مذہبی خبریں

   

اللہ کا ذکر کرنے سے پریشانیاں اور مشکلات سے نجات،مولانا محمد مبشر احمد رضوی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : مولانا قاری محمد مبشر احمد رضوی القادری نے جامع مسجد سعیدیہ حکیم پیٹ ٹولی چوکی اور جامع مسجد قطب شاہی اندرون ملٹری ایریا فرسٹ لانسرز میں اجتماعات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم ہی غالب رہو گے ۔ بشرطیکہ تم سچے مسلمان ہوجاؤ ۔ ( سورہ ال عمران چوتھا پارہ ) مفسرین کرام نے اس آیت شریفہ کی تفسیر میں یہ لکھا ہے کہ مسلمانو! تمہارے پاس تو حزن و ملال آنا ہی نہیں چاہیے کیوں نکہ مسرت اور قوت کا سرچشمہ ایمان تو تمہارے پاس ہے ۔ تمہیں تو یہ یقین رکھنا چاہیے کہ شکست کی حالت میں بھی تم ہی کامیاب اور سربلند ہو ۔ اور آخری فتح تو یقینا تمہاری ہی ہے لیکن تمہارے ہاتھ سے ایمان کا رشتہ چھوٹنے نہ پائے اور ایمان محبت رسول اور غلامی مصطفی کا نام ہے ۔ مولانا محمد مبشر احمد رضوی نے حضرت زید ابن حارثہ ؓ کی حیات مبارکہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضور اقدس ﷺ کے سچے غلام تھے لیکن آپ نے ان کو آزاد کر کے متبنیٰ بیٹا بنا کر اپنی باندی حضرتہ ام ایمنؓ سے ان کا نکاح فرمادیا تھا جن کے بطن سے حضرت اسامہ ؓ پیدا ہوئے ۔ حضرت زید ؓ کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ تمام صحابہ میں آپ ایک واحد صحابی ہیں جن کا نام نامی اسم گرامی قرآن مجید میں آیا ہے ۔ آپ بڑے بہادر اور مجاہد تھے ۔ غلاموں میں سب سے پہلے ایمان لائے ۔ جنگ موتہ میں تمام اسلامی افواج کے سپہ سالار تھے ۔ 8 ھ میں کفار سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا ۔ آپ کی ایک مشہور کرامت یہ ہے کہ دشمن نے سفر کی حالت میں آپ کو قتل کرنا چاہا تو آپ نے کہا کہ مجھے اللہ تعالیٰ کے حضور دو رکعت نماز پڑھنے کی مہلت دے ۔ جب آپ نماز سے فارغ ہوئے تو اس نے آپ کو قتل کرنا چاہا تو آپ کی زبان سے ’ یا ارحم الراحمین ‘ نکلا ۔ قاتل نے گھنے جنگل میں ادھر اُدھر دیکھا تو کوئی نظر نہ آیا پھر قریب آکر قتل کا ارادہ کیا ۔ آپ نے دوبارہ ’ یا ارحم الراحمین ‘ کہا ۔ پھر قاتل نے آواز سنی کہ انہیں قتل مت کر پھر تیسری بار کوئی نظر نہ آنے پر وہ قتل کے ارادہ سے آگے بڑھا آپ نے پھر ’ یا ارحم الراحمین ‘ کہا۔ حضرت زید ؓ کا کہنا ہے کہ ایک شخص گھوڑے پر سوار ہاتھ میں نیزہ اور اس کی نوک پر آگ کا شعلہ ہے اس شخص نے آتے ہی دشمن کے سینہ پر اس زور سے نیزہ مارا کہ نیزہ اس کے سینہ کو چھیدتا ہوا اس کی پشت سے باہر نکلا اور وہ فوراً زمین پر ڈھیر ہوگیا ۔ اس واقعہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ خدا وند قدوس کے اسمائے مبارکہ اور مومنین کی دعاوں سے بڑی بڑی بلائیں ٹل جاتی ہیں اور آسمانی نصرتوں کا ظہور ہوتا ہے ۔ مولانا محمد مبشر احمد رضوی نے آخر میں کہا کہ مسلمان حفاظت خود اختیاری کے ساتھ ساتھ اللہ کا ذکر کثرت سے کرتے رہیں دنیا کی کوئی قوت انہیں زیر نہیں کرسکتی ۔ مشاہدات یہ بتاتے ہیں کہ مسلمانوں پر ظلم و ستم کیا جارہا ہے ۔ نوجوان لڑکوں کو جھاڑوں سے باندھ کر اتنا مارا جارہا ہے کہ وہ دم توڑ رہے ہیں اور انہیں شرکیہ جملہ کہنے پرمجبور کیا جارہا ہے ۔ یہ سراسر ظلم ہے اور اللہ ظالموں کو پسند نہیں فرماتا ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ظالموں کے شر و فساد سے تمام اہل ایمان کی حفاظت فرمائے ۔ آمین ۔۔

حج صرف اللہ کی رضا و خوشنودی کے لیے ہو : حافظ صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : حج ہاوز نامپلی کے عازمین حج کے اجتماع سے حافظ محمد صابر پاشاہ قادری خطیب و امام مسجد حج ہاوز نے خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ پیدل حج کرنے کی بڑی فضیلت ہے ۔ حاجی کو ہر قدم کے بدلے سات سو نیکیاں ملتی ہیں ۔ حضور پاک ﷺ نے فرمایا جس نے مکہ سے پیدل حج کیا اور پھر پیدل اپنے گھر واپس آیا تو اس کے ہر قدم کے بدلے میں سات سو نیکیاں ملیں گی ۔ ہر ایک نیکی حرم کی نیکی کی مثل ہے ۔ عرض کیا گیا حرم کی نیکی کیا ہے فرمایا ہر نیکی لاکھ نیکی کے برابر ہے ۔ حج صرف اور صرف اللہ تبارک و تعالیٰ کی رضا جوئی اور اس کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کیا جائے ، جب کوئی انسان حج کے لیے نکلتا ہے تو شیطان بے چین ہوجاتا ہے اور طرح طرح سے کوششیں کرتا ہے کہ اس کے حج کے ثواب کو کم سے کم کیا جائے ۔ جناب محمد مسیح اللہ خاں صدر نشین حج کمیٹی نے صدارت کی ۔ جناب بی شفیع اللہ سکریٹری حج کمیٹی نے نگرانی کی ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بروز جمعرات خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔۔

حج اور تمام عبادتوں کا ماحصل رضائے الہیٰ
زائرین حج کو رخصت کرتے ہوئے۔ مولاناغوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد۔31جولائی ۔(راست)مولاناغوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمان کی تمام تر زندگی اِطاعتِ خدا اور رسولؐ کے لئے وقف ہے اور اس کی ساری زندگی کا ماحصل رضا ئے الہیٰ اور خوشنودئی رسالت پنا ہیؐ ہے۔ عقائد مذہبی کی روسے کلمہء نماز روزہ زکوٰۃ کے بعد فریضئہ حج کی اہمیت سب پر ظاہر و باہر ہے۔ خالق کا ئنات کو اپنے جن محبوب بندوں کی ادائیں بھاگئیں وہ آج ہماری اسلامی زندگی میں یکجا ہو کر آگئی ہیں اور ا ن نشانیوں کو اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف نسبت دے کر انہیں اپنی یادگاروں کے نام سے تعبیر فرمایا۔ دلوں کے تقویٰ کو امتحاناً جا نچا جاتا ہے ۔اور جب زائرین کی نگا ہیں فریضۂ حج سے فراغت پانے کے بعد (مدینہ طیبّہ)کی طرف سِلع کی پہاڑیوں کے اُس پار ہونے کو بے تاب ہوں گی اور دل اس راہ میں بچھنے کو بے قرار تو نہ جانے روح کی بے کلی کا کیا عالم ہوگا کہ یہ طائر لاہوتی اپنے قفس ؐناسوتی سے بیک لخت پرواز کے لئے اپنے شہپر تولتا ہوگا ۔آہ کیا ہی مسعود و مبارک ہیں وہ ہستیاں جنکے عزم نے انکی منزلوں کو آسان بنا دیا اور وہ انشاء اللہ کچھ دنوں میں اس مقام پر ہوں گے جہاں ہر آن رحمتوں اور برکتوں کا نزولِ اجلال ہوا کرتا ہے۔ اب زائر حج و زیارۃ کے لئے دعا ہے کہ ؎ ؎
مسا فر خدا ہی نگہبان تیرا

بڑے دین و ایمان و احسان تیرا
ترے واسطے اب دعا ہے یہ دل کی

سلامت رَوْی ہم سلامت بیائی

محترمہ آسیہ تسنیم ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مقرر
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : جناب محمد فہیم الدین احمد سکریٹری حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے بموجب امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے محترمہ آسیہ تسنیم کو میقات 2019-23 کے لیے شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی ناظمہ کی حیثیت سے مقرر کیا ہے ۔ محترمہ کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے ۔ اس سے قبل محترمہ ناصرہ خانم نے طویل عرصہ تک بحیثیت ناظمہ شعبہ خواتین آندھرا پردیش ، تلنگانہ و اوڈیشہ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں ۔ نو تقرر شدہ ناظمہ شعبہ خواتین حلقہ تلنگانہ محترمہ آسیہ تسنیم نے سابقہ ناظمہ شعبہ خواتین حلقہ تلنگانہ محترمہ ناصرہ خانم سے جائزہ حاصل کرلیا ۔۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام دینی اجتماع یکم اگست کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ نگران تحریک مفتی محمد فاروق رضا قادری کا فضائل قربانی پر خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ تقسیم اسناد و انعامات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : مسجد عبداللہ حسین خاں چپل بازار میں اشعر و جریر میموریل اکیڈیمی کا 38 واں دینی تعلیمی جلسہ حافظ ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خاں کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد شرف الدین کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ ہدیہ نعت محمد عبدالغفور ظفر ، محمد مصطفی خالد نے پیش کی ۔ انعامات و اسناد کی تقسیم مہمان خصوصی مرزا خلیل اللہ بیگ عامر کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ مسلمانوں کے لڑکے اور لڑکیوں کو عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بے حد ضروری ہے۔ آخر میں صدر جلسہ حافظ محمد سمیع اللہ خاں نے عامتہ المسلمین سے خواہش کی کہ وہ موجودہ حالات میں اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں ۔ جلسہ کی کارروائی اکیڈیمی کے نگران کار وحید الدین شاہین نے چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج ، محفل ذکر و درود شریف یکم اگست بروز جمعرات 9 بجے بہ سرپرستی الحاج حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : ماہانہ محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ قادریؒ یکم اگست کو آستانہ عالیہ فیض النذر موضع ڈی پوچم پلی منڈل قطب اللہ پور ضلع رنگاریڈی زیر نگرانی مولانا منصور احمد شاہ قاری النذری قیصر بابا بعد عشاء مقرر ہے ۔ بعد عصر چادر گل شجرہ خوانی و فاتحہ خوانی ہوگی۔ بعد عشاء محفل کا آغاز حافظ محمد منور علی قادری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ سید یوسف قادری و دیگر نعت خواں بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب یکم اگست بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ مقرر ہے ۔ مولانا شیخ عبید اللہ جابر کارروائی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ شیخ فیاض کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا محمد مصدق القاسمی مخاطب کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری جمعرات کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ ، شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری یکم اگست کو بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ پروگرام کے مطابق بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں اس محفل سے مولانا حافظ محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئیگا ۔۔

دنیاوی مقاصد کے بجائے مریدین آخرت کو مد نظر رکھتے ہوئے بیعت کریں
مجلس چشتیہ کی تقریب سے حضرت سید شاہ عنایت علی چشتی ابوالعلائی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : ہم کو بیعت آخرت کی ابدی زندگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرنا چاہئے ۔ دنیاوی مقاصد کے حصول کی تمنا کے بجائے ہم کو آخرت میں سرخروئی کے لیے بیعت کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار خانقاہ صوفیاء ابوالعلائیہ اندرون کمان الچی بیگ منڈی میر عالم میں منعقدہ مجلس چشتیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین سرکار سیدنا امیر ابوالعلاءؒ ( آگرہ ) حضرت سید شاہ عنایت علی چشتی ابوالعلائی نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو نمازوں کی پابندی کرنی چاہئے اور سنت رسولؐ اور اسوہ صحابہؓ کے طریقوں کے مطابق ہم کو زندگی گذارنا چاہئے ۔ ہماری زندگی کا کوئی بھی لمحہ محبت رسولؐ کے بغیر نہ گذارا جائے ۔ اس تقریب کی سرپرستی علامہ محمد عبدالباقی چشتی ناگوری سجادہ نشین بارگاہ سلطان التارکین صوفی حمید الدین ناگوریؒ ناگور شریف ( راجستھان ) نے کی ۔ مولانا محمد مظفر علی صوفی ابوالعلائی سجادہ نشین درگاہ حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائی نے مریدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پیر کی مجلس میں بیٹھنا بڑے ثواب کا کام ہے ۔ اس سے ہم کو دینی تعلیمات حاصل ہوتی ہیں ۔ تقریب میں صوفی فاروق الدین چشتی ناگوری ، مولانا سید شاہ محتشم علی چشتی ابوالعلائی ، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی ، مولانا صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی ، مولانا صوفی ذاکر علی دانش چشتی ابوالعلائی ، مولانا سید شاہ تنویر عالم قادری الموسوی ، مولانا صوفی ہارون چشتی ابوالعلائی ، مولانا صوفی تاج چشتی ابوالعلائی ، مولانا صوفی خرم چشتی ابوالعلائی ، صوفی زید چشتی ابوالعلائی ، صوفی محمد چشتی ابوالعلائی ، پیرزادہ صوفی احمد چشتی ابوالعلائی ، پیرزادہ صوفی ابراہیم چشتی ابوالعلائی ، آئی جے اسماعیل ابوالعلائی نے شرکت کی ۔۔