مذہبی خبریں

   

قرآن مجید قیامت تک ساری انسانیت کیلئے ہدایت
مولانا سید عبدالمعز حسینی قادری شرف ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی کے خطابات
حیدرآباد : قرآن مجید کا نزول قیامت تک سارے انسانوں کی ہدایت کیلئے کیا گیا ہے جو کوئی احکامات خداوندی اور سنت رسولﷺ کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزارے گا ۔ یقیناً وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوگا ۔ صرف ’’ لا الہ الا اللہ ‘‘ کہہ لینے سے ایمان مکمل نہیں ہوتا بلکہ ساتھ ہی ساتھ محمد رسول اللہ کا اقرار و اظہار بھی ضروری ہے ۔ یہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ پر کامل ایمان و یقین کے علاوہ فرائض و سنتوں کی ادائیگی کے ساتھ اپنے گھروں میں اسلامی تہذیب کا رائج کرنا بھی ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ حقوق اللہ و حقوق العباد کی پاسداری ایک ایمان والے کیلئے ازحد ضروری ہے ۔ عصر حاضر میں دشمنان اسلام ہر طرف سے قوم مسلم پر ٹوٹ پڑے ہیں ان کا مقصد یہی ہے کہ قوم مسلم اسلامی تہذیب تعلیم و تربیت سے دور ہوکر مغربی تہذیب کے اثرات میں مبتلا ہوکر اپنی روحانی و ایمانی قوت کھو دے تاکہ وہ قوم مسلم پر غلبہ حاصل کرلیں ۔ ان خیالات کا اظہار قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ میں کُل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی جلسہ شب برأت منعقد شدنی 28مارچ کو بعد نمازعشاء چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈ کے ضمن میں اجلاس مولانا سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے کیا ۔ ڈاکٹر محمد اقبال احمد رضوی ،محمد شوکت علی صوفی ، مرزا نثار احمد بیگ نظامی نے کہا کہ چند دنوں قبل گستاخ رسولؐ ، گستاخ اہلبیت و گستاخ صحابہؓ منافق وسیم رضوی ملعون نے جس طرح قرآن مجید کی آیات کے متعلق اپنی بدبختانہ اور منافقانہ ذہنیت کا اظہار کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دین اسلام کو کن لوگوں سے خطرہ درپیش ہے ۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کو استعمال کر کے کفار و مشرکین دین اسلام کو ہر زمانہ میں نقصان پہنچاتے آرہے ہیں ۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ) نے کہا کہ ہر مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات اور اسوہ رسولؐ کو اپناتے ہوئے عملی ثبوت دیں کیونکہ اسی میں فلاح و کامرانی ہے بلکہ ہمارا فریضہ ہے کہ اسے دیگر ابنائے وطن کے سامنے صبر و استقامت کے ساتھ دین اسلام کی تعلیمات پیش کریں ۔ والدین و سرپرستوں پر بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو قرآن مجید و احادیث و دینی تعلیم سے آراستہ کریں ورنہ کل ہماری نسلیں غیروں کے دین کو اپنا کر اپنی دنیا و آخرت تباہ کر بیٹھیں گی ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ آج ہم کو دو خطوط پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایک تو اپنے عقیدہ کی حفاظت کرنا ہے تو دوسری طرف بالخصوص نوجوانوں کو مختلف برائیوں سے بچانا ہے ۔

بزم رحمت عالم کا جلسہ شب برأت، انتظامات جاری ، مشاورتی کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد : کُل ہند بزم رحمت عالم کا جلسہ شب برأت 28مارچ کو بعد نماز عشاء قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر منعقد ہوگا ۔ صدارت صدر بزم ایم اے مجیب کریں گے ۔ اس ضمن میں ایک اجلاس دفتر بزم رحمت عالم مانصاحب ٹینک پر منعقد ہوا جس میں مفتی صلاح الدین ، حافظ محمد ساجد ، جی ایم معراج ، کمال الدین خان ، محمد مصطفیٰ خان قادری اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ صدر بزم نے کہا کہ عنقریب مہمان علمائے کرام کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی ۔ بیرونی اور مقامی علمائے کرام شب برأت کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالیں گے ۔ جناب ایم اے مجیب صدر بزم نے کہا کہ شب برأت انتہائی مقدس رات ہے اس دن دعائیں قبول ہوتی ہیں، لہذا امت مسلمہ کو چاہیئے کہ وہ اپنے روٹھے ہوئے خدا کو منانے کیلئے خصوصی عبادتوں کا اہتمام کریں ۔انہوں نے کہا کہ جلسہ شب برأت کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہے ۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں ٹی وی اسکرینس کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی ۔

امام اعظمؓ کانفرنس ، مفتی سید شاہ عزیز اللہ قادری و دیگر علماء کے خطابات
حیدرآباد : تحریک اسلامی کے زیراہتمام امام اعظم ابو حنیفہ ؓ کانفرنس 18 مارچ کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیرسرپرستی مولانا مفتی سید شاہ محمد باشاہ قادری و سرپرست تحریک اسلامی مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی صدارت مفتی سید شاہ عزیز اللہ قادری نقشبندی کے علاوہ مفتی محمد مجاہد علی قادری نقشبندی ، مولانا حافظ شیخ جاوید نقشبندی ، مولانا محمد وجیہ اللہ سبحانی قادری کے خطابات ہوں گے ۔ حافظ حبیب الرحمن قادری کی تلاوت سے کانفرنس کا آغاز ہوگا ۔ محمد جاوید رضا قادری و محمد اظہر قادری و دیگر ثنا خوان نعت مصطفیٰﷺ منقبت امام اعظم پیش کریں گے ۔ اس کے علاوہ امیر تحریک مولانا محمد آصف بلال قادری اور نگرانی مولانا محمد فاروق رضا قادری نگران تحریک خطاب کریں گے ۔

مجلس علمیہ کے اجلاس شوریٰ
حیدرآباد : مولانا محمد عبدالرحیم بانعیم مظاہری کے بموجب تنظیم مجلس علمیہ کا اجلاس شوریٰ 18مارچ کو مسجد عالمگیر گٹالہ بیگم پیٹ ، مادھا پور زیر صدارت مولانا سید اکبر مفتاحی ناظم مجلس علمیہ منعقد ہوگا ۔ جس میں تنظیمی اُمور کے علاوہ ملک میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا نیز تعلیمی پالیسی کے پس منظر میں دینی مدارس کو لاحق مسائل اور ان کے حل پر مولانا خالد بیگ ندوی کا خصوصی خطاب ہوگا اور موجودہ حالات کے پیش نظر دینی مدارس کیلئے مرتب کردہ نئے نصاب کو بذریعہ پروجیکٹر کے ذریعہ سمجھایا جائے گا ۔ حضرات علمائے کرام ، نظمائے مدارس اور دانشوران ملت سے اس اہم اجلاس میں شرکت و استفادہ کی پُرخلوص اپیل کی جاتی ہے ۔

آج جلسۂ شب براء ت و
ذکر راتب الحداد
حیدرآباد ۔ الحاج سعید بن عبداﷲ القرموشی کے بموجب جلسۂ شب براء ت و راتب الحداد کا 4 شعبان المعظم کو بعد نماز مغرب ’’محوی مسکن‘‘ جمال بنڈہ بارگاہ فخربارکس، مولانا مفتی عبداللہ بن احمد القرموشی المعروف بہ محوی شاہ نوری چشتی قادریؒ مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز قرأت کلام پاک کے بعد راتب الحداد سے ہوگا ۔ مولانا عبدالرحیم بن احمد القرموشی المعروف بہ محبی شاہ خلیفہ سلسلہ عارفیہ نوریہ، مولانا حافظ حامد قریشی و حافظ عبود العمودی کا شب برأت کے موضوع پر خصوصی خطاب ہوگا۔ الحاج محسن بن عبداللہ القرموشی المعروف بہ سِرّی شاہ محوی نوری خلف اکبر و خلیفہ و جانشین حضرت محوی شاہ نوری نے شرکت و استفادہ کی خواہش کی ہے ۔