن کے مال اور دولت میں سے ایک حصہ بطور صدقہ(نذرانہ) لے لو، جس سے تم اُن کو (ظاہر میں بھی )پاک اور(باطن میں بھی)پاکیزہ کردوگے۔

تراویح ادا کرنے والے بیرونی طلبہ پر گجرات میں حملہ افسوسناک
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر سلیم انجینئر کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجنیئر نے گجرات یونیورسٹی ہاسٹل میں نماز اداکرنے والے بیرونی طلبہ پر اشرار کے حملہ کی مذمت کی ہے ۔ پروفیسر سلیم انجنیئر نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند گجرات یونیورسٹی کیمپس میں ہفتہ کی رات پیش آئے واقعہ کی سختی سے مذمت کرتی ہے، جہاں بیرونی طلبہ پر اشرار نے اس وقت حملہ کیا جب وہ نماز تراویح ادا کر رہے تھے ، اطلاعات کے مطابق 5 طلبہ حملہ میں زخمی ہوئے جن میں سے 2 کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ بیرونی طلبہ ہاسٹل انتظامیہ کی اجازت سے نماز ادا کر رہے تھے۔ بعض بیرونی اشرار نے کیمپس میں داخل ہوکر نہ صرف طلبہ سے بدتمیزی کی بلکہ سنگباری کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی ۔ حیرت اس بات پر ہے کہ پولیس نے بروقت کارروائی نہیں کی اور اشرار کو یونیورسٹی کیمپس میں آتشزنی کا موقع فراہم کیا۔ پولیس کی نااہلی اور عدم کارروائی کی جانچ کرتے ہوئے خاطی عہدیداروں کو سزا دی ۔ پروفیسر سلیم انجنیئر نے کہا کہ کیمپس میں اشرار کو داخلہ کی اجازت دینا خود پولیس کی نااہلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طلبہ پر حملہ کا واقعہ دراصل ملک کی رواداری اور تمام مذاہب کے احترام کی روایات کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی نے اس معاملہ کی تفصیلی جانچ اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ گجرات حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بیرونی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنائے اور انہیں عبادت کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ کئی برسوں سے مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت کی مہم کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ 1

اعتکاف قرب الہٰی اور رضائے
الہی کا ذریعہ :مفتیہ رضوانہ زرین
حیدرآباد /18 مارچ ( راست ) مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے ا نڈیا فنکشن ہال رین بازار میں منعقدہ جلسہ فضائل رمضان برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعتکاف قرب الہی کا ذریعہ ہے۔ اعتکاف ایسی عبادت ہے کہ معتکف اگر مسجد میں خالی بھی بیٹھا رہے پھر بھی عبادت گذاروں میں شمار ہوتا ہے اور معتکف کا کوئی لمحہ ضائع نہیں ہوتا اور مسجد میں بیٹھے بٹھائے اسے بے شمار اعمال صالحہ کا ثواب مل جاتا ہے ۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ آنحضرت ؐ کا یہ ارشاد نقل فرماتے ہیں کہ معتکف گناہوں سے محفوظ رہتا ہے اور اسے ان تمام نیکیوں کا جنہیں وہ اعتکاف کے سبب انجام نہیں دے سکتا اتنا ہی بدلا عطا کیا جاتا ہے۔ جتنا نیکیاں کرنے والے کو ملتا ہے ۔ عورت اگر اعتکاف کرنا چاہے تو وہ اپنے گھر کے کسی کمرہ کو جائے اعتکاف بناسکتی ہے اور وہی کمرہ اس کیلئے مسجد کا حکم رکھے گا۔ حضرت عائشہ فرماتی ہیں حضور ؐ رمضان کے آخری عشرہ کا خاص اہتمام فرماتے تھے اور دنیا سے پردہ فرمانے تک آپ ؐ کا معمول یہی رہا ۔ آپ ؐ کے بعد آپ ؐ کے ازواج مطہرات اہتمام سے اعتکاف کرتیں ۔ (بخاری شریف ) ۔
مرکزی جلسہ یوم القرآن
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( راست ) مفتی عبدالواسع احمد صوفی صدر سٹی سنی علماء بورڈ نے بتایا کہ کُل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام جلسہ یوم القرآن 22 مارچ کو بعد نماز جمعہ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا میراں سید شاہ نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ صدر نشین بورڈ کی زیر سرپرستی، مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری صدر بورڈ کی صدارت میں مقرر ہے۔ مفتی محمد مستان علی قادری ، مفتی محمد شکر رضا مصباحی، مولانا صلاح الدین قادری، الحاج محمد معیز بابو چودھری، مولانا سید شاہ خضر پاشاہ قادری چشتی ، قاضی شمس الدین فاروقی شرکت و مخاطب کریں گے۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد مصعب پاشاہ دانش کی قر￿ت، قاضی عظمت اللہ جعفری، حافظ شیخ جعفر کی نعت شریف سے ہوگا۔
جلسہ فضائل و مناقبت
سید تنا خدیجۃ الکبریٰ
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( راست ) کُل جلسہ فضائل و مناقب ام المومنین سیدتنا خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا زیر صدارت مولانامفتی پیر غلام احمد قریشی مجددی 10 رمضان المبارک بروز جمعرات بعد نماز عصر مسجد حضرت ابوالحسنات سی بلاک حافظ بابا نگر میں مقرر ہے۔