Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / مزید دو برقی کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات برخاست

مزید دو برقی کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات برخاست

فیوز کال آف کے ملازمین کا خدمات سے بائیکاٹ ، برقی سربراہی میں خلل کے انتباہ پر عہدیداران متحرک
حیدرآباد۔13 جولائی (سیاست نیوز ) محکمہ برقی کے اسسٹنٹ انجنیئر کو تھپڑ رسید کرنے کے معاملہ میں سابق کارپوریٹر خواجہ بلال کی گرفتاری کے بعد تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹربیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ نے سخت گیر کاروائی کرتے ہوئے مزید دو کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو برخواست کردیا جس کے فوری بعد ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے فیوز آف کال پر متعین کنٹراکٹ ملازمین نے خدمات میں رخنہ پیدا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آج خدمات سے رجوع نہیں ہوئے اور خدمات کا بائیکاٹ شروع کردیا۔ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں کا دعوی ہے کہ ان ملازمین کی خدمات کے بائیکاٹ کا برقی سربراہی پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا کیونکہ محکمہ کی جانب سے متبادل انتظامات کر لئے گئے ہیں۔دو یوم قبل سابق کارپوریٹر کی جانب سے محکمہ برقی کے عہدیدار کی پٹائی کے معاملہ میں ان کی گرفتاری کے بعد محکمہ برقی نے دو ملازمین شاکر علی خان اور محمد سلیم کی خدمات کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا اور 12جولائی کو ان کی خدمات برخواست کرنے کیلئے کنٹراکٹر کو احکام جاری کر دئے گئے۔ اسی دوران کنٹراکٹ ملازمین نے خدمات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے برقی سربراہی میں خلل پیدا کرنے کا انتباہ دیا جس پر محکمہ برقی کی جانب سے شعبہ انجنیئرنگ اور آپریشنس و مینٹیننس کے عہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے ان سے اضافی کام لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جناب میر کمال الدین علی خان ڈائیرکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے بتایا کہ دونوں شہروں با لخصوص پرانے شہر کے علاقوں میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں نے سابق کارپوریٹر اور مذکورہ ملازمین کے رویہ کا شدید نوٹ لیا ہے اور اس صورتحال میںان ملازمین کے خلاف کاروائی ناگزیر تھی کیونکہ کاروائی نہ کیا جانا اس طرح کے واقعات کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہوتا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین و منیجنگ ڈائیریکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل مسٹر رگھوما ریڈی نے بھی ان ملازمین کے خلاف کی گئی کاروائی کو درست قرار دیا اور کہا کہ عہدیداروں کی پٹائی اور انہیں دھمکانے جیسے واقعات کے تدارک کے لئے سخت گیر کاروائی ناگزیر تھی۔ کنٹراکٹ ملازمین کی جانب سے سیاسی دباؤ ڈالتے ہوئے برخواست کئے گئے ملازمین کی بحالی کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن باوثوق ذرائع کے بموجب سیاسی قائدین بھی برخواستگی کی مخالفت نہیں کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT