Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکز کی این ڈی اے اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومتوں کے خلاف احتجاج کا مشورہ

مرکز کی این ڈی اے اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومتوں کے خلاف احتجاج کا مشورہ

یوتھ کانگریس کا جلسہ عام ، اتم کمار ریڈی ، امریندر سنگھ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے یوتھ کانگریس کو کانگریس کی نوجوان فوج قرار دیتے ہوئے این ڈی اے اور ٹی آر ایس حکومتوں کے عوام دشمن فیصلوں اور پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی مسٹر انیل کمار یادو کی جانب سے آر ٹی سی کلیانا منڈپم میں منعقدہ یوتھ کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ، اس جلسہ عام میں صدر آل انڈیا یوتھ کانگریس مسٹر امریندر سنگھ راجہ برار قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی کانگریس کے ارکان اسمبلی ڈی کے ارونا ، سمپت کمار ارکان قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی ، کے راجگوپال ریڈی ، سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل ، ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کو ایک سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی حکومتوں نے اپنے اپنے منشور سے کئے گئے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا ۔ دونوں حکومتوں کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل آوری کررہی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے دونوں حکومتوں کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف دیہی سطح سے ریاستی سطح تک جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ کے جانا ریڈی نے آنجہانی راجیو گاندھی کے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے ان کے ادھورے خوابوں کی تعبیر کے لیے یوتھ کانگریس قائدین کو متحرک ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ امریندر سنگھ راجہ برار نے جلسہ کا اہتمام کرنے کی ستائش کرتے ہوئے انیل کمار یادو کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مختلف احتجاجی پروگرامس شروع کریں اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں ۔ اور کہا کہ یوتھ کانگریس ، کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ہے عہدوں کی پرواہ کئے بغیر یوتھ کانگریس قائدین تعمیری رول ادا کریں ۔ انہوں نے این ڈی اے اور ٹی آر ایس حکومتوں کے خلاف محاذ کھڑا کرنے اور مختلف پروگرامس کے ذریعہ عوام کا دل جیتنے کا یوتھ کانگریس قائدین کو مشورہ دیا اور آنجہانی راجیو گاندھی کی سیاسی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کو نوجوانوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا ۔ ایم انجن کمار یادو نے اپنے شاعرانہ انداز میں مودی اور کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں حکومتوں سے عوام بدظن ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں کے سی آر کا کوئی رول نہیں ہے ۔ کانگریس کا زندگی بھر مرہون منت رہنے کے بجائے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کانگریس کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مسٹر انیل کمار یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں خاندانی راج چل رہا ہے ۔ تلنگانہ کے لیے قربانیاں دینے والوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف جو بھی ایجی ٹیشن پروگرام دیا جارہا ہے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے یوتھ کانگریس کارکن اس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت فیس ری ایمبرسمنٹ کی اجرائی میں تاخیر کرتے ہوئے طلبہ کی تعلیم کو متاثر کررہی ہے ۔ مسلمانوں اور قبائلی طبقہ کو 12 فیصد تحفظات فراہم نہیں کئے گئے دلتوں کو تین ایکڑ اراضی نہیں دیا گیا ۔ ان سب کے خلاف یوتھ کانگریس احتجاجی مہم شروع کی جائے گی ۔ صدر آل انڈیا یوتھ کانگریس کمیٹی مسٹر امریندر سنگھ راجہ برار کو ایرپورٹ سے آر ٹی سی ایکس روڈ تک ریالی میں پہونچایا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT