Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / مرکزی وزراء وی کے سنگھ اور کرن رجیجو کی سرزنش وزیر داخلہ راجناتھ کا ردعمل

مرکزی وزراء وی کے سنگھ اور کرن رجیجو کی سرزنش وزیر داخلہ راجناتھ کا ردعمل

نئی دہلی، 23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج مرکزی وزراء وی کے سنگھ اور کرن رجیجو کے متنازعہ بیانات کی بناء پر ان کے خلاف کارروائی کا اشارہ دیا اور کہا کہ وہ صرف یہ کہتے ہوئے کہ اُن کے بیانات کی غلط تاویل کی گئی، اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا، ’’جب بھی ہم اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہوں، ہمیں انتہائی محتاط رہنا چاہئے‘‘۔ وہ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ کی یہ سرزنش مملکتی وزیر امور خارجہ وی کے سنگھ کے فرید آباد میں دو دلت بچوں کی ہلاکت پر تبصروں کے خلاف عوامی برہمی کے پیش نظر منظر عام پر آیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے بھی عوامی تنقید کا سامنا کیا جبکہ انہوں نے چہارشنبہ کے دن بیان دیا تھا کہ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر ایک بار کہہ چکے ہیں کہ شمالی ہندوستان کے عوام کو اپنے آپ پر فخر ہے اور وہ قانون شکنی کرکے خوشی محسوس کرتے ہیں۔ راجناتھ نے کہا کہ ان کے خیال میں برسراقتدار پارٹی کے قائدین کو بیان دیتے وقت انتہائی محتاط رہنا چاہئے ۔ راجناتھ نے کہا کہ مرکزی وزراء اور بی جے پی قائدین کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ان کے بیانات کی صحیح عکاسی ہوتی ہو اور ان کے ذریعہ کوئی غلط پیغام عوام تک نہیں پہنچتا ہو۔ وی کے سنگھ نے دلت بچوں کی ہلاکت پر کہا تھا کہ اگر کوئی شخص کسی کتے کو پتھر مارے تو مرکزی حکومت اس کی ذمہ دار قرار نہیں دی جاسکتی۔ اس پر عوام میں برہمی پیدا ہوئی اور اپوزیشن نے وزیر کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT