مذہبی خبریں

   

رسول ا کرمﷺ نے خواتین کے حقوق ادا کرنے کی تاکید فرمائی
8 مارچ عالمی یوم خواتین منانے مولانا زعیم الدین حسامی کی اپیل
حیدرآباد /6 مارچ ( راست ) سکریٹری سراج العلماء اکیڈمی مولانا محمد زعیم الدین حسامی نے 8 مارچ عالمی یوم خواتین کے پیش نظر اپنے بیان میں کہا کہ مذہب اسلام نے ہمیشہ سے عورت کی قدر کی ہے اور 1400 سال پہلے ہی عورتوں کو عظمت و بزرگی عطا فرمائی ہے ۔ انہیں جائیداد میں اور گواہی میں حصہ دار بنایا ہے ۔ تعلیمی میدان میں بھی عورتوں کو حسب ضرورت تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی ہے ۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے ۔ آنحضرت ﷺ نے حجتہ الوداع کے موقع پر خطبہ مبارک میں فرمایا اے لوگو میں تمہیں عورتوں کے بارے میں ان کے حقوق ادا کرنے کی تاکید کرتا ہوں ۔ تم پر عورتوں کے حقوق ہیں ۔ ان کے ساتھ محبت اور مہربانی سے پیش آؤ ۔ مولانا حسامی نے کہا کہ خواتین کی وجہ سے سماج میں بہت بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ کیونکہ وہ ہمارے سماج کا ایک اہم اور ذمہ دار حصہ ہے ۔ لہذا ان کا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے ۔ بالخصوص دینی تعلیم کا حاصل کرنا اس وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ جو لوگ سماج میں لڑکی کی پیدائش پر افسوس کرتے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ اللہ کے رسول ﷺ کا ارشاد مبارکہ ہیکہ اپنی لڑکیوں کی پیدائش کو اللہ تعالی کی رحمت سمجھو ان کی وجہ سے گھر میں خیر و برکت رہتی ہے اور فرمایا جب کسی کے گھر لڑکی پیدا ہوتی ہے تو اس کے باپ پر اللہ کی رحمت نازل ہوتی ہے۔ پھر جب یہ لڑکی جوان ہوکر اپنے شوہر کے گھر جاتی ہے تو اس کا آدھا ایمان مکمل ہوتا ہے اور پھر جب وہ اولاد کو جنم دیتی ہے یعنی ماں بنتی ہے تو اس کے قدموں تلے اولاد کیلئے جنت رکھ دی جاتی ہے ۔ بچپن میں وہ اپنے ماں باپ کے پاس رشتہ شفقت میں رہتی ہے پھر شوہر کے پاس رشتہ محبت اور پھر اولاد ہونے کے بعد رشتہ ادب و احترام والی ہوجاتی ہے ۔ یعنی ہر دور میں وہ قابل فخر ہوتی ہے ۔ مولانا محمد زعیم الدین حسامی نے عامتہ المسلمین بالخصوص دینی مدارس اور کالجس کے ذمہ داران سے خواہش کی ہے کہ وہ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے طور پر منائیں ۔ لہذا اس دن اسلام کی عظیم خواتین جیسے اُم المومنین حضرت سیدہ بی بی خدیجہ الکبریؓ ، ام المونین بی بی عائشہ صدیقہؓ وہ دیگر امہات المومنین اور رسول اللہ ﷺ کے صاحبزادیاں بی بی زینب ؓ ، رقیہ ؓ ، ام کلثومؓ ، فاطمہ الزھراؓ ( رضی اللہ تعالی عنہا) کی سیرت مبارکہ کے عنوان پر تحریری یا تقریری مقابلے منعقد کریں تاکہ نوجوان نسل ان مبارک ہستیوں کی زندگی سے واقف ہو ۔

قرآن پاک ایک عظیم معجزہ ، ناقابل تحریف دستور حیات
جلسہ دستار بندی ، علمائے کرام کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( راست ) : قرآن کریم خالق کائنات کا کلام ہے اور ناقابل تحریف دستور حیات ہے جو نور مبین اور سرمایہ نجات ہے ۔ تزکیہ قلوب اور تصفیہ نفس کا ذریعہ ہے ، شفائے مومن اور لوگوں کے لیے ہدایت و رہنمائی کا سبب ہے ۔ جو نبی کریم ﷺ کے قلب اطہر پر اتارا گیا جس میں لوگوں کے لیے ہدایت ، رحمت ، موعظت ، حکمت ، شفا اور ہر چیز کا بیان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تعلیم مصطفی کانفرنس سالانہ جلسہ و جشن دستار بندی و عطائے خلعت و تقسیم اسناد دارالعلوم اہل سنت امام احمد رضا یاقوت پورہ سے مہمان خصوصی مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری سابق شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ نے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ حافظ قرآن اور ان کے والدین کو میدان محشر میں ہیرے اور جواہرات کا چمکتا تاج پہنائے گا اور حافظ قرآن اپنے خاندان کی بخشش کا ذریعہ بنیں گے ۔ مہمان عالم دین مولانا ڈاکٹر شاکر رضا نوری نے علم کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ علم نبیوں کی میراث ہے اللہ تبارک و تعالیٰ علم دین کے لیے اپنے پسندیدہ بندوق کو منتخب فرماتا ہے اور اسے اپنی کتاب کا وارث بناتا ہے ۔ تقریر کے اختتام پر ناظم اعلیٰ مولانا محبوب عالم اشرفی کو مبارکباد پیش کیا اور کہا کہ علم دین اللہ تعالیٰ کی قربت کا سبب ہے اور اس سے جنت کا راستہ آسان ہوجاتا ہے ۔ مولانا مفتی محبوب عالم اشرفی نے افتتاحی بیان میں کہا کہ علم نور ہے اور جہالت تاریکی ہے ۔ علم کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ وحی کی ابتداء اقراء سے ہوئی اور کہا پڑھئے اپنے رب کے نام سے مولانا نے کہا کہ علم دین حاصل کرنے والے طلباء کے قدموں کے نیچے فرشتے اپنا نورانی پر بچھاتے ہیں ۔ اس موقع پر مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی اور مولانا سیف خالد اشرفی کی چالیس سالہ بے لوث دینی علمی قلمی تحریری ملی سماجی خدمات پر سپاس نامہ پیش کیا ۔ اس موقع سے مہمان عالم دین مولانا سیف خالد اشرفی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے دارالعلوم اہل سنت امام احمد رضا کی مجلس انتظامیہ بالخصوص مولانا محبوب عالم خاں اشرفی مہتمم ادارہ کی جدوجہد محنت جستجو اور لگن اور ادارے کی تعلیم و تعمیر ترقی اور حسن انتظام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ مولانا خواجہ معز الدین اشرفی نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کا خود وعدہ فرمایا مگر اس کی حفاظت کا ظاہری انتظام حافظوں کے حفظ کے ذریعہ قرآن کے الفاظ کی حفاظت فرمائی ۔ قاریوں کے ذریعہ قرات کی حفاظت اور علماء کے ذریعہ معانی کی حفاظت فرمائی اور عرفاء کے ذریعہ قرآن کے معارف کی حفاظت فرمائی ۔ اس موقع پر دارالعلوم اہل سنت امام احمد رضا کے پچیس حفاظ علماء و ائمہ اور دیگر شعبے جات میں فارغین طلبہ کی دستار بندی اور عطائے خلعت سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر جناب سید نبیرہ محمد قادری اور مولانا سید عزیز اللہ قادری اور مولانا شاکر رضا نوری کو ایوارڈ پیش کیا گیا ۔ حافظ سہیل مدنی کے قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا اور مولانا عبدالرشید نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ مولانا نظام الدین رضوی ، مولانا عتیق مصباحی ، مولانا محمد معارف رضا ، مفتی عرفان عالم جامعی ، حافظ اظہر ، حافظ عظیم الدین ، مولانا نثار احمد نامی ، حافظ احمد حسین ، حافظ امان رضا ، حافظ ہارون خاں ، ڈاکٹر غلام رسول ، ڈاکٹر مسیح الدین ، جناب آصف مسعود اشرفی ، الحاج ضیا الحق ، جناب جعفر اشرفی ، جناب عبدالمغنی ، جناب رضوان قادری ، حافظ ثقلین قادری ، جناب لیاقت رضوی ، تجمل حسین و دیگر مقامی علماء و مشائخین و سیاسی قائدین نے شرکت کی اور جلسے کا اختتام صلوۃ و سلام پر ہوا ۔۔

جشن ولادت حضرت سیدنا پیر ان پیر غوث اعظم دستگیرؒ
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( راست ) جشن ولادت حضرت سیدنا پیران پیر غوث اعظم دستگیر ؒ زیر اہتمام سلسلہ عالیہ قادریہ رزاقیہ عثمان منزل روبرو چمن مغل پورہ میں 11 مارچ بروز پیر بعد نماز فجر قصیدہ بردہ شریف و زیارت آثار شریف زیر نگرانی حضرت سید شاہ محمودالحسنی والحسینی قادری جعفری الجیلانی مقرر ہے۔ مہمان خصوصی مولانا سید شاہ عبدالرزاق حسینی قادری کاظم پاشاہ قادری، مولانا سید عبداللطیف حسین قادری، عظیم پاشاہ قادری ، مولانا سید عبدالقادر الحسنی والحسینی قادری ہوں گے۔ محفل چشت سماع 10:30 تا 12:30 بجے دن ہوگی۔
ریاستی تربیتی اجتماع برائے خواتین
حیدرآباد6 مارچ (راست) جامعۃ المؤمنات کا ایک روزہ ریاستی تربیتی اجتما ع برائے خواتین بعنوان: ’’دعوت وتبلیغ اور مسلم خواتین ‘‘ 9 مارچ بروز ہفتہ 9 بجے دن اردو مسکن خلوت میں مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات کی صدارت، مولانا سید شاہ درویش محی الدین قاری مرتضیٰ پاشاہ کی پرسرستی میں مقررہے۔ اجتماع میں الحاج محمدمحمود علی سابق وزیر داخلہ ،جناب سیدعظمت اللہ حسینی صدر نشین وقف بورڈ ، جناب محمد ذوالفقار علی یم یل اے، حافظ مظفر حسین خاں، ڈاکٹر قمر النساء بیگم سابقہ صدر شعبہ عربی عثمانیہ، مفتیہ ناظمہ عزیز ،عالمہ خدیجہ خاتون ، عالمہ نکہت ثمن ، مفتیہ فرحت جابر، عالمہ انعم فاطمہ ، قاریہ یسرہ ، عالمہ شمع فاطمہ ، قاریہ نازیہ شرکت کریںگے ۔اس کے علاوہ پروفیسرس ،ڈاکٹرس ،مفتیان ، علماء کرام مردو خواتین کے اصلاحی عناوین پر خطابات ہونگے اس کے علاوہ نعتیہ بیت بازی وفقہی مذاکرہ ،مختلف زبانوں عربی ، ہندی،تلگو،مراٹھی، پنجابی وغیرہ میں خطابات ہونگے ۔ اس جلسہ میں جامعۃ المؤمنات کے (240) فارغ التحصیل طالبات جن میں الدکتورات ، مفتیات، فاضلات ، عالمات، مولویات، حافظاتِ قرآن کو بدست مہمان خصوصی اسناد وخلعتیں عطا کئے جائینگے۔ اس موقع پرتین کتب کی رسم اجراء بدست مہمان خصوصی عمل میںلائی جائیگی۔

مسجد صفہ ٹولی چوکی میں آج
جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( راست ) : جناب محمد معین الدین کے بموجب انتظامی کمیٹی مسجد صفہ جانکی نگر کے زیر اہتمام بروز جمعرات 7 مارچ کو بعد نماز عشاء عظیم الشان جلسہ استقبال رمضان مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی مولانا پروفیسر راشد نسیم ندوی کے علاوہ مولانا مفتی عبداللہ قاسمی بعنوان ’ رمضان کی اہمیت اور روزہ کی فضیلت اور رمضان کس طرح گذارا جائے ‘ پر خطاب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا خصوصی انتظام رکھا گیا ہے ۔۔
مدرسہ دینیہ اعظم جاہی کا
آج سالانہ جلسہ
حیدرآباد /6 مارچ ( راست ) مدرسہ دینیہ اعظم جاہی منگل گھاٹ کی انتظامی کمیٹی کے تحت سالانہ جلسہ 7 مارچ بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد ہذا میں مقرر ہے ۔ جناب محمد ضیاء الدین نئیر ، مفتی محمد عبدالحئی ، حافظ محمد فہیم الدین ، محمد عمر شفیق مخاطب کریں گے ۔ جلسہ میں طلباء و طالبات اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کریں گے ۔

عرس شریف
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( راست ) حضرت سید شاہ ہاشم اللہ حسینی قادری چشتی کا عرس شریف بمقام محلہ باغ لشکر جنگ دبیر پورہ میں 27 شعبان بروز ہفتہ بعد نماز عشاء جلوس صندل مالی، چادرگُل ، فاتحہ خوانی ہوگی۔ جلسہ فیضان اولیاء و محفل چشت، سماع زیر نگرانی الحاج میر محمد مصطفی علی شاہ عرفانی قادری چشتی مقرر ہے۔