Monday , August 21 2017
Home / مذہبی خبریں / مذہبی خبریں

مذہبی خبریں

ریاستی جمعیتہ علماء کا آج انتخاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا محمود علی پٹیل قاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مطابق 19 مئی 12 بجے دن مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم رحمانیہ یاقوت پورہ ریاستی جمعیتہ علماء کا انتخاب منعقد ہوگا ۔ جس میں مرکزی مبصر کے زیر نگرانی جمعیتہ علماء کے صدر نائب صدر اور خازن کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔۔

مجلس تعمیر ملت کا احتجاجی جلسہ ملتوی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے منعقد شدنی احتجاجی جلسہ 19 مئی کو کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیا گیا ہے ۔ بہت جلد نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔۔

 

مولانا محمد آصف بلال قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام مرکزی اجتماع 19 مئی بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اجتماع کا آغاز قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوگا ۔ امیر تحریک اسلامی مولانا محمد آصف بلال قادری کا ’ فضائل توبہ ‘ پر خطاب ہوگا ۔۔

 

شب برات مغفرت و نجات کی رات
میلاد کمیٹی کا اجلاس ، علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( راست ) : اللہ تبارک و تعالیٰ کی ذات رحمن و رحیم ہے ۔ بخشش کرنے والا ۔ مغفرت فرمانے والا ہے ۔ اللہ کی مہربانیوں ، انعامات اور احسانات کے لیے کوئی سال یا کوئی مہینہ یا کوئی دن مختص ( خاص نہیں ) وہ جب چاہے جس گھڑی چاہے اپنے انعامات سے نوازتا ہے لیکن اس کے باوجود بعض مہینے یا مخصوص ایام بڑی ہی اہمیت کے حامل ہیں ۔ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں اللہ نے قرآن کریم کو نازل فرمایا اسی باعث رمضان کو دوسرے مہینوں پر فضیلت ہے پھر شعبان المعظم کا مہینہ جو رمضان میں داخلے کا دروازہ ہے اور یہیں سے نزول قرآن کی تیاریاں اور اس کی برکات کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد آصف عرفان قادری نے کل شام شالیمار فرنیچر کے وزیٹر ہال میں کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے مشاورتی اجلاس میں کیا جو صدر کمیٹی جناب خواجہ معین الدین اقبال قادری ملتانی کی زیر نگرانی منعقد ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اسلامی میں تین راتیں ایسی ہیں جن کی فضیلت و برتری قرآن و حدیث میں بیان کی گئی جن میں ایک شب معراج دوسری شب برات اور تیسری شب قدر ہے ۔ برات کے معنی رہا ہونے اور نجات پانے کے ہیں اور یہ وہ مقدس رات ہے جس میں اللہ تعالی کی جانب سے بندوں کے گناہ اور خطائیں معاف کر کے عذاب سے نجات دی جاتی ہے اس لیے اس رات کا نام ہی شب برات قرار پایا جس میں رحمت و مغفرت اور نجات کی نوید ہے ۔ اس رات کے موقع پر کمیٹی کے زیر اہتمام جلسہ شب برات 22 مئی کو میلاد میدان روبرو خلوت منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ( معتمد کمیٹی ) نے بتایا کہ علماء سے رابطہ کیا گیا ہے کمیٹی کے اجلاس میں جلسہ شب برات میں وہ شرکت و خطاب کریں گے علاوہ ازیں مقامی علمائے دین کے بھی خصوصی خطابات ہوں گے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بارش ہونے کی صورت میں یہ جلسہ شاہ منزل فنکشن ہال متصل چومحلہ پیالیس منعقد ہوگا ۔ اجلاس میں صدر کمیٹی جناب خواجہ معین الدین اقبال ملتانی ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ( معتمد کمیٹی ) جناب محمد شاکر احمد ، جناب محمد آدم اشرفی ، جناب محمد نعیم الدین و دیگر ارکان کمیٹی شریک تھے ۔۔

مسلمان قطع رحمی سے بچیں ، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کریں
حیدرآباد میں مسلم گرلز ایسوسی ایشن کی تعارف اسلام کلاسس ، پروفیسر طیبہ سلطانہ کا خطاب
حیدرآباد،18مئی(یواین آئی)۔ مسلم گرلز ایسوسی ایشن انڈیا کی جانب سے لنگر حوض حیدرآباد میں تعارف اسلام کلاسس میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طیبہ سلطانہ نے کہا کہ ماں باپ کے حقوق کی ادائیگی کے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے رشتہ داروں کے حقوق کی ادائیگی پر زور دیا ہے ۔حضرت ابوہریرہؓ نے روایت کیا ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا قرابت داری اللہ کی رحمت کی ایک شاخ ہے ۔ اللہ عز و جل نے فرمایا ہے کہ ” جو قرابت داری اور رشتہ داری کا خیال رکھے گا میں اس کے ساتھ ہوں جو اس سے گریز کرے گا میں اس کا ساتھی نہیں ۔ ”انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو رشتوں میں باندھے رکھا اور ان کے فرائض و ذمہ داریوں کے متعلق بھی تفصیلی احکامات قرآن کریم میں دیئے ہیں ۔ رشتہ داروں اور عزیزوں میں ننھیال اور ددھیال کے تمام رشتہ دار شامل ہیں ۔ جن کے حقوق کو ادا کرنے کا حکم قرآن کریم ہمیں دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رشتہ داروں کے حقوق کی ادائیگی میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کی عزت و توقیر کی جائے ، ان سے محبت و الفت سے پیش آئیں ، کسی ذاتی غرض و فائدے کے بغیر ان کی خدمت فراخ دلی اور فیاضی سے کریں۔ اللہ تعالیٰ نے ہر شخص کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی بھی حیثیت اور کسی بھی درجہ میں مال کماتا ہو اس کو اپنی بساط اور کمائی ہوئی محدود آمدنی میں سے ماں باپ اور رشتہ داروں کا حصہ نکالنا لازم ہے ۔ ان کو بطور احسان کے نہیں بلکہ ان کے حق کو بطور فرض سمجھ کر ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو مسلمان اپنے رشتہ داروں کا حق ادا نہیں کرتا اس کی شخصیت کی تعمیر میں جھول رہ جاتا ہے اور وہ حقوق العباد میں پیچھے رہ جانے والا کنجوس ، بخیل و خود غرض بن کر حق تلفی کرتا ہے ۔ وہ نیکی اور تقویٰ میں بھی پیچھے رہ جاتا ہے اور قرب الٰہی اور آخرت میں بخشش کے اجر سے بھی محروم ہوجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے اچھا انسان وہ ہے جوصلہ رحمی کرتا ہے اور سب سے برا انسان وہ ہے جو قطع رحمی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان کو چاہئے کہ اپنے رشتہ داروں سے تعلق کو نہ توڑیں اور نہ رشتوں کو بگڑنے دیں ، آپس میں قطع تعلق کرلینا ، دوری اختیار کرنا اور غیر ضروری گھریلو باتوں پر دھیان دے کر الجھ پڑنا یا پھر چھوٹی چھوٹی باتوں کو بڑھا چڑھا کر خلش ، بد گمانی اور برائی کو دل میں بٹھا لینا ایک مسلمان کو زیب نہیں دیتا ۔انہوں نے کہا کہ رشتہ داروں کا لحاظ کرنا رزق میں وسعت اور عمر میں برکت کا ذریعہ ہے ، رسول پاک ﷺ نے فرمایا ” جو شخص چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں کشادگی ہواور اس کی عمر دراز ہو وہ صلہ رحمی کرے ۔” اسلام نے رشتہ داروں کی خدمت کرنے کا حکم دیا اور ان کی ضرورت کو پورا کرتے ہوئے مالی مدد کرنے کی تاکید کی ۔

 

کالے خضاب کا جواز: مولاناغوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 18مئی(راست) مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اکثر لوگ نسائیؔکی حدیث جس میں حضور ؐ نے یہ فرمایا تھا کہ اخیر دور میں ایک قوم ہوگی جو کہ سیاہ رنگ کا خضاب کرے وہ جنت کی خوشبو نہیں سونگھ سکے گی یہ حدیث پیش کرکے مخا لفت کرتے ہیں لیکن درجِ ذیل حدیث جو صحاحِ ستہ سُنن ابنِ ماجہ سے تعلق رکھتی ہے جو نسائی سے قوی تر ہے کالے خضاب کی اجازت دیتی ہے۔حَدَّثَنَاأَبُوْھُرَیْرَۃَ الصَّیْرَفِیَّ مُحَمَّدُ بْنُ فِرَاسٍ حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ ابْنِ زَکَرِیَّا الرَّاسِبِیْ،حَدَّثَنَا دَقَاعُ بْنُ دَغَفَلٍ السَّدُوْسِیَّ،عَنْ عَبْدِ الْحَمِیدِ بْنِ صَیْفِیْ ،عَنْ أَبِیھعَنْ جَدَّہِ صُھَیْبِ الْخَیرِ، قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہِ عَلَیْہِ وَسَلَّمْ اِنَّ أَحْسَنَ مَااخْتَضَبْتُمْ بِہِ لَھَذَا السَّوَادُ ،أَرْغَبُ لِنِسَائِکُمْ فِیکُمْ ،وَأَھْیَبُ لَکُمْ فِیْ صُدُوْرِ عَدُوَّکُمْ(سنن ابن ماجہ 610/4با ب الخضاب الاسود)حضرت صہیب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلّ اللہ علیہ و سلّم نے ارشاد فرمایا : بہترین خضاب جو تم استعمال کرتے ہو وہ کالا خضاب ہے جوتمہاری بیویوں کی تم میںپرزیادہ رغبت کا باعث ہے اور تمہارے دشمنوں کے دلوں میں تمہارارعب ہیبت زیادہ کرنے والا ہے۔پس اِس حدیث سے کالاخضاب لگانا ثابت ہوتاہے۔اب یہ مسلمانوں پر موقوف ہے کہ وہ کالا خضاب لگائے یا نہ لگائے دونوں حدیثوں میں جائز اور ناجائز کا اثبات ہے وللہ اعلَمُ ۔

 

 

چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب برات
مفتی محمد شاکر القادری ، مولانا محمد صغیر رضا قادری ، مولانا محمد جمیل قادری کی شرکت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( راست ) : محمد شاہد اقبال صدر رحمت عالم کمیٹی ، ڈاکٹر عظمت رسول کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلسہ شب برات 22 مئی کو بعد نماز عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچل گوڑہ پر منعقد ہوگا ۔ سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، صدارت مولانا خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی ، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی کریں گے ۔ بیرونی مہمان مقرر کرام میں شمالی ہند کے نامور عالم دین مولانا مفتی محمد شاکر القادری ( راجستھان ) ، مولانا محمد صغیر رضا قادری ( اترپردیش ) اور مولانا محمد جمیل قادری ( گجرات ) کے بصیرت افروز خطابات ہوں گے ۔ اس عظیم توبہ و مغفرت والی رات میں نبی مکرم ﷺ کے موئے مبارک کی زیارت کرائی جائے گی ۔ نیز عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں بالخصوص فلسطین و شام کے مسلمانوں کے لیے دعا کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ مقامی علماء کرام میں مولانا سید عبدالمعز قادری شرفی ، مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا محمد عبدالنعیم قادری نظامی نائب صدر ، ڈاکٹر نادر المسدوسی کے خطابات ہوں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید محمد عبداللہ حسنی چشتی ، مولانا محمد اخلاق شرفی ، ڈاکٹر مجیب شاہد ، ڈاکٹر حیدر یمنی ، ڈاکٹر خالد ، محمد ضیا الرحمن ، مولانا عرفان بیگ رضوی شرکت کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محمد عمران رضا ، محمد خلیل رضا ، محمد فرحت اللہ شریف ، داود قادری ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی انجام دیں گے ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نطامی ایڈوکیٹ ہوں گے ۔ نائبین استقبالیہ مسرس محمد افتخار علی ، محمد مکرم علی ایڈوکیٹس ، احمد خاں ، قادر خاں قادری ہوں گے ۔۔

 

 

 

TOPPOPULARRECENT