مذہبی خبریں

   

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : مسجد اسلامیہ ویلفیر کمیٹی کے زیر اہتمام ہر ہفتہ مغرب تا عشاء مسجد اسلامیہ ، مونڈا مارکٹ سکندرآباد میں درس قرآن مجید مقرر ہے ۔ مولانا محمد شعیب احمد قادری سورہ یوسف کی تفسیر بیان کریں گے ۔۔
٭٭ مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ کے زیر اہتمام محفل درس قرآن مجید و تفسیر زیر نگرانی مولانا ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری جامع مسجد ابراہیمی باغ رنگ روڈ بروز شنبہ بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ محفل کا آغاز قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوگا ۔ بعد ازاں مولانا شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری درس قرآن مجید دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے ۔ محفل کا اختتام سلام بحضور سرور کونینؐ پر ہوگا ۔۔

یاد انصارؒ کا طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : الانصار فاونڈیشن کے زیر اہتمام مولانا قاضی محمد انصار علی قریشی جاوید قادری سابق استاذ جامعہ نظامیہ و جامعہ باقیات صالحات ویلور ، تمل ناڈو کی فاتحہ کے ضمن میں طرحی نعتیہ مشاعرہ بطرح ’ یا نبی انصار کی وابستگی ہے آپ سے ‘ 2 اکٹوبر بعد نماز عشاء ایوان قاضی اسد ثنائی جمال کالونی ، ریاست نگر منعقد ہوگا ۔ مولانا سید شاہ محمد رفیع الدین قادری شرفی نگرانی کریں گے ۔ مولانا قاضی ابواللیث شاہ محمد غضنفر علی قریشی اسد ثنائی ، خیر مقدمی تقریر کریں گے ۔ مسرز ڈاکٹر سردار سلیم ، شاعر خلیج جناب جلیل نظامی ، جناب انور سلیم ، جناب اکبر خاں اکبر اور قاری انیس احمد قادری مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ مدعو شعرائے کرام طرحی نعتیہ کلام سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ قبل ازیں بعد نماز ظہر محفل قرآن خوانی 3-30 بجے دوپہر محفل قصیدہ بردہ بعد نماز عصر پیشکشی غلاف و چادر گل برمزار حضرت انصار واقع درگاہ حضرت میر شجاع الدین ؒ عیدی بازار ۔ محمد انور علی قریشی ، محمد تراب علی قریشی ، محمد فضیلت علی قریشی مہمانوں کا استقبال کریںگے ۔۔

اسلامی کردار اور سیرت سے وابستگی میں ہی مسلمانوں کی عظمت و سربلندی
جنرل سکریٹری کل ہند معاشرہ بچاؤ تحریک مولانا سرفراز احمد قاسمی کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : اس وقت مغربی اور اسلام دشمن طاقتوں میں بڑی تشویش پائی جارہی ہے اور اسلامی بیداری کو روکنے کے لیے بڑی فکر اور توجہ پیدا ہوگئی ہے اس کو دبانے اور کچلنے کے لیے جگہ جگہ ظلم و بربریت ، سخت گیری اور ذرائع ابلاغ کے ذریعہ اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ بگاڑنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ۔ مسلمانوں کے پاس زندہ اور تابندہ آسمانی کتاب کے علاوہ محفوظ و رہنمائی کرنے والی مذہبی تعلیمات موجود ہیں ۔ کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ ؐ کی رہنمائی میں عہد اول کی مثالوں پر عمل کیا جائے تو معاشرے میں غیر معمولی تغیر پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ جیسا کہ ظہور اسلام کے بعد اوائل اسلام میں لایا گیا تھا ۔ عرب کے مسلمان ترقی کر کے آٹھویں صدی عیسوی اور چودھویں صدی عیسوی کے درمیان کئی ایک مراحل پر فائق ہوگئے تھے ۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا سرفراز احمد ملی قاسمی جنرل سکریٹری کل ہند معاشرہ بچاؤ تحریک و چیرمین معہد ملت ایجوکیشنل ٹرسٹ حیدرآباد نے اپنے ایک بیان میں کے دوران کیا اور کہا کہ مسلمانوں کے دینی و اسلامی جوش کو اسلام دشمن طاقتوں کے مکارانہ استحصال سے بچایا جائے اور مغربی حکمرانوں کو جن وسائل پر زیادہ قدرت اور دسترس حاصل ہے ۔ اس میں ایک عسکری اور دوسرے اقتصادی وسائل ہیں ان دونوں چیزوں پر قابو پانا مسلم حکومتوں کا کام ہے ۔ مولانا علی میاں ندویؒ نے بھی ایک جگہ مسلمانوں کو خبردار رہنے اور ان چیزوں کو اپنانے کا مشورہ دیا ہے ایک اور اہم بات یہ ہے کہ ہم کو اپنی انفرادی زندگی میں اسلامی کردار کو بحال کرنا ہوگا جو دوسروں پر اثر انداز ہونے اور معاملات کو صحیح رخ دینے میں اہم ترین کام انجام دیتا ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ مسلمانوں کی عظمت و سربلندی دراصل سیرت نبوی اور اسلامی کردار سے وابستہ ہے اس کے بغیر عزت و سربلندی حاصل نہیں ہوسکتی ۔۔

اجتماع جماعت اسلامی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : اجتماع عام جماعت اسلامی ہند خلوت 2 نومبر کو 9 بجے شب اسلامک سنٹر خلوت میں منعقد ہوگا ۔ جناب سید سلطان محی الدین ’محمد ﷺ قرآن کی روشنی میں ‘ پر خطاب کریں گے ۔۔

گولڈ میڈل نعتیہ مقابلہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : مجلس فیضان وجہہ تخلیق کائنات کے زیر اہتمام سالانہ گولڈ میڈل نعتیہ مقابلہ برائے طلباء ( لڑکے ) 16 نومبر کو صبح 10 بجے اور 17 نومبر کو 2 بجے دن آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی ؒ روبرو بس اسٹانڈ چارمینار ، پنچ محلہ مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا الحاج صوفی سید شاہ افتخار محی الدین قادری ابوالعلائی و صدر مجلس فیضان کریں گے ۔ مقابلے میں 15 سال سے کم عمر کے طلباء ( صرف لڑکے ) حصہ لے سکتے ہیں۔ جس کے لیے داخلہ فارمس بلا ہدیہ آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی ؒ پنچ محلہ ، چارمینار سے روزانہ صبح 11 تا 9 بجے شب حاصل کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9948960345 ۔ 7093049462 پر ربط کریں ۔۔

ماہ ربیع الاول کی فضیلت اور مسلمانوں کا عمل
مولانا حسام الدین ثانی عاقل کا بعد نماز جمعہ خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( دکن نیوز ) : آقائے نامدار حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کے ایک ایک پہلو پر مسلمان خود عمل کریں اور برادران وطن کو پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس لیے کہ اپ ؐ کو رحمت للعالمینؐ بناکر مبعوث کیا ۔ اس سے ہوگا کہ برادران وطن میں اسلام اور رسول کریم ؐ کی حیات طیبہ سے آگہی ہوگی وہیں جو نفرتیں پھیلی ہوئی ہیں دور ہوں گی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حسام الدین ثانی عاقل المعروف جعفر پاشاہ نے نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد دارالشفاء میں کیا ۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے ماہ ربیع الاول کی فضیلت اور اس بابت سے سرکار دو عالم ﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سرکار ؐکی سیرت کا مطالعہ اپنے گھر میں اور بال بچوں کو اس کے مطالعہ کا ذوق پیدا کریں یہ اچھا موقع ہے کہ ماہ ربیع الاول کے اس ماہ میں روزانہ گھروں میں سیرت کے واقعات کو سنانے کا نظم کریں وہیں برادران وطن میں آپ کی زندگی پر مبنی کتاب و کتابچہ کی تقسیم بھی عمل میں لائی جائے تو دیکھیں کہ اس سے مستقبل میں ثمر آور نتائج برآمد ہوں گے ۔۔

حمیدیہ میں آج چوتھی محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام 4 ربیع الاول 8 بجے تا 9-30 بجے صبح بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیﷺ کے سلسلہ کی چوتھی محفل منعقد ہوگی ۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی علی پاشاہ ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کے خطابات ہونگے بعد ازاں نگران محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک مخاطب کرینگے ۔ نعت خواں حضرات نعت شریف کے نذرانے پیش کرینگے ۔۔

جشن میلاد کے موقع پر غیر مسلم کو بزم رحمت عالم کا” انٹرنیشنل پیس ایوارڈ”
حیدرآباد۔یکم نومبر۔ (راست) بزم رحمت عالم کی جانب سے جشن میلاد النبی عالیشان پیمانہ پر منایا جارہا ہے ۔جس میں بزم نے ”رحمت عالم انٹرنیشنل پیس ایوارڈ2019 ”کی پیشکشی کا فیصلہ کیا ہے ۔بزم کا جلسہ میلاد النبی کا 10 نومبر اتوار کو مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں 11بجے دن منعقد ہوگا جس میں علمائے کرام اور مشائخین عظام کے علاوہ معززین شہر و دانشوروں کی موجودگی میں ایوارڈ کی پیشکشی عمل میں آئے گی۔بزم، اسلامی تعلیمات کو عام کرنے اور اسلام پیغام انسانیت کو فروغ دینے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والے غیر مسلم اصحاب کو یہ ایوارڈ عطا کرتی ہے ۔بزم کے صدرنشین جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے بتایا کہ جاریہ سال عالمی امن ایوارڈ مشہور و معروف عیسائی ادارہ ہنری مارٹن کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پاکیم ٹی سامیول کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

مسلمان اپنے مسائل کے لیے شرعی عدالتوں اور دارالقضاء سے رجوع ہوں
طلاق ثلاثہ قانون پر شعور بیداری کانفرنس سے سرکردہ اشخاص کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( فیاکس ) : مرکزی حکومت کی جانب سے طلاق ثلاثہ قانون کے نفاذ کے بعد مسلمانوں میں کافی اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔اس لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور دیگر علماء کی جانب سے اس سلسلہ میں پیش رفت کی جانی چاہئے تاکہ اس سیاہ قانون سے بچنے کے لیے مسلمانوں میں شعور بیداری کی جائے ۔ چنانچہ آل انڈیا صوفی علماء کونسل کی جانب سے حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں اس سلسلہ میں شعور بیداری کے پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اب اس خصوص میں آل انڈیا صوفی علماء کونسل کی جانب سے اردو مسکن خلوت میں ایک روزہ ’ طلاق ثلاثہ قانون پر شعور بیداری کانفرنس ‘ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس کی صدارت مولانا حکیم خیر الدین صوفی قادری صدر کونسل نے کی ۔ کانفرنس کو مولانا مفتی محمد صادق محی الدین فہیم ، ڈاکٹر آصف عمری ، مولانا محمد علی خاں ، ڈاکٹر قدوس نورانی اور اعجاز علی قریشی نے مخاطب کیا ۔ جب کہ ڈاکٹر محامد ہلال اعظمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ مولانا صادق محی الدین نے اپنے تفصیلی خطاب کے دوران اس مسئلہ کو انتہائی حساس مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ دانشمندی کا تقاضہ ہے کہ ہم طلاق ثلاثہ سے اجتناب کریں ۔ مولانا حکیم خیر الدین صوفی قادری نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس سیاہ قانون کے ذریعہ مسلم پرسنل لا بورڈ میں مداخلت کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے اس لیے مسلمان چوکس و چوکنا رہیں ۔ اپنے شرعی امور کے لیے صرف شرعی عدالتوں اور دارالقضاء سے رجوع ہوں ۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس نے مسلم لڑکے اور لڑکیوں کی شادی سے قبل شرعی امور اور دینی معلومات بہم پہونچانے کے لیے کونسلنگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ کانفرنس میں اس مسئلہ سے دلچسپی رکھنے والے اہل علم اصحاب اور درد مندان ملت کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ آخر میں ڈاکٹر عقیل احمد انصاری معتمد کونسل کے شکریہ پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

جشن آمد شاہ عرب ﷺ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام محفل نعت جشن آمد شاہ عربی ﷺ 2 نومبر بعد نماز عشاء نزد مسجد محبوب فاطمہ سلیمان نگر وادی میر محمود اولیاء ؒ پہاڑی میں زیر صدارت امیر تحریک مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگی ۔ محمد جاوید قادری ، محمد حسین قادری ، محمد خواجہ محی الدین قادری ، محمد عامر قادری ، محمد عبدالقدیر و دیگر ثنا خواں نعت اپنے مخصوص انداز میں پیش کریں گے ۔ اس کے علاوہ مہمانان خصوصی امیر تحریک اور نگران تحریک مولانا محمد فاروق رضا قادری کے خطابات ہوں گے ۔۔

حضور ؐ کی حیات طیبہ کا ہر پہلو قابل عمل: حافظ صابر پاشاہ قادری
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( راست ) : حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ یہ وہی مبارک مہینہ ہے جس میں دعائے خلیل ؐ رنگ لائی بشارت کلیم ؐ وجود میں آئی ۔ قرآن کا ارشاد ہے کہ تحقیق کہ تمہارے پاس اللہ کی جانب سے ایک نور اور ایک روشن کتاب آئی ہے ۔ جمہور مفسرین اس بات پر متفق ہیں کہ اس آیت میں نور سے مراد حضور پاک ﷺ کی ذات اقدس ہے ۔ آپ ؐ اولین خلقت ہیں چنانچہ ہر چیز آپؐ ہی کے نور سے پیدا کی گئی جیسا کہ روایات میں آیا ہے کہ خدائے تعالیٰ نے اپنے نور سے ایک اور نور کو وجود بخشا اور اس کے چار حصے کر کے ایک حصے سے عرش و کرسی ، لوح و قلم ، فرشتوں کو پیدا کیا ۔ دوسرے حصے سے زمینوں ، آسمانوں ، چاند ، سورج ستاروں کو پیدا کیا اور تیسرے حصے سے جنت و دوزخ اور کائنات کی تمام مخلوق کو پیدا کیا ۔ یہ اس ذات گرامی کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے اس سے پورا پورا فائدہ اٹھا کر آپ ؐ کی زندگی کے مختلف گوشوں کو معلوم کر کے آپ کے عاشق صادق بننے کی سعی کریں ۔ آپ کے بتائے ہوئے راستے کو اپنا کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔۔

محفل نعت شہ کونینؐ و زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔یکم ۔ نومبر (راست) متصل مسجد ماما رمضانی (بڑی مسجد) چھاؤنی ناد علی بیگ میں محفل نعت /2 نومبر بروز ہفتہ بعد عشاء مقرر ہے ۔ نگرانی الحاج سید احمد پاشاہ قادری کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی مولانا سید نعمت اللہ قادری ، مولانا سید عبدالمعز قادری شرفی ، مولانا سید رضوان پاشاہ قادری ، مولانا سید کلیم اللہ حسینی کاشف پاشاہ ، مولانا سید خواجہ محمد محمدالحسینی طلحہ پاشاہ نعت خواں ، قاری اسد اللہ شریف ، قاری فرحت اللہ شریف ، شعیب قادری ، ڈاکٹر ابو سعید میر اشفاق احمد ، عبدالرزاق قادری ، محمد شفیع اللہ خان قادری ، منور علی قادری کے علاوہ معروف ثناء خوان کلام سنائیں گے ۔
٭٭ خانقاہِ حضرت سید شاہ حسن قادری الجیلانی (حسن میاں ) نبیرہ حضرت سید شاہ جلال الدین جمال البحر معشوق ربانیؒ شہزادۂ حضور پیران پیر غوث الاعظم دستگیرؓ کی زیارت آثار مبارک /12 ربیع الاول بروز اتوار دوپہر 3 بجے تا رات 9 بجے شب گولی پورہ نزد مسجد شکور محمد درگاہ حضرت میر مومن نزد عقبی گیٹ مقرر ہے ۔
٭٭ زیارت موئے مبارک و محفل نعت بمکان حضرت سید شاہ قادر پاشاہ قادری الجیلانی واقع نزد مسجد الفلاح اولڈ ملک پیٹ میں /3 نومبر بروز اتوار بعد نماز ظہر زیارت موئے مبارک و محفل نعت مقرر ہے ۔ خواتین کیلئے بعد نماز عصر اہتمام رہے گا ۔

جشن میلادالنبی ﷺ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (راست) جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں /2 نومبر /4 ربیع الاول بروز ہفتہ 5 بجے عصر تا مغرب جشن میلادالنبی ﷺ کی چوتھی محفل مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المومنات کی صدارت میں مقرر ہے ۔ محفل کا آغاز قاریہ حافظہ صباء زرین رومانہ کی قرأت ، قاریہ ثریدہ عزرین کی نعت شریف سے ہوگا ، نظامت کے فرائض مفتیہ تنویر سلطانہ انجام دیں گے ۔ خصوصی خطاب مفتیہ ناظمہ عزیز بعنوان ’’فضائل والدین سیدالکونین ﷺ‘‘ ہوگا ۔

جشن میلادالنبی ﷺ
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (راست) انجمن اصلاح البنین تنظیم طلبہ کلیۃ البنین کے زیراہتمام /2 نومبر 4 ربیع الاول بروز ہفتہ جشن میلادالنبی ﷺ کی چوتھی محفل 12 بجے دن تا قبل ظہر کلیۃ البنین مغلپورہ مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعۃ المؤمنات کی صدارت میں مقرر ہے ۔ محفل کاآغاز طلبہ کلیۃ البنین کی قرأت و نعت سے ہوگا ۔ خصوصی خطاب شیخ عابد علی صابری بعنوان : ’’عظمت مصطفی ﷺ ‘‘ حافظ مرزا بیگ بعنوان : ’’حضور ﷺ کی مدنی زندگی ‘‘ ہوگا ۔

جشن میلادالنبی ﷺ کانفرنس
٭٭ ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام 12 روزہ جشن میلادالنبی ﷺ کانفرنس کا اجلاس /2 نومبر بروز ہفتہ مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ ، شکر گنج میں مقرر ہے ۔ مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی نگرانی کریں گے اور مولانا محمد حسیب الدین نقشبندی منزل ، صدر تنظیم احیاء تصوف کا بعنوان خلق عظیم خطاب ہوگا ۔ حافظ سید عبدالقادر کی قرأت اور فاروق پاشاہ کی نعت سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔
٭٭ جشن میلادالنبی ﷺ پہاڑی شریف بابا شرف الدینؒ بس اسٹینڈ میں /2 نومبر بروز ہفتہ مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی قادری کی صدارت اور ڈاکٹر مولانا سید شاہ عبدالصمد شرفی قادری کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ نظامت کے فرائض محمد پاشاہ قریشی ادا کرینگے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید تنویر ہاشمی بیجاپور ، مولانا محمد قادری پاشاہ قادری مخاطب کریں گے ۔
٭٭ خانقاہ شمس العارفین کشن باغ میں جشن عیدمیلادالنبی ﷺ /3 نومبر بعد نماز عشاء زیر سرپرستی مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعۃ نظامیہ ، و مولانا ڈاکٹر مفتی سیف شاہ عبدالرزاق ، مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالصمد کی صدارت میں منعقد ہے ۔ اس جلسہ میں مولانا قاضی محمد عبدالقوی شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ ، مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعیز شرفی قادری ، مولانا سید غوری استاذ جامعہ نظامیہ ، مولانا خواجہ سیف اللہ سلیمانی سہروردی مخاطب کریں گے ۔ اختتام آثار مبارکہ کی زیارت کروائی جائے گی ۔
٭٭ مرکزی بزم میلادالنبی کے زیراہتمام جشن آمد رسول کا /2 نومبر بروز ہفتہ بعد نماز مغرب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں مقرر ہے ۔ قاری ماسٹر محمد عثمان ہارونی کی قرأت کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوگا ۔ محمد احمد علی شرفی قادری ، خواجہ عبدالرحیم صدیقی کی نعت شریف کے بعد سید شاہ احمد علی تابی شرفی کا خطبہ استقبالیہ ہوگا ۔ بعد ازاں معزز مہمان حافظ و قاری ڈاکٹر شیخ احمد محی الدین قادری شرفی کے خطابات ہوں گے ۔
٭٭ مفتی عبدالواسع احمد صوفی نے اپنے پریس نوٹ میں بتایا کہ بضمن عظمت مصطفیٰ کانفرنس /2 نومبر بروز ہفتہ جامع مسجد کلیۃ البنین مغلپورہ بعد نماز مغرب جناب محمد معیز چودھری صدر استقبالیہ کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی ، مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المومنات ، جناب وحید احمد ایڈوکیٹ رکن وقف بورڈ ، ڈاکٹر سراج الرحمن نقشبندی ، ڈاکٹر ذاکر حسین نقشبندی ، ڈاکٹر یوسف الدین بغدادی ، مفتی حافظ محمد غوث قادری ، مولوی عابد صابری ، حافظ محمد عمران ،حافظ محمد جعفر شرکت و مخاطب کریں گے ۔
٭٭ اتوار /3 نومبر بعد نماز ظہر جامع مسجد اعظم پورہ میں مرکزی جشن میلاد مصطفی ﷺ زیراہتمام کل ہند جمعیۃ المشائخ و زیرصدارت علامہ قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری صدر کل ہند جمعیۃ المشائخ مقرر ہے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد ، شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا قاری شاہ محمد مسعود احمد رضوی القادری کی تلاوت کلام پاک کے بعد جناب منیرالدین صوفیانی ، جناب وحید الرحمن عثمانی ، محمد نذر صوفیانی نعت پیش کریں گے ۔ مولانا محمد فصیح الدین نظامی ، مولانا ڈاکٹر حافظ سید شاہ مرتضی علی صوفی حیدر قادری ، مولانا سید شاہ مصطفیٰ سعید قادری شریک معتمد جمعیۃ کے خطابات ہوں گے ۔ انتظامات کی نگرانی جناب انور بیگ صدر انتظامی کمیٹی مسجد ہذا کریں گے ۔
٭٭ جامع مسجد زعل سیف سعید عیدی بازار بند ناکہ میں /2 نومبر بروز ہفتہ بعد مغرب چوتھی محفل میلادالنبی ﷺ منعقد ہے ۔ محفل کا آغاز حافظ و قاری محمد عامر مصطفے کی قرأت سے ہوگا ۔ حافظ محمد فیضان حافظ میر صمد علی نعت شریف سنائیں گے۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری صیفی سیرت النبی ﷺ پر خطاب کریں گے ۔

جشن ظہورنورؐ
٭٭ جلسہ جشن ظہور نورؐ اتوار /3 نومبر بعد نماز مغرب اسلامیہ مسجد روبرو مونڈا مارکٹ سکندرآباد زیرسرپرستی نبیرہ حضور سیدنا غوث اعظم قطب المشائخ مولانا الحاج سید محمد عارف الدین جیلانی المعروف سید نوری اللہ شاہ نور چشتی القادری بانی جامعہ عارفیہ و جنرل ہاسپٹل زیرصدارت سید احمد محی الدین جیلانی المعروف سید نوری شاہ زیرصدارت سید احمد محی الدین جیلانی المعروف سید نوری شاہ ثانی جانشین سلسلہ عارفیہ نوریہ امیر جامعہ عارفیہ ، مولانا الحاج محمد عبدالقادر نوری چشتی القادری اور مولانا شعیب احمد قادری امام مسجد اسلامیہ مونڈا مارکٹ کے جشن ظہور نور کے عنوان پر خطابات ہوں گے ۔

یوم شہادت سیدنا امام حسن مجتبیٰ
٭٭ نواسہ رسول سید امام حسن مجتبی کی یوم شہادت /5 ربیع الاول کے موقع پر مرکزی انجمن سیف الاسلام کے زیراہتمام جلسہ دارالعلوم سیف الاسلام مسجد تیغ جنگ خلوت پیالس روڈ /3 نومبر یکشنبہ بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ مولانا ابوعمار عرفان اللہ شاہ نوری صدارت کریں گے ۔ مولانا حافظ غلام خواجہ سیف اللہ مسلمان سہروردی کے علاوہ دیگر حضرات مخاطب کریں گے ۔ قرأت و نعت و منقبت پیش کریں گے اور بعد نماز عصر جامع مسجد چار چمن جہاں نما میں مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری تذکرہ سیدنا امام حسن بیان کریں گے ۔

جنگ بدر تاریخ اسلام کا اہم واقعہ
صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک کا خطاب
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( پریس نوٹ ) جشن رحمت اللعالمینؐ تحریک مسلم شبان کے ضمن میں صدر دفتر شبان اعظم پورہ میں تاریخ اسلام کی پہلی جنگ ’’ بدر ‘‘ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی زیر نگرانی منعقد ہوئی۔ صدارتی خطاب میں صدر تحریک نے کہاکہ جنگ بدر اسلامی تاریخ کا پہلا اقدامی مرحلہ تھا اس معرکہ اقدام ، تجارت، تعلیم، قیدیوں سے حسن سلوک کے کئی باب قیامت تک انسانیت کے لئے پیش کئے اور صبر کے جذبہ کی تعلیم آپؐ دیئے۔ اللہ پر توکل رسولؐ سے محبت مومن کا ہتھیار ہوتا ہے۔ تحریک مسلم شبان نے ماہ ربیع الاول میں تاریخ اسلام کے اہم واقعات اور سیرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں کو بالخصوص نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے شہر کی مساجد، صدر دفتر شبان اور مختلف محلوں میں ایک پروگرام مرتب کیا ہے۔ ابتداء کل بعد نماز عشاء صدر دفتر پر منعقدہ اجلاس عام سے ہوئی۔ مولانا خالد علی خاں قادری نے میلاد رسولؐ سے قبل معجزات اور پھر اصحاب نبی کریمؐ کی رسول اللہ سے محبت پر خطاب کیا۔ مولانا مفتی منظور احمد نے قرآن اور حدیث کے حوالوں سے بدر کی اہمیت سے واقف کروایا۔ ابتداء میں حافظ خالد علی قادری کی قرأت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک کی دعاء پر اختتام عمل میں آیا۔