Monday , August 21 2017
Home / مذہبی خبریں / مذہبی خبریں

مذہبی خبریں

محفل درس قرآن مجید و تفسیر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست) : مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ کے زیر اہتمام ہفتہ واری محفل درس قرآن مجید و تفسیر زیر نگرانی مولانا ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری الملتانی جامع مسجد ابراہیمی محلہ قادر باغ رنگ روڈ بروز شنبہ بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ مولانا ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی درس قرآن مجید دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے ۔۔

تحریک اسلامی کے اجتماعات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری اجتماعات بروز ہفتہ بعد نماز ظہر جامع مسجد سکندرآباد و بعد نماز مغرب مسجد امام عاصم کوفی ؒ غازی ملت کالونی فلک نما اور بعد نماز عشاء مسجد حضرت فاروق اعظم ؓ چشمہ وٹے پلی میں منعقد ہوں گے ۔ مبلغین تحریک اسلامی کے ایمان افروز اصلاحی بیانات ہوں گے۔۔

جامعہ دارالفرقان کا سالانہ جلسہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : جامعہ دارالفرقان للبنات سعید آباد کا سالانہ اجلاس تقسیم اسناد و انعامات 24 اپریل کو صبح 9 بجے تا ظہر سعید فنکشن ہال ، سعید آباد منعقد ہوگا ۔ صدارت عبدالرحیم مکی کریں گے اور الشیخ مقیم فیضی مہمان خصوصی الشیخ صفی احمد مدنی ، الشیخ عبدالقیوم اور عبدالرحمن فاروقی بحیثیت مدعوئین خصوصی شرکت کریں گے ۔ اس اجلاس میں طالبات وطالبائے جامعہ کا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا جائے گا اور مجلہ صوت الفرقان کے اجراء کے ساتھ انعامات و اسناد تقسیم کئے جائیں گے ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی کا خطاب ہوگا ۔۔

 

جشن غریب نوازؒ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : محمد عبدالغفور شاہ قادری شفیع الملتانی کے بموجب خانقاہ غفوریہ صابر نگر نزد مسجد والا جاہی میں 23 اپریل کو بعد نماز عشاء رات 10-30 بجے محفل سماع منعقد ہوگی ۔۔

تذکرۃ الاولیاء کانفرنس اور
کتاب قصر عارفاں کی رسم اجراء
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام تذکرۃ الاولیاء کانفرنس اور کتاب قصر عارفاں کی رسم اجراء 24 اپریل بعد مغرب زیر سرپرستی مفتی محمد عظیم الدین و زیر نگرانی مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ زیر صدارت مولانا سید شاہ محمد قبول بادشاہ قادری شطاری اور زیر حمایت مولانا محمد خواجہ شریف مقرر ہے ۔ کتاب کی رسم اجراء بدست مفکر اسلام انجام پائے گی ۔ ۔ جس کو مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر نے ترتیب دیا ہے ۔ مہمانان خصوصی مولانا ڈاکٹر شیخ احمد محی الدین شرفی قادری ، جناب سید احمد پاشاہ قادری ، مولانا سید شاہ محمد خضر پاشاہ نقشبندی مجددی ، مولانا سید شاہ غوث محی الدین بخاری نقشبندی قادری ، مولانا شیخ محمد عبدالغفور ، مولانا بہاء الدین انجینئر ، مولانا صوفی سید شاہ افتخار محی الدین ابوالعلائی ، مولانا خواجہ ابوتراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی ، مولانا تحسین شاہ ثانی نقشبندی مجددی ہوں گے ۔ مولانا سید ضیا الدین نقشبندی ، مولانا محمد مصطفی شریف ، مولانا محمد انوار احمد ، مولانا ڈاکٹر سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی قادری ، مولانا محمد حسیب الدین نقشبندی اور مرتب کتاب و داعی محفل ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری کے خطابات ہوں گے ۔۔

 

محفل قصیدہ بردہ شریف
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : جامعتہ المومنات کے زیر اہتمام 24 اپریل کو بعد نماز مغرب جامعتہ المومنات مغل پورہ میں محفل قصیدہ بردہ شریف مقرر ہے ۔ صدارت ڈاکٹر رضوانہ زرین کریں گی ۔۔

 

مدرسہ دینیہ رحمت العلوم میں
جلسہ تقسیم اسناد ونعتیہ محفل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : مدرسہ دینیہ رحمت العلوم محمود نگر کشن باغ کا جلسہ تقسیم اسناد 24 اپریل کو 10 بجے دن رائل انڈین اسکول میں بصدارت مولانا مفتی محبوب شریف نظامی منعقد ہوگا ۔ جس میں جناب سید وقار الدین ایڈیٹر رہنمائے دکن ، مولانا احمد محی الدین نظامی ، مولانا حامد محمد خاں اور مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ تعلیمی مظاہرہ کے بعد کامیاب طلبہ میں اسناد و انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ آخر میں نعتیہ محفل منعقد ہوگی جس کی نگرانی مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم کریں گے ۔ نعت خواں ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری ، مولانا شفیع محمد خاں ، مولانا شمس الدین زماں ، مولانا احتشام علی ، جناب فیاض احمد وغیرہم نعت سنائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز مولانا قاری ذبیح اللہ خطیب مسجد غوث الثقلین کی قرات اور جناب حافظ ضیا اللہ شریف رکن سوسائٹی کے شکریہ پر اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

 

حضرت علیؓ کی زندگی مشعل راہ
مولانا پیر شبیر نقشبندی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے آج یہاں جشن ولادت آفتاب ولایت حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہ کے موقع پر اہل طریقت کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیام میں کہا کہ نسبت مولائے کائنات پر عقیدت مند اسی وقت ناز کے حقدار ہیں جب کہ عملی زندگی میں مولا علی کی باطل کے مقابل حق کے لیے شجاعت کا مظاہرہ کرنا اور حبیب خدا حضور محمد عربیؐ سے سچے عشق کا درس حاصل کرتے ہوئے اپنائے ، توہی وابستگی برحق ہے ۔۔

 

حضرت علی کے نام سے موسوم شہر حیدرآباد امن و محبت کا گہوارہ : سوامی گوڑ
جشن مولود کعبہ کے ضمن سیرت زہرا کمیٹی کا جلوس سہرا مبارک
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : بسلسلہ ولادت مولائے کائنات حضرت علی ابن طالب سیرت الزہرا کمیٹی کے زیر اہتمام کوٹلہ عالیجاہ سے جلوس سہرا مبارک نکالا گیا ۔ صدر کمیٹی جناب علی رضا نے قیادت کی ۔ جلوس کے آغاز سے قبل منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جناب سوامی گوڑ نے حضرت علی اور اہل بیت سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جشن قومی یکجہتی اور اتحاد کو پروان چڑھانے میں اہم حصہ ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قلی قطب شاہ نے جب اس شہر کی بنیاد رکھی تو اس کا نام بھاگ نگر سے بدل کر حضرت علی ، حیدر کرار کے نام سے موسوم کیا اور یہ تاریخی شہر حیدرآباد ، ساری دنیا میں محبان علی کی محبت و عظمت کا گڑھ ہے جس کی مثال کہیں اور نہیں مل سکے گی ۔ حضرت علی کے نام کی برکت ہے کہ یہ شہر خلوص و محبت کا گہوارہ ہے ۔ ابتداء میں جناب علی رضا نے خیر مقدم کیا ۔ مولانا سید علی نقی نجفی ، مولانا سید لقمان حسین موسوی ، مولانا سید ابوالقاسم عابدی ، مولانا علی مرتضیٰ ، مولانا سید خورشید حسین نے فضائل بیان کئے اور کہا کہ حضرت علی کے فرمودات آج بھی ساری دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں ۔ جناب سکندر علی مرزا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ صدر استقبالیہ جناب سید ہاشم رضوی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ مسرس میر ضامن علی رضوی ، جعفر علی ، سید آغا آفندی اور علی آغا آفندی نے قصیدے پیش کئے ۔ شعراء کرام نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔ سمینار کے بعد جلوس برآمد ہوا جو براہ میر عالم منڈی ، کوہ مولا علی پہنچا ۔ مسرس محمد ایوب ، ارشد علی خاں ، بدر الدین ، سید حنیف علی کے علاوہ سید قمر حسن رضوی اور دیگر قائدین نے جلوس کا استقبال کیا ۔ صدر انجمن معصومین مسرس مختار علی اور معتمد میر صابر علی نے پرانی حویلی چوراہا پر صدر انجمن العباس جناب سید علی رضا عابدی اور دیگر عہدیداروں نے دارالشفاء پر صدر انجمن حیدریہ سید علی حسین علی جان الاوہ سرطوق پر ، چوراہا کوٹلہ عالی جاہ پر جناب ایم اے غنی اور فرزندان اور گروہ کاظمی کے عہدیداروں نے سید عابد حسین نے علی لاج پر علی الدین عارف نے عزا خانہ زہرا پر استقبال کیا ۔۔

 

غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد 22 اپریل (راست) چیرمین حمیدیہ ایجوکیشنل سوسائٹی الحاج حکیم اقبال بابا کملیہ کی زیرسرپرستی 24 اپریل بروز اتوار بعد نماز عصر خانقاہ کملیہ معراج کالونی ٹولی چوکی غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ جناب قاضی سراج الدین رضوی، علاء الدین انصاری، محمد ضیاء عرفان قادری حسامی ، ڈاکٹر سید غیاث عارف اشرفی، صادق نوید، حلیم بابر، ابراہیم خاں ایاز، ڈاکٹر سرور ہاشمی، ڈاکٹر مبشر احمد نشتر، جناب اسد خان مہمانان خصوصی ہوں گے۔

 

پرندوں کیلئے پانی رکھنے کی اپیل  مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد 22 اپریل (راست) مولانا غوثوی شاہ نے موسم گرما کی شدت کے پیش نظر عوام الناس سے خواہش کی کہ وہ پرندوں کے لئے مکانات کی بالکونی اور چھتوں پر پانی رکھیں۔ حدیث صحیح بخاری کی روشنی میں ایک فاحشہ نے پیاسے کتے کو پانی پلانے سے جنت کی حق دار بنیں لہذا چرندوں پرندوں اور انسانوں کے لئے پانی مہیا کرکے جنت کے حق دار بنیں۔

 

سنی دعوت اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد 22 اپریل (راست) سنی دعوت اسلامی کا ہفتہ واری مرکزی اجتماع بروز ہفتہ بعد نماز عشاء موتی مسجد دلی دروازہ نیا پل میں مولانا حسان فاروقی نگران سنی دعوت اسلامی بعنوان ’’شان حضرت سیدنا علی رضی اللہ عنہ‘‘ مقرر ہے۔ مفتی محمد عبدالعزیز قادری فقہی مسائل بیان کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT