مذہبی خبریں

   

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت شاہ سید محمد اسرار اللہ حسینی المعروف حضرت سید محمد امام علی شاہ نقشبندی قادری چشتی حنفی البغدادی واقع متصل مسجد ٹیک نامپلی کا عرس شریف 30 جنوری کو مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر سجادہ نشین مراسم عرس انجام دیں گے ۔ صندل مہدی پٹنم سے برآمد ہو کر درگاہ حضرت یوسفینؒ پہنچ کر بعد نماز عصر درگاہ شریف مسجد بغدادی ٹیک نامپلی پہنچے گا ۔ صندل مالی حلقہ ذکر قادریہ ، قرآن خوانی ، تلاوت دلائل الخیرات ( مجموعہ درود شریف ) ہوگی ۔ مولانا شاہ سید محمد اسد اللہ حسینی اسراری نقشبندی قادری چشتی حنفی نگرانی کریں گے ۔ بعد نماز مغرب مہدی پٹنم پر فاتحہ ، نعت شریف ، ذکر ، قصیدہ بردہ شریف ہوگی ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری ، مولانا سید شوکت علی شاہ قادری ، جناب سید احسن علی شاہ قادری مہمان خصوص ہوں گے ۔۔

محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ حضرت الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری بروز جمعرات بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں مولانا محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

خواتین کا تاریخ عالم کا سب سے بڑا احتجاج
کامیابی کیلئے سورہ فیل اور دعائے حزب الجر کا اہتمام کرنے کا مشورہ : پروفیسر تنویر الدین خدانمائی کا بیان
حیدرآباد /29 جنوری ( پریس نوٹ ) مظلوموں ، محروموں اور کمزوروں کی آواز کو فریاد اور ان کی فریاد کو سننا اور ان کے دکھ درد کا مداوا کرنے کو ہمدردی اور انسانیت کہا جاتا ہے جہاں یہ علامتیں پائی جائیں وہ سماج امن اور بھائی چارہ کا علمبردار کہلاتا ہے ۔ ہمارے ملک میں قانون شہریت سی اے اے اور اس سے جڑے ہوئے دیگر قوانین کی زد میں آنے والے کمزور ، محروم اور مظلوم عوام کی آواز فریاد ہے ۔ آج کل فریاد کو احتجاج کہا جارہا ہے ۔ جو کچھ ہو ان کی فریاد رسی کرنا قانون اور انصاف رساں اداروں کا کام ہے لیکن بدقسمتی سے ظالمانہ قوانین اور عدل و انصاف سے عاری فیصلوں نے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے ۔ دہلی میں شاہین باغ سے اٹھنے والی مظلوموں اور کچلے ہوئے محروموں کی آواز دنیا بھر میں پہونچ چکی ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید تنویر الدین خدانمائی ڈائرکٹر مدرسہ صوفیہ و سابق صدر شعبہ فارسی عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ مسلم خواتین کی جانب سے شروع کردہ یہ احتجاج تاریخ عالم کا سب سے بڑا پہلا احتجاج ہے ۔ جہاں خواتین دیڑھ ماہ سے دہلی کی خون جمادینے والی سردی میں اپنے حق شہریت اور ملک کی جمہوریت کیلئے ظلم سے آزادی کی علامت بن گئی ہیں ۔ بلالحاظ مذہب و ملت عوام اس کا حصہ بن گئے ہیں ۔ پروفیسر تنویر الدین خدانمائی نے عامتہ المسلمین اور خاص طور پر اہل خانقاہ سے اپیل کی ہے کہ مسلمانوں کے ایمان ، جان ، مال ، عزت ، آبرو ، املاک یعنی پراپرٹیوں اور آثار اسلامی کی حفاظت کے بلاتاخیر اپنے بزرگوں کے مجربات کے ذریعہ اور خصوصاً حضرت شیخ ابوالحسن شادلیؒ کی دعائے حزب البحر کا احترام کریں ۔ عورتوں کی عصمتوں ، عزتوں کی حفاظت اور ملک کی معصوم بھولی بھالی مسلم اور غیر مسلم عوام کی شہریت کی حفاظت کیلئے اور ظلم اور ظالمانہ قوانین سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر اور نیشنل سیکوریٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے خاتمہ کیلئے ایک ہزار بار اجتماعی طور پر سورہ فیل کی تلاوت کرکے دعاء کریں ۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی الحاج خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

خواتین کانفرنس کے بضمن اجتماع برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : جامعتہ المومنات کی دو روزہ کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن تعارفی اجتماع برائے خواتین 30 جنوری کو حافظہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ محمد اکبر نزد میر عالم منڈی میں 3 بجے دن عالمہ انجم فردوس ، حافظ رمیصاء افشین ، بمکان محمد مبشر احمد نزد سٹی کالج میں 2 بجے دن ، مفتیہ حافظہ عائشہ سمیہ ، عالمہ نشاط ترنم ، بمکان محمد جعفر علی سلطان شاہی میں 4 بجے دن مفتیہ عاتکہ طیبہ ، عالمہ ادیبہ آفرین مخاطب کریں گیں ۔۔

بزم نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : بزم علم و ادب کے زیر اہتمام بروز جمعرات 30 جنوری کو 6-30 بجے شام نعتیہ مشاعرہ مسدوسی ہاوز مغل پورہ میں منعقد ہوگا ۔ صدر نشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی نگرانی کریں گے ۔ سید شاہ محمد زین العابدین مہمان خصوصی ہوں گے ۔ صدر بزم ڈاکٹر نادر المسدوسی خیر مقدمی خطاب کریں گے ۔ قاری محمد انیس احمد قادری کی قرات ہوگی ۔ شعراء کامل حیدرآبادی ، یوسف روش ، سردار سلیم ، اسلم فرشوری ، طاہر گلشن آبادی ، ڈاکٹر نادر المسدوسی ، اکبر خاں ، فاروق ظہیر ، ظفر فاروقی ، زعیم ذومرہ ، ولی محمد زاہد ہریانوی ، فرید سحر ، افتخار عابد ، ڈاکٹر فرید الدین صادق ، نور الدین امیر ، حامد رضوی ، ثنا اللہ انصاری ، ڈاکٹر نعیم سلیم ، علی بابا درپن ، سہیل عظیم ، طاہر رومانی ، جہانگیر قیاس ، ظہور ظہیر آبادی اور تشکیل انور رزاقی کلام سنائیں گے ۔ محمد الیاس قریشی اور محمد معین الدین خاں مہمانان اعزازی ہوں گے ۔ سہیل عظیم نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔

ملک کی ترقی میں اسلاف کی قربانیاں : حافظ محمد صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے تنظیم فروغ لسانیات کے دفتر بنجارہ ہلز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ترقی اور انگریزوں سے ملک کو آزاد کروانے میں ہمارے اسلاف نے غیر معمولی قربانیاں دیں ۔ سب سے پہلا شخص جس کو اس خطرہ کا احساس ہوا وہ میسورو کا غیور فرماں روا فتح علی خان ٹیپو سلطان تھا جس نے اپنی بالغ نظری اور غیر معمولی ذہانت سے یہ بات محسوس کرلی تھی کہ انگریز اسی طرح ایک ایک صوبہ اور ایک ایک ریاست ہضم کرتے رہیں گے اور اگر کوئی منظم طاقت ان کے مقابلہ پر نہ آئی تو پورا ملک ان کا لقمہ تر بن جائے گا ۔ انہوں نے انگریزوں سے جنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے پورے ساز و سامان ، وسائل اور فوجی تیاریوں کے ساتھ مقابلہ میں آگئے ۔ ڈاکٹر عاصم ریشماں نے کہا کہ ہندوستان میں اسلام کی حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ نے چند شخصیات کو پیدا کیا اور ان سے ہندوستان کی بقاء و ترقی کے لیے کام لیا۔۔

کتاب آسان درس قرآن مجید منظر عام پر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : آسان درس قرآن اول ، دوم طویل وقفہ کے بعد چھپ کر آگئی ہے ۔ جو ہر مسلم گھرانے ہر مسجد اور ہر دینی اجتماع کی ضرورت ہے ۔ ھدی ڈسٹری بیوٹر ، پرانی حویلی ، دکن ٹریڈرس چارمینار ، سب ڈپو مرکزی مکتبہ اسلامی چھتہ بازار ، عکاظ کتاب گھر مہدی پٹنم سے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔