Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکزی حکومت کی ملک کو معاشی طاقت بنانے کی سمت پیشرفت

مرکزی حکومت کی ملک کو معاشی طاقت بنانے کی سمت پیشرفت

کرپشن کی چمپئن جماعتیں رکاوٹیں پیدا کرنے کوشاں۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا بیان
حیدرآباد 5 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کچھ سیاسی جماعتوں اور ’’ کرپشن کے چمپئنس ‘‘ پر تنقید کی اور کہا کہ این ڈی اے حکومت رکاوٹوں کا سامنا کرنے کے باوجود ہندوستان کو معاشی طاقت بنانے کی سمت پیشرفت کر رہی ہے ۔ انہوں نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے جبکہ حکومت کو ملک کی معاشی حالت سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقیدوں کا سامنا ہے ۔ وزیر اقلیتی امور نے آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی شرح ترقی این ڈی اے کے گذشتہ تین سال کے اقتدار میں سات فیصد سے اوپر ہی رہی اور ملک سرمایہ کاری کیلئے ایک انتہائی محفوظ اور طاقتور مقام بن گیا ہے ۔ ان کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں اور کرپشن کے چمپئنس کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے کی حکمت عملی کے باوجود حکومت ہندوستان کو دنیا کی ایک معاشی طاقت بنانے کی سمت پیشرفت کر رہی ہے ۔ ان کے بیان میں کسی سیاسی جماعت یا کسی لیڈر کا نام نہیں لیا گیا ۔ قبل ازیں انہوں نے پردھان منتری مدرا یوجنا پروموشن کیمپ سے خطاب میں کہا کہ مرکز کے نوٹ بندی فیصلے کے نتائج سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں۔ اس فیصلے پر اپوزیشن نے شدید تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کی راست منتقلی کی اسکیم کے نتیجہ میں شفافیت کو فروغ ہوا ہے ۔ یہ رقومات اب ضرورت مندوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے ۔ حکومت کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدرا یوجنا کے تحت 9.23 کروڑ افراد کو قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT