Wednesday , September 20 2017
Home / جرائم و حادثات / مرکزی وزیر دتاتریہ کا قیمتی موبائل چوری

مرکزی وزیر دتاتریہ کا قیمتی موبائل چوری

مکان سے نامعلوم سارق کی دلیرانہ کارروائی ، عہدیدار حیران

حیدرآباد۔ 15 مئی (سیاست نیوز) قیمتی موبائل فونس کے سرقوں کے واقعات میں اضافہ کے درمیان مرکزی مملکتی وزیر محنت مسٹر بنڈارو دتاتریہ کا آج ان کے مکان سے نامعلوم سارق نے ان کے موبائیل فون کا سرقہ کرلیا۔ مشیرآباد پولیس نے وزیر کے پی اے کی درخواست موصول ہونے پر سرقہ کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ تفصیلات کے بموجب رام نگر مشیرآباد میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی غرض سے سینکڑوں افراد آئے تھے۔ آج صبح 8:30 بجے دتاتریہ نے اپنے مکان کے وزیٹر ہال میں سیامسنگ گیلکسی J7 موبائل فون چارجنگ کیلئے رکھا تھا اور بعدازاں پہلی منزل پر واقع اپنے مکان کے ایک حصہ میں کچھ دیر کیلئے گئے تھے اور جب واپس ہوئے تو ان کا موبائل فون غائب پایا۔ مرکزی مملکتی وزیر نے اپنے اسٹاف کو موبائل فون تلاش کرنے کیلئے کہا لیکن ان کی کوششیں ناکام رہیں اور موبائل فون کا پتہ نہ چل سکا۔ وزیر کے ایڈیشنل پی اے مسٹر یوگیندر نے مشیرآباد پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کرائی جس کے بعد ڈیٹکٹیو انسپکٹر مسٹر سنتوش کمار فوری حرکت میں آگئے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیر موصوف کی رہائش گاہ پہنچ گئی، لیکن پولیس کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے وزیر کے مکان میں نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمرے غیرکارکرد پایا۔ مشیرآباد پولیس نے دتاتریہ کے مکان سے کچھ ہی فاصلے پر واقع سرینواسا ساری سنٹر کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کی اور اس کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ پولیس نے وزیر موصوف کے موبائل فون کا آئی ایم ای آئی (انٹرنیشنل مینوفیکچرنگ ایکوپمنٹ انڈنٹیٹی نمبر) بھی حاصل کرلیا اور اسے حیدرآباد سٹی پولیس کے شعبہ آئی ٹی سیل کے حوالے کردیا۔ پولیس نے  وزیٹرس کی فہرست بھی حاصل کی ہے اور مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT