Wednesday , June 28 2017
Home / شہر کی خبریں / مذہب کی بنیاد پر تحفظات سے ملک میں سماجی بے چینی پیدا ہوگی

مذہب کی بنیاد پر تحفظات سے ملک میں سماجی بے چینی پیدا ہوگی

امبیڈکر جینتی کے موقع پر جلسہ سے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی کے نتیجہ میں ملک میں سماج میں بے چینی اور تشویش پیدا ہوگی اور اس سے ایک اور پاکستان بنانے کی راہ ہموار ہوگی ۔ امبیڈکر جینتی کے موقع پر یہاں منعقدہ بی جے پی کے ایک جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے یہ بھی اشارہ دیا کہ چند طبقات کے لیے تحفظات میں اضافہ کرنے سے متعلق حکومت تلنگانہ کی تجویز دستوری طور پر درست نہیں ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معمار دستور بی آر امبیڈکر نے مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی اس لیے مخالفت نہیں کررہے ہیں کیوں کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اس پر عمل درآمد کرنا چاہتے ہیں اور کہا کہ بی جے پی اس طرح کے اقدام کی مخالفت کی تھی جب متحدہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے اور چندرا بابو نائیڈو ( موجودہ چیف منسٹر ) نے بھی اس پر عمل درآمد کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کریں گے کیوں کہ اس سے ایک اور پاکستان کے وجود میں آنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے ۔ یہ آل انڈیا بی جے پی کی پالیسی ہے نہ کہ یہ بی جے پی تلنگانہ یونٹ کی پالیسی ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ بی جے پی فرقہ واری تحفظات کے خلاف ہے کیوں کہ اس سے عوام فرقہ وارانہ اساس پر منقسم ہوجائیں گے اور ملک کی ایک اور تقسیم کا مطالبہ ہوگا ۔ اس سے عوام کے اتحاد میں دراڑ پیدا ہوگی اور سماجی انتشار بھی ہوگا ۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی واضح طور پر کہا کہ ان کی پارٹی مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے اور کہا کہ سماجی موقف اور ( کسی مذہب میں ) پسماندگی کی بنیاد پر فراہم کیے جانے والے تحفظات کو دستور تسلیم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سماجی پسماندگی اور امتیازی سلوک کے شکار افراد کے لیے تحفظات فراہم کرنے کی حامی ہے ۔ مذہب کی بنیاد پر تحفظات سے ملک میں سماجی بے چینی پیدا ہوگی ۔ اس موقع پر پارٹی قائدین بنڈارو دتاتریہ ، بی جے پی تلنگانہ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن اور دوسرے موجود تھے ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT