Sunday , October 22 2017
Home / ہندوستان / مرکز ۔ دہلی تعلقات پر اروند کجریوال کا بیان قوم مخالف : وجئے گوئل

مرکز ۔ دہلی تعلقات پر اروند کجریوال کا بیان قوم مخالف : وجئے گوئل

نئی دہلی 18 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اسپورٹس وجئے گوئل نے آج کہا کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مرکز و ان کی دہلی حکومت کے مابین صورتحال کو ہند ۔ پاک صورتحال سے تشبیہہ دینے کو قوم مخالف قرار دیا ہے اور کہا کہ کجریوال کو اس پر معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکینڈل ہی ہے کہ کجریوال ‘ دہلی کو پاکستان سے ملانے کی کوشش کر ہرے ہیں۔ یہ قوم مخالف بیان ہے ۔ خود کو مظلوم ظاہر کرتے ہوئے پاکستان سے تشبیہہ دینا غلط ہے اور اس سے کجریوال کا امیج داؤ پر لگ گیا ہے ۔ اگر یہ بات کسی دن بین الاقوامی فورم میںآجائے تو کجریوال اس کا جواب کس طرح دینگے ۔ انہوں نے کجریوال کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور ایک چیف منسٹر کیلئے ناذیبا قرار دیا اور ان سے اس مسئلہ پر معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس دوران اتر پردیش کے دو بی جے پی قائدین نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جنہوں نے نریندر مودی حکومت پر دہلی ۔ مرکز تعلقات کو ہند پاک صورتحال کی سطح پر لا دیا ہے ۔ بی جے پی مغربی اتر پردیش یونٹ کے جنرل سکریٹری سوریہ پرکاش پال نے کہا کہ کجریوال نے جو کچھ کہا ہے اس کے بعد وہ ایک دشمن ملک کے سربراہ حکومت کے زمرہ میں آگئے ہیں۔ بی جے پی کی یوتھ ونگ کے جنرل سکریٹری اودیش شرما نے بھی اسی خیال کا اظہار کیا ہے ۔ کجریوال نے ‘ جو عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر ہیں ‘ اپنے پہلے شو ’ ٹاک ٹو اے کے ‘ میں کل کہا تھا کہ ان کی حکومت نے اپنے اقتدار کے 17 ماہ میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں ان کامیابیوں کو مزید چار گنا بہتر بنایا جاسکتا تھا اگر مرکزی حکومت کی جانب سے اس کی راہ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر مرکزی حکومت نے مرکز ۔ دہلی تعلقات کو ہند ۔ پاک تعلقات کی صورتحال میں نہیں ڈھالا ہوتا تو بہت کچھ کیا جاسکتا تھا ۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ کجریوال ‘ مرکز کی نریندر مودی حکومتکی قابل تعریف کارکردگی سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں جبکہ وہ ایسے نکات پر نظریں رکھے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے وہ مرکزی حکومت کوا پنی دشمن قرار دے سکیں۔ ان قائدین نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے پر تلا ہوا ہے جبکہ اروند کجریوال بی جے پی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ کجریوال نے الزام عائد کیا تھا کہ مرکزی حکومت دہلی میں عام آدمی حکومت میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ ہر ہر کام میں سی بی آئی کو استعمال کرر ہے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا تھا کہ ہر ایک کا ایک دن آتا ہے اور یہ سب کچھ بھی بہت جلد ختم ہوجائیگا ۔

TOPPOPULARRECENT