Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکزی حکومت کے کلیریکل امتحانات میں احتیاط سے جوابات دینے کا مشورہ

مرکزی حکومت کے کلیریکل امتحانات میں احتیاط سے جوابات دینے کا مشورہ

امتحان کمپیوٹر پر مبنی ہوگا، خواجہ شعیب علی و دیگر کا دفتر سیاست میں خطاب
حیدرآباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت ہند کے مختلف محکمہ جات میں کلریکل کیڈر کی پانچ ہزار جائیدادوں پر تقررات کے لئے اسٹاف سلیکشن کمیشن کا امتحان کمپیوٹر پر مبنی ہے۔ امیدواروں کو سوالی پرچے کے بجائے کمپیوٹر پر سوالات دیئے جارہے ہیں۔ چنانچہ اس ضمن میں ادارہ سیاست کے تحت کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ کی مشق کے لئے پراجکٹ پر سوالات پیش کئے گئے۔ اس کا توسیعی لکچر دیتے ہوئے مسٹر خواجہ علی شعیب اسوسی ایٹ پروفیسر نے نہایت عمدگی کے ساتھ سوالات کو پیش کیا۔ یہاں محبوب حسین جگر ہال عابڈس میں شہر اور اضلاع کے بے شمار امیدواروں کو سوالات کی نوعیت اور ان کو کمپیوٹر اسکرین پر کس طرح حل کرنا چاہئے، تکنک سے واقف کروایا۔ اس مرتبہ امتحانات 7 جنوری کو مقرر ہے جو چار سیکشن کے 100 سوالات پر 200 نشانات کے لئے ہونے والا ہے۔ اور ہر صحیح جواب پر دو نشان اور غلط جواب پر 0.5 منفی مارکس کا لزوم رکھا گیا ہے۔ اس لئے امیدواروں کو سوالات کو سمجھ کر پورے یقین کے بعد ہی جواب دینا ہوگا۔ اور غلط جواب پر صحیح جواب کے نشان سے آدھا نشان منہا کردیا جاتا ہے۔ جنرل نالج ، ابتدائی ریاضی، انگریزی کے ساتھ ذہنی رجحان کے آبجکٹیو ٹائپ نوعیت کے سوالات ہوتے ہیں۔ ہر سوال کے چار جوابات دیئے جاتے ہیں جن میں کسی ایک صحیح جواب کو منتخب کرنا ہوگا۔ کمپیوٹر ٹسٹ میں صرف صحیح جواب کا بٹن دبانا ہوتا ہے۔ ایس ایس سی کے اس اہم مسابقتی امتحان کے سوالی پرچے تمام طلبہ کو دیئے گئے۔ ایم اے حمید نے ٹائم مینجمنٹ کے ساتھ وقت، سوال اور نشان کے لحاظ سے کس طرح حل کریں اہم تکنک بتائے۔ اس طرح ہر اتوار کو امتحان تک کمپیوٹر ٹسٹ پرچے کو پراجکٹ پر بتانے کے لئے دفتر سیاست میں لکچر کلاسیس پراجکٹ پر ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT