Monday , June 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / مرلی اور پجارا کی سنچریوں کے بعد انگلینڈ کی مقابلے میں واپسی کی کوشش

مرلی اور پجارا کی سنچریوں کے بعد انگلینڈ کی مقابلے میں واپسی کی کوشش

ہندوستان 319/4 لیکن پہلی اننگز میں ہنوز 218 رنز پیچھے
راجکوٹ۔11 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام)  اوپنر مرلی وجے (126) اور چتیشور پجارا (124) کی شاندار سنچریوں اور ان کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 209 رن کی زبردست شراکت کی بدولت ہندستان نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے دن چار وکٹ پر 319 رن کا اسکور بنا لیا۔ ہندستان اب انگلینڈ کے 537 رنز کے اسکور سے 218 رن پیچھے ہے اور اس کے چھ وکٹ باقی ہیں۔ہندستان نے دن کے آخری دو اوورز میں مرلی اور نائٹ واچ مین امت مشرا  کی وکٹ یکے بعد دیگرے گنوائی جس سے انگلینڈ کو واپسی کا موقع ملا ہے ۔ مرلی نے اپنے کیریئر کی ساتویں اور پجارا نے نویں سنچری بنا ئی ۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کپتان ویراٹ کوہلی 70 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔میزبان نے صبح  کے سیشن میں اوپنر گوتم گمبھیر کا وکٹ گنوایا جبکہ دن کے آخری سیشن میں اس نے پجارا، وجے اور مشرا کی وکٹیں گنوائی۔ لیگ اسپنر عادل راشد نے مرلی کو شارٹ لیگ پر حسیب حمید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔لیگ اسپنر امت مشرا نائٹ واچ مین کے طور پر اترے لیکن بائیں ہاتھ کے  اسپنر ظفر انصاری نے انھیں حمید کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ان دو وکٹوں نے دن کے اختتام تک انگلینڈ کا پلڑا کچھ بھاری کر دیا۔ وجے اور پجارا کی شراکت کے دوران انگلینڈ کے فاسٹ اور اسپن بولرس مسلسل جدوجہد کرتے رہے تھے لیکن اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد انگلینڈ کے بولر ہندوستان پر حاوی ہو گئے ۔اب میچ کے چوتھے دن صبح کا کھیل ہندستان کیلئے بے حد اہم رہے گا۔ہندستان کیلئے فی الحال راحت  یہ ہے کہ کپتان ویراٹ کوہلی میدان پر موجود ہیں۔ ہندستان نے صبح بغیر کوئی وکٹ کھوئے 63 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔وجے نے 25 اور گوتم گمبھیر نے 28 رنز سے ہندستانی اننگز کو آگے بڑھایا۔ہندوستان کو جلد ہی پہلا جھٹکا لگ گیا جب گمبھیر کو اسٹورٹ براڈ نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ گمبھیر نے 72 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو پہلا نقصان68 کے اسکور پر برداشت کرنا پڑا ۔وجے اور پجارا نے اس کے بعد جم کر کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 67 اوور میں 209 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔اس پارٹنرشپ میں پجارا نے 124 اور وجے نے85 رنز بنائے ۔ دونوں لنچ تک ٹیم کے اسکور کو 162 اور چائے کے وقفہ تک 228 رنز تک لے گئے ۔ پجارا نے چائے کے وقفہ کے فورا بعد اپنی سنچری 169 گیندوں میں مکمل کی۔ مرلی نے اپنی سنچری 254 گیندوں میں مکمل کی۔ پجارا کو تو شکرگزار ہونا چاہیے ڈي آرایس کا جس کی وجہ سے وہ بچ گئے اور اپنی سنچری مکمل کر سکے ۔ڈي آرایس کو آٹھ سال بعد ہندوستان کی کسی سیریز میں استعمال کیا ہے ۔وجے کو ان کے 66 رن کے اسکور پر زندگی ملی۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 190 رنز تھا اور ہندستانی اننگز کا 60 واں اوور چل رہا تھا۔براڈ کی گیند پر حمید نے کور پر مرلی  کا کیچ چھوڑا۔انگلینڈ کیلئے براڈ ، انصاری ، رشید اور اسٹوکس نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT