Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکز کی بی جے پی حکومت پر سیاسی انتقام لینے کا الزام

مرکز کی بی جے پی حکومت پر سیاسی انتقام لینے کا الزام

راہول گاندھی کی گرفتاری پر جیل بھرو پروگرام کا انتباہ ، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت پر سیاسی انتقام لینے کا الزام عائد کیا ۔ سونیا گاندھی ، راہول گاندھی کو گرفتار کرنے کی صورت میں جیل بھرو پروگرام شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ 19 دسمبر کو تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں میں احتجاجی دھرنے منظم کرنے کا اعلان کیا ۔ آج گاندھی بھون میں نیشنل ہیرالڈ کے مسئلہ پر شعور بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ اس پروگرام میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا سابق وزراء مسٹر ڈی ناگیندر ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی سابق ارکان پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک ، مسٹر ایم انجن کمار یادو ، مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔ ترجمان اعلیٰ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر شرون کمار نے پاور پریزنٹیشن کے ذریعہ نیشنل ہیرالڈ پر تفصیلات پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ مکمل کانگریس کا اخبار ہے ۔ انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو اور ہندی زبان میں شائع ہوا کرتا تھا ۔ بی جے پی کے قائد سبرامنیم سوامی نے اس کو موضوع بنایا اور وزیر اعظم نریندر مودی اس کو صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سیاسی انتقام لے رہے ہیں ۔ اور 19 دسمبر کو سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو عدالت طلب کیا گیا ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عدلیہ پر کانگریس کو مکمل بھروسہ ہے ۔ تاہم وزیراعظم کا دفتر اس معاملے میں بہت زیادہ سرگرمی دیکھاتے عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے بی جے پی کے سیاسی انتقام کے خلاف 19 دسمبر کو تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں میں احتجاجی دھرنے منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کو کامیاب بنانے کی پارٹی کے تمام قائدین اضلاع صدور کے علاوہ موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو گرفتار کیا جاتا ہے تو کانگریس پارٹی اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے جیل بھرو پروگرام کا آغاز کرے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس پارٹی مرکز اور تلنگانہ میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کو عوام میں اجاگر کررہی ہے ۔ ایک منظم سازش کے تحت اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کے لیے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT