Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مسائل کی بنیاد پر مرکز کی تائید ‘ حکومت میں شمولیت کا امکان مسترد

مسائل کی بنیاد پر مرکز کی تائید ‘ حکومت میں شمولیت کا امکان مسترد

ریاست کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں ‘چیف منسٹر کا دورہ کامیاب ‘ دہلی میں تلنگانہ کے نمائندے وینوگوپال چاری کا بیان
حیدرآباد 14 فبروری ( سیاست نیوز ) نئی دہلی میں حکومت تلنگانہ کے خصوصی نمائندے وینو گوپال چاری نے آج ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی بہت جلد مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں شامل ہوجائیگی ۔ انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی دہلی سے حیدرآباد واپسی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ ٹی آر ایس کی جانب سے این ڈی اے حکومت کو مسائل پر مبنی تائید فراہم کرنے کا منصوبہ ضرور ہے لیکمن اس کا بی جے پی زیر قیادت اتحاد میںشامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کردیا کہ ٹی آر ایس این ڈی اے حکومت کے خلاف جارحانہ موقف اختیار نہیں کریگی ۔ ٹی آر ایس مرکزی حکومت کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنا چاہتی ہے تاکہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے درکار فنڈز حاصل کئے جاسکیں۔ وینو گوپال چاری نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ اس سلسلہ میں تعمیری رول ادا کرینگے اور تلنگانہ عوام کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے مسائل اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ میڈیا میں کچھ حلقوں کی جانب سے یہ خبریں پیش کی جا رہی ہیں کہ ٹی آر ایس مرکزی حکومت میں شامل ہوگی ۔ یہ اطلاعات درست نہیں ہیں۔ ٹی آر ایس بی جے پی حکومت میں شامل نہیں ہوگی ۔ یہ محض کچھ افراد کی جانب سے کیا جا رہا پروپگنڈہ ہے ۔ وینو گوپال چاری کے ریمارکس کو اس لئے اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دورہ دہلی پر یہ اطلاعات گشت کر رہی تھیں کہ وہ این ڈی اے حکومت میں شامل ہونے کے منصوبے کے ساتھ دہلی گئے تھے ۔ کہا جا رہا تھا کہ کے سی آر اپنی دختر کے کویتا اور کچھ دوسرے ارکان پارلیمنٹ کیلئے وزارتی عہدے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وینو گوپال چاری نے کہا کہ یہ تشہیر اور پروپگنڈہ درست نہیں ہے ۔ ہم صرف مسائل کی بنیاد پر مرکزی حکومت کی تائید کرینگے اور جہاں کہیں ریاست کے مفادات کا مسئلہ آئیگا اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ مرکزی حکومت اگر کوئی کام ریاست کے مفادات کے خلاف کرتی ہے تو اس کی مخالفت کی جائیگی ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت ریاست کیلئے پارلیمنٹ بجٹ اجلاس میں اضافی فنڈز فراہم کریگی ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت سے امید ہے کہ مختلف پروگراموں کیلئے کے سی آر حکومت نے جو فنڈز طلب کئے ہیں وہ فراہم کئے جائینگے ۔ ڈاکٹر چاری نے کہا کہ کے سی آر نے وزیراعظم سے ملاقات میں کوئی سیاسی بات نہیں کی ۔ ریاست کے بعض مسائل اور رقومات کے تعلق سے بات کی تھی۔ وینو گوپال چاری نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا دورہ دہلی نہایت کامیاب رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT