Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکز پر ملک کی معیشت کو زوال پذیر کرنے کا الزام

مرکز پر ملک کی معیشت کو زوال پذیر کرنے کا الزام

اصلاحات کے نام پر غریبوں کی فلاح و بہبود نظرانداز : پرکاش کرت
وجئے واڑہ 17 اپریل (این ایس ایس) سی پی ایم پولیٹ بیورو ممبر اور سابق نیشنل سکریٹری پرکاش کرت نے آج مرکز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس نے اصلاحات کے نام پر ملک کی معیشت کو زوال پذیر کردیا ہے۔ پرکاش کرت نے الزام عائد کیاکہ نریندر مودی کے زیرقیادت این ڈی اے حکومت غریبوں کی قیمت پر کارپوریٹ شعبہ کو ایف ڈی آئی کو ترجیح دے رہی ہے۔ سی پی ایم قائد ایم بسوا پنیا کی 24 ویں برسی کے موقع پر یہاں ایک یادگار لکچر میں حصہ لیتے ہوئے انھوں نے الزام عائد کیاکہ این ڈی اے حکومت قومی وسائل پوری طرح بیرونی سرمایہ کاروں کو پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ سی پی ایم قائد نے ملک میں کارپوریٹ شعبہ کے لئے 62,000 کروڑ روپئے الاٹ کرنے اور غریبوں کے لئے دی جانے والی سبسیڈیز میں کٹوتی کرنے پر مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ پرکاش کرت نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اصلاحات کے نام پر بیرونی راست سرمایہ کاری کے لئے دروازے کھولنے پر سخت اعتراض کیا۔ انھوں نے کہاکہ مودی حکومت غریبوں کو دی جانے والی سبسیڈیز میں کمی کررہی ہے جو درست نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم اصلاحات کے خلاف نہیں ہیں جو ترقی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں تاہم یہ غریبوں کی قیمت پر نہیں ہونے چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ سی پی ایم اس طرح کے مسائل پر قومی سطح پر جدوجہد کرے گی جوکہ بسوا پنیا کو حقیقی خراج ادا کرنا ہوگا جنھوں نے غریبوں کے کاز اور محنت کش طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے جدوجہد کی تھی۔ پرکاش کرت نے کہاکہ سی پی آئی اس کی ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر کارپوریٹ شعبہ کو مدد کرنے کے حکومت کے آمرانہ رویہ کے خلاف احتجاج کرے گی۔ پرکاش کرت نے کہاکہ اگر غیر جمہوری اصلاحات شروع کئے گئے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ اس کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

TOPPOPULARRECENT