مذہبی خبریں

   

خواتین کیلئے مفت تجوید قرآن ، نکاح کی
اہمیت ، طب نبویؐ پر مختصر مدتی کورسیس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے تجوید قرآن ، نکاح کی اہمیت ، طب نبویؐ پر مختصر مدتی کورسیس کا 10 فروری سے آغاز ہوگا ۔ دو ماہ تک جاری رہنے والے یہ کورسیس الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ مہدی پٹنم پر پیر تا جمعرات 10-30 بجے دن تا دوپہر 2 بجے چلائے جائیں گے ۔ جس کا مقصد خواتین لڑکیوں کو نہ صرف دینی تعلیم دینا ہے بلکہ نکاح اور شادی کے بعد کی زندگی کے تمام مرحلوں میں کامیابی کے لیے تعلیم و ترغیب دینا بھی ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 91-9701236367 ۔ 91-9885204229 پر ربط کریں ۔۔

محفل نعت و حلقۂ ذکر
حیدرآباد ۔5 فبروری ۔( راست ) الحاج سعید بن عبداﷲ القرموشی المعروف بہ قربی شاہ محوی نوری کے بموجب محفل نعت و حلقۂ ذکر کا 11 جمادی الثانی بروز جمعرات بعد نماز عشاء شمس منزل ایرہ کنٹہ مقرر ہے ۔ محفل کا آغاز حمدباری تعالیٰ و نعت شہہ کونین ﷺ سے ہوگا ۔ مولانا عبدالرحیم بن احمد القرموشی المعروف بہ محبی شاہ خلیفہ سلسلہ عارفیہ نوریہ خصوصی خطاب کریں گے ۔

آیت ِ ہدایت ناسخ و منسوخ
حضورﷺ وجہ ہدایت ، مولاناغوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد۔5فبروری(راست)صدر آل انڈیا مسلم کانفرنس مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمانوں کے لئے یہ لازم ہے کہ جہاں قرآن پڑھ رہے ہیں اس کے معنی اور مفہوم کو بھی سمجھا کریں اور مقررین کے لئے لازم ہے کہ وہ آیاتِ ناسخ اور منسوخ سے بھی واقف رہیں سورئہ قصص کی آیت نمبر ۵۶ اِنَک لا تَھْدِیْ (یعنی آپ کسی کو ہدایت نہیں دے سکتے )یقینا آنحضورؐ وجـہ ہدایت ہیں اس کا ثبوت قرآن کی آیت ِ ناسخ سورہ شوریٰ کی آیت نمبر ۵۲ میں ’’ و اِنک لَتَھْدِیٓ إلی صراط مستقیم ‘‘ یعنی ’’ائے میرے محبوب محمد مصطفی ﷺ بیشک آپ لوگوں کو سیدھے راستے کی طرف ہدایت دیتے ہیں ‘‘ پس معلوم ہوا کہ آپ وجـہ ہدایت ہیں اور یہ آیت ناسخ ہوئی اور وہ سورئہ قصص کی آیت اس آیت کے نازل ہونے کے بعد منسوخ ہوئی برادرانِ اسلام اس آیت کا واضح ثبوت یہ ہے کہ حضورؐ نے حضرت سیدنا عمر ؓ کی ہدایت کے لئے دعا کی وہ ایمان لے آئے حضورؐ نے حضرت ابوہریرہ ؓ کی خواہش پر ان کی والدہ کیلئے ہدایت کی دعا کی ، وہ ایمان لے آئیں ۔ حضرت ابوہریرہ ؓ نے حضورؐ سے خواہش کی کہ ان کی ماں کی طرح ان کی قوم کے لئے بھی ہدایت کی دعا فرمائے تب حضورؐ نے دعا کی اللھم اھد دُوسْ وَات بھم ائے اللہ اس کی قوم دوس ؔکو ہدایت دیکر انہیں میرے پاس لے آئیے ، چنانچہ حضرت ابوہریرہ ؓ کا سارا قبیلہ حضورؐ کے پاس آکر اسلام قبول کیا ایسی سینکڑوں باتیں آپؐ کی وجـہ ہدایت ہونے پر گواہ ہے برادرانِ اسلام آنحضورؐ کو وجـہ ہدایت سمجھے اور آپ ؐ کی محبت کو اپنے اوپر لازم کرلیں ۔

بانی تنظیم سید خلیل اللہ حسینی کی خدمات کو خراج
سالانہ فاتحہ ، چادر گل کی پیشکشی ، صدر تنظیم و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : بانی کل ہند مجلس تعمیر ملت مولوی سید خلیل اللہ حسینیؒ کی سالانہ فاتحہ کل مسجد یکمینار نامپلی میں ادا کی گئی ۔ اس موقع پر تعمیر ملت کے عہدیداروں اور اراکین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ بوقت عصر مسجد میں ختم قرآن اور فاتحہ حوانی کی مجلس ہوئی ۔ بعد ازاں صدر تنظیم جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نے مزار ممدوح پر چادر گل پیش کیا اور مرحوم قائد کی خدمات کو خراج پیش کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ملت میں شعور بیدار کرنے اور نوجوانوں میں عزم و حوصلہ پیدا کرنے کے لیے بانی تنظیم نے زبردست رول اداکیا جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت ایک مذہبی تعلیمی فلاحی اور سماجی تنظیم ہے 1950 میں بزم احباب کا قیام عمل میں آیا ۔ 1954 میں یہ تعمیر ملت سے موسوم ہوئی ۔ بانی و صدر سید خلیل اللہ حسینی اعلیٰ اقدار و کردار کے حامل مصلح قوم اور ماہر تعلیم تھے ۔ مرحوم قائد کے ایصال ثواب کے لیے تنظیم کی جانب سے ہر سال تلاوت قرآن مجید و چادر گل کی پیشکشی کا اہتمام کیا جاتا ہے اور مرحوم قائد کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کیا جاتا ہے ۔ اس موقعہ پر نائب صدر تنظیم ڈاکٹر محمد مشتاق علی ، معتمد عمومی ڈاکٹر یوسف حامدی ، ڈاکٹر محمد متین الدین قادری ، خازن تنظیم جناب مرزا یوسف بیگ ، جناب ولی سکندر ، قاری محمد سلیمان ، جناب عبید الرحیم قریشی ، جناب سیف الرحیم قریشی ، سابق معتمد عمومی جناب انوار اللہ خاں ، جناب فرید شرفی ، جناب محمد علی سلیم ، جناب مصطفی کمال کے علاوہ مرحوم قائد کے فرزند جناب سید شکیل حسینی اور دوسرے موجود تھے ۔۔

اسلام میں ثواب جاریہ کی اہمیت پر مذاکرہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : حیدرآباد ایجوکیشنل فاونڈیشن کے زیر اہتمام 8 فروری کو 11 بجے دن ایم این بنکوٹ ہال نانل نگر میں اسلام میں ثواب جاریہ کی اہمیت پر مذاکرہ مقرر ہے ۔ اس موقع پر پروفیسر مصطفی شریف سابق صدر شعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی ، پروفیسر راشد نسیم ندوی ایفلو ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، مفتی محمد شہاب الدین اسسٹنٹ پروفیسر ایفلو کے علاوہ چیرمین ایچ ای ایف جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ مخاطب کریں گے ۔۔

مجلس عزاء
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : دائرہ حضرت محمد میر مومن میں 6 فروری کو 12 بجے دن مجلس عزاء سے مولانا جعفر حسین خلجی بیان کریں گے ۔۔
محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ حضرت الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری بروز جمعرات بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں مولانا محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

جامع مسجد بغداد اور روضہ حضرت پیران پیر ؒپر تصویری نمائش
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : جامع مسجد بغداد اور روضہ حضرت پیران پیرؒ کی تصویری نمائش کا 6 فروری کو دو بجے دن مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ باغ عامہ نامپلی متصل اسمبلی افتتاح انجام دیں گے ۔ جس میں روضہ شریف کی سو سے زائد نادر و نایاب تصاویر آراستہ کی گئی ہیں۔ سکریٹری ڈائرکٹر جناب احمد علی کے بموجب افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر سید عبدالمہمین قادری لاابالی الجیلانی سیرت حضرت پیران پیرؒ بیان کریں گے اور دیگر مشائخین کابھی خطاب ہوگا ۔ حضرت ہادی دکن لائبریری و ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس نمائش کی آرائش پروفیسر اشرف رفیع صدر نشین ادارہ ہذا کی نگرانی میں انجام دی گئی ہے ۔ یہ نمائش 16 فروری تک 11 تا 4 بجے دن جاری رہے گی اور اتوار کو تعطیل ہوگی ۔۔

ختم دلائل الخیرات و ختم خواجگان نقشبندیہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ہفتہ واری محفل دلائل الخیرات و ختم خواجگان نقشبندیہ بروز جمعرات بعد نماز مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی بندہ نوازیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ نگرانی جناب محمد عبدالرحیم نقشبندی کریں گے ۔ مولانا محمد مختار خان نقشبندی و حفاظ محمد عبدالباسط خاں نقشبندی تلاوت قصیدہ بردہ و ختم خواجگان کریں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 6 فروری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ اس جلسہ کی کارروائی مولانا محمد زکریا فہد قاسمی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ نور الدین کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا میر قطب الدین علی چشتی اور مفتی معراج الدین علی ابرار مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ سمتا کالونی میں درس قرآن اور درس حدیث بروز جمعرات بعد نماز فجر بمکان عبدالباسط سات گنبد روڈ منعقد ہوگا ۔ جناب محمد عبدالسبحان تذکیر پیش کرینگے ۔۔

قاضی پورہ میں آج دینی تعلیمی مقابلے
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام دینی تعلیمی ریالی کے ضمن میں 6 فروری جمعرات کو 10 بجے دن یحییٰ مسکن قاضی پورہ میں انگریزی ، اردو میڈیم اسکولس کے طلباء وطالبات کے لیے سیرت النبیؐ پر تقاریر اور نعت شریف کا مقابلہ ہوگا ۔ مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر انجمن قادریہ صدارت کریں گے ۔۔