مذہبی خبریں

   

نوجوان نسل کو تعلیمات حضرت علیؓ سے واقف کروانے پر زور
جشن مولود کعبہ و فیضان غریب نواز سے مولانا حمید رحمانی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد /11 مارچ ( راست ) حضرت علیؓ کے چہرہ کو دیکھنا عبادت ہے ۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ بھری محفل میں یہ کہا کرتے تھے ۔ تمام صحابہ میں علم و حکمت اونچا و اعلی مقام رکھتے ہوئے حضرت علی ابن ابو طالب عجز و انکساری کے پیکر تھے ۔ خانہ کعبہ میں جنکی ولادت ہوئی ۔ نبی رحمت ﷺ نے جن کی شان میں فرمایا میں جن کا مولا ہوں ، علی ان کا مولا ہے ۔ میرا اور علی کا رشتہ ایسا ہے جو موسی و ہارون کا رشتہ ہے ۔ اہل بیت اطہار میں حضرت علی کو نمایاں مقام حاصل ہے ۔ جن کی نسل میں نوجوانان جنت کے سردار امام حسن و امام حسین ہیں۔ حضرت علی کی سب سے پسندیدہ عبادت نماز و گرمی کے روزے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جلسہ جشن مولود کعبہ و فیضان غریب نواز ، زیر اہتمام حلقہ سلطانیہ منقد کلاسیکل منشن یاقوت پورہ میں مولانا حمید رحمانی نے کیا ۔ انہوں نے نئی نسل کو مولا علی کی تعلیمات سے واقف کرواتے ہوئے اہلبیت کی محبت سے آشنا کرنے پر زور دیا ۔ اس جلسہ کی نگرانی صدر حلقہ سلطانیہ مولانا صوفی شاہ محمد ایوب قریشی نے کی ۔ مولانا سید تاج الدین نوردریا رائچور نے فضائل حضرت علی کرم اللہ وجہہ کریم و خواجہ غریب نواز بیان کیا ۔ اس موقع پر مولانا سید قبول پاشاہ شطاری ، مولانا سید مظہر حسینی محمد محمد الحسینی ، مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی رحمت بابا ، مولانا سید خواجہ غیاث الدین چشتی اجمیری ، مولانا سمیر اللہ حسینی ، مولانا عارف قادری ، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری ، مولانا سید احمد پاشاہ قادری ، مولانا محمود پاشاہ قادری ، مولانا عابد علی قادری ، مولانا زبیر ابوالعلائی کے علاوہ کرناٹک مہاراشٹرا ، گجرات و راجستھان کے علاوہ مقامی علماء و مشائخین اور محبان اہلبیت کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ذکر سلطانیہ دیر رات تک جاری رہا ۔

جلسہ شب معراج برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : بزم علم و ادب شعبہ خواتین کا اجتماع جلسہ شب معراج 14 مارچ کو 2-30 بجے دن ملک پیٹ اکبر باغ فلیٹ نمبر 105 ایمپائر اسٹیٹ میں مقرر ہے ۔ نگرانی صدر شعبہ خواتین محترمہ سیدہ عابدہ کریم کریں گی اور شب معراج پر خطاب کریں گی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ سعیدہ سراج نعت شریف پیش کریں گی ۔ پروگرام کا آغاز قاریہ جہاں آراء کی قرات کلام پاک اور محترمہ ممتاز جہاں عشرت کی حمد باری تعالیٰ سے ہوگا ۔ جب کہ محترمہ جہاں آراء ’ ماہ رجب کی فضیلت ‘ اور محترمہ حفصہ فاطمہ ’شب معراج کے نکات ‘ پر بیان کریں گی ۔ ڈاکٹر جوہر جہاں نائب صدر شعبہ ’ پان کی اہمیت تہذیب اور طب میں ‘ کے عنوان پر بیان کریں گی ۔ محترمہ سیدہ عابدہ ’ شب معراج نماز کا تحفہ اور نماز کی صحیح ادائیگی کا طریقہ کے علاوہ سورہ فاتحہ کی اہمیت کے عنوان سے اپنے صدارتی خطاب میں اظہار خیال کریں گی ۔ محترمہ نور النساء نسرین سکریٹری شعبہ خواتین شب معراج پر اپنا نعتیہ کلام پیش کریں گی اور نظامت کے فرائض انجام دیں گی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : حضرت صوفی شاہ محمد صابر علی چشتی ابوالعلائی ناگوری ؒ کا دو روزہ عرس شریف 16 ، 17 رجب مرکزی آستانہ ابوالعلائیہ اردو شریف پتھر گٹی روز اول 16 رجب المرجب 12 مارچ جمعرات صندل مالی بعد نماز مغرب روز دوم 17 رجب المرجب جمعہ محفل سماع 7 تا 9-30 ساعت شب عرس کے مراسم حضرت سجادہ نشین مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی ادا کریں گے اور محفل کی نگرانی کریں گے ۔۔

مرکزی جشن معراج النبیؐ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام مرکزی جشن معراج النبیؐ 26 رجب کو میلاد میدان خلوت مبارک میں منعقد ہوگا ۔ نگرانی حضرت سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر مرکزی انجمن قادریہ کریں گے ۔ جس سے علماء کرام مشائخین عظام خطاب کرینگے ۔ مولانا سید شاہ غلام قادر قطب قادری سکریٹری انجمن قادریہ کی نگرانی میں تیاریاں جاری ہیں ۔۔

اَواَمر تعلیمات قرآنی کی اشاعت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : اَواَمر ( تعلیمات قرآنی ) مکمل اول تا پنجم تالیف حضرت علامہ احمد علی شاب مرحوم کی اشاعت عمل میں آچکی ہے ۔ جس میں اکابر علماء و ادباء کے تاثرات شامل ہیں ۔ اس کتاب کی رسم اجرائی عنقریب عمل میں آئے گی ۔۔

مجلس ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : پہاڑی شریف درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین ؒ کے مجلس ماہانہ فاتحہ 12 مارچ بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ صندل مبارک ساڑھے دس بجے شب مسجد جوبلی پہاڑی شریف سے برآمد ہو کر درگاہ پہونچے گا ۔ بعد صندل مبارک قصیدہ بردہ شریف قاری حبیب عمر الکاف کی جماعت کا ہوگا ۔ شب بھر محفل سماع منعقد ہوگی ۔ بعد نماز فجر ختم قرآن و سلام بحضور خیر الانام ؐ میں گذرا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام الحاج پیرزادہ سید فرید الدین سہروردی قادری گدی نشین آستانہ عالیہ امام و خطیب مسجد بارگاہ کی دعا پر ہوگا ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی الحاج خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

مرکزی جشن ولادت
حضور خواجہ غریب نوازؒ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : حضور خواجہ غریب نواز ؒ سلطان الہند حضرت سید خواجہ معین الدین حسن چشتی سنجری اجمیری ؒ کا مرکزی جشن ولادت باسعادت زیر اہتمام کل ہند مرکزی مجلس چشتیہ درگاہ حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائی ؒ اردو شریف پتھر گٹی 13 مارچ مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب رخشندگی چراغاں ختم خواجگان بعد نماز عشاء مجلس چشتیہ ( محفل سماع ) زیر نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و معتمد عمومی مجلس چشتیہ منعقد ہوگی ۔۔

مجلس فیضان و جشن مولائے کائنات حضرت علیؓ و محفل سماع
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : سالانہ جشن مولائے کائنات حضرت علی ؓ و ماہانہ مجلس فیضان حضرت خواجہ اسعد حسین ہارونی مدنی 12 مارچ کو اندرون درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ آغا پورہ مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ نظام الدین ہارونی نگرانی کرینگے مغرب تا عشاء محفل سماع ہوگی ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 12 مارچ کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقسیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

جشن ولادت مولائے کائنات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام 12 مارچ جمعرات کو بعد نماز عشاء مادھا پور روبرو گیم پاونٹ ہائی ٹیک سٹی میں جشن ولادت مولائے کائنات مقرر ہے ۔ مولانا پیر صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے ۔ مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین قادری اور مولانا شیخ درویش محی الدین خالد قادری مخاطب کریں گے ۔ جناب محمد زاہد قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔