Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ہی کامیابی کا ضامن

مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ہی کامیابی کا ضامن

ایمسیٹ فری کوچنگ کلاسیس کی افتتاحی تقریب ، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق انجینئرنگ کے شعبہ میں نئے نئے مضامین کا اضافہ ہورہا ہے جس میں تحقیق ، ترقی و روزگار کے زیادہ مواقع دستیاب ہیں ۔ پھر اگر تعلیمی اعلیٰ معیاری کالج میں ہو تو مستقبل سازی میں معاون ہوتی ہے اور معیاری کالج میں داخلہ کے لیے بہتر رینک ضروری ہے اور بہتر رینک حاصل کرنے کے لیے پختہ ارادہ ، سنجیدہ محنت اور منصوبہ بند تیاری ضروری ہے ۔ سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرتے ہوئے اقلیتی امیدوار سرکاری کالج یا اعلیٰ معیاری کالج میں داخلہ پاسکتے ہیں ۔ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات جامعہ عثمانیہ CEDM کے زیر اہتمام نظام کالج پر ایمسیٹ کوچنگ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے ان خیالات کا اظہار کیا اور امیدواروں کو مشورہ دیا کہ اپنے آپ میں اعتماد پیدا کریں اور احساس کمتری کو دور کریں ۔ اور اپنی ذاتی صلاحیتوں کو دوسروں سے کمتر نہ سمجھیں ۔ خود اعتمادی اور سنجیدگی سے مسابقت کا سامنا کریں تو یقینا کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔ امتحان کے دن مقررہ وقت سے قبل مرکز امتحان کو پہنچ جائیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ نظام کالج پر ماہر اساتذہ کے ذریعہ کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد ، ظہیر آباد ، محبوب نگر اور نلگنڈہ میں بھی کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 3 اپریل سے حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد ، محبوب نگر ، ظہیر آباد ، نلگنڈہ اور کرم نگرپر POLYCET کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ 19 اپریل سے نظام کالج پر ECET کوچنگ کا آغاز ہوگا اور 20 اپریل سے ICET کوچنگ کا آغاز ہوگا ۔ یہ کوچنگ پروگرامس محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیر سرپرستی چلائے جارہے ہیں ۔ جناب شیخ چاند ساجد ، سینئیر پروجکٹ آفیسر نے امیدواروں سے کہا کہ امتحان کے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ تیز رفتاری کے ساتھ صحیح جوابات بہتر رینک کے لیے ضروری ہیں ۔ ڈاکٹر سید اسرار احمد پروجکٹ آفیسر نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے ساتھ کوچنگ سے استفادہ کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT