Sunday , April 23 2017
Home / ہندوستان / مرکزی ملازمین اور وظیفہ یابوں کے گرانی الاؤنس میں اضافہ

مرکزی ملازمین اور وظیفہ یابوں کے گرانی الاؤنس میں اضافہ

نئی دہلی ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے گرانی الاؤنس اور گرانی راحت کو یکم ؍ جنوری 2017ء سے موجودہ 2 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد کردیا ہے جس سے 48.85 لاکھ ملازمین اور 55.51 لاکھ وظیفہ یابوں کو فائدہ ہوگا۔ مرکزی کابینہ کا آج وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی سرکاری ملازمین کو اضافی گرانی الاؤنس اور وظیفہ یابوں کو اضافی گرانی راحت کی قسط یکم ؍ جنوری 2017ء سے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈی اے ؍ ڈی آر اس وقت بیسک پے کا 2 فیصد ہے اس میں مزید 2 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ 7 ویں پے کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر طئے شدہ فارمولے کے مطابق اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کنفیڈریشن آف سنٹرل گورنمنٹ ایمپلائز نے مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ کے مقابلہ حکومت کی جانب سے صرف 2 فیصد اضافہ کو معمولی قرار دیا۔
قومی صحت پالیسی کو منظوری
ll  مرکزی کابینہ نے نیشنل ہیلت پالیسی کو بھی آج منظوری دی تاکہ ملک میں سب کیلئے صحت کی خدمات یقینی بنائی  جاسکے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر جے پی ندا امکان ہیکہ کل پارلیمنٹ میں اس پالیسی کے تعلق سے ازخود بیان دیں گے اور پالیسی کی اہم خصوصیات واضح کریں گے۔ وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ پرائمری ہیلت سنٹر کی سطح پر خدمات کو وسعت اس پالیسی کا سب سے اہم جزو ہے۔ مثال کے طور پر پرائمری ہیلت سنٹر میں اس وقت صرف ٹیکہ اندازی، حاملہ خواتین کی جانچ اور دیگر امور انجام دیئے جاتے ہیں لیکن ان خدمات کو وسعت دیتے ہوئے غیرمتعدی امراض کی جانچ اور اسی طرح کے مزید کئی پہلوؤں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
50 کیندریا ودیالیہ کے قیام کا فیصلہ
ll  ملک بھر میں 50 نئے کیندریا ودیالیہ قائم کئے جائیں گے تاکہ تقریباً 50 ہزار طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ مرکزی کابینہ نے اس پراجکٹ پر عمل آوری کو منظوری دے دی ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہیکہ یہ اسکولس سیول ؍ ڈیفنس سیکٹر کیلئے پہلی تا پانچویں جماعت ہوں گے اور موجودہ کیندریا ودیالیہ میں جہاں 12 لاکھ طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں، مزید 50 ہزار طلبہ کو یہ سہولت فراہم ہوگی۔ اس کے علاوہ نئے کیندریا ودیالیہ میں 650 جائیدادیں بھی پُر کی جائیں گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT