Wednesday , August 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مزدور طبقات کو رعایتی شرح پر بس میں سفر کی سہولت

مزدور طبقات کو رعایتی شرح پر بس میں سفر کی سہولت

گلبرگہ ۔ /17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): بنگلور مٹیرو پولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے ریاست کی سدرامیا حکومت کے تین سال کی تکمیل کے موقع پر ایک نئی اسکیم بس بھاگیہ متعارف کرانے پر غور کیاجارہاہے۔اس اسکیم کے تحت تعمیراتی مزدوروں ، گارمنٹس ملازمین اور محنت کش طبقے کیلئے بس میں رعایتی شرح پر سفر کی سہولت متعارف کرائی جارہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت محنت کش طبقے کو 50 فیصد رعایت پر بسوں میں سفر کی سہولت دی جائے گی۔ خاص طور پر پینیا ، ٹمکور روڈ ، نلمنگلا، ہوسور روڈ ، ممسندرا ،کنگیری اور راجہ جی نگر علاقوں میں مختلف مقامات پر روزانہ صبح 8 سے دس بجے تک اور شام چھ سے دس بجے تک ایک مخصوص رنگ کی بسیں دوڑائی جائیں گی، جن میں سفر کرنے والے ملازمین کو 50 فیصد رعایت میں ٹکٹ دی جائے گی۔ بی ایم ٹی سی کے چیرمین نابی راج جین نے بتایاکہ ان بسوں میں سفر کرنے والے مزدوروں کو 50 فیصد رعایت ہمہ وقت حاصل رہے گی۔ تجرباتی طور پر ایسی سو بسیں بنگلور بھر میں دوڑائی جارہی ہیں ۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہاتو ریاست بھر میں ایسی بسوں کو دوڑانا شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ مشرق مغرب میٹرو ریل کاریڈور کی شروعات کے بعد سے ان علاقوں میں روانہ مسافروں کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بی ایم ٹی سی کی یہ کوشش ہے کہ آنے والے مالی سال کے دوران بہتر سے بہتر منافع حاصل کرے، تاکہ اس منافع کے ذریعہ ریاست کے دیہی علاقوں کو بسوں کی سہولت فراہم کی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT