Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / مزید 40 ہزار پناہ گزینوں کے جرمنی پہونچنے کا امکان

مزید 40 ہزار پناہ گزینوں کے جرمنی پہونچنے کا امکان

میونخ ( جرمنی ) ۔ 12 سپٹمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمنی میں حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دن میں ملک میں مزید 40 ہزار پناہ گزین داخل ہو سکتے ہیں۔یہ تعداد گذشتہ اختتامِ ہفتہ پر جرمنی آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد سے دُگنی ہے۔ان پناہ گزینوں میں سے اکثر کے ملک کے جنوبی شہر میونخ پہنچنے کا امکان ہے۔جرمن حکام نے پناہ گزینوں کی آمد کے انتظامات کے سلسلے میں مدد دینے کے لئے چار ہزار فوجیوں کو بھی تعینات کر دیا ہے۔شام اور لیبیا جیسے جنگ زدہ ممالک سے آنے والے پناہ گزینوں کیلئے جرمنی پسندیدہ منزل بنا ہوا ہے اور اس کی بڑی وجہ جرمن حکومت کی پناہ کے طالب افراد کی رجسٹریشن کے یورپی یونین کے قانون کی معطلی بھی ہے۔گذشتہ ماہ جرمنی کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ تمام پناہ گزینوں کی درخواستوں پر کارروائی کرے گی اس کے قطع نظر کہ وہ سب سے پہلے کس یورپی ملک میں داخل ہوئے تھے۔اس کے بعد سے ہزاروں پناہ گزین ترکی سے بلقان اور ہنگری کے راستے جرمنی، آسٹریا اور سویڈن پہنچنے کے لئے نکل پڑے ہیں۔جرمن شہر میونخ میں گذشتہ ہفتے پہنچنے والے پناہ گزینوں کا ریلوے سٹیشن پر استقبال کیا گیا تھا جس کے بعد پورے ہفتے پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔میونخ کے میئر دائتر ریتر نے دیگر شہروں کے حکام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پناہ گزینوں کو جگہ دینے کے لیے آگے بڑھیں۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جرمن حکومت ایسے اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے جن کے تحت خالی مکانات کو حکومتی تحویل میں لے کر وہاں پناہ گزینوں کو بسایا جا سکے گا۔حکام نے شمالی جرمنی میں زیریں سیکسنی کے صوبے میں لون برگ ہیتھ کے مقام پر ایک بڑا مرکز بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور آسٹریا سے آنے والے پناہ گزینوں کو براہِ راست وہیں لے جایا جائے گا۔تارکین وطن کی حمایت میں ہفتہ کو یورپ بھر میں ریالیاں اور مظاہرے منعقد ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT