Wednesday , August 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مساجد کو آباد کرنا مسلمانوں کا اہم فریضہ

مساجد کو آباد کرنا مسلمانوں کا اہم فریضہ

جنگاؤں کی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کا آغاز، مولانا عبد الحفیظ قاسمی کا خطاب
جنگاؤں /11 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک مینار مکہ مسجد گرنی گڈہ لکشمی بائی کنٹہ جنگاؤں کا افتتاح مولانا محمد عبد الحفیظ قاسمی نے کیا۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ کے گھر کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں، جنھیں اللہ تعالی توفیق دیتا ہے۔ مسجد بنانے والے کے لئے اللہ تعالی آخرت میں گھر بنائے گا۔ ہر مسلمان کو مساجد و مدارس کے لئے تعاون کرنا چاہئے، کیونکہ یہ آخرت کا خزانہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کے تیسرے بھائی مرحوم جناب محمد شریف صاحب نے 450 گز زمین مسجد کے لئے وقف کردی۔ مسجد کو زمین دینے کے ایک سال بعد شریف صاحب کا انتقال ہو گیا۔ اس کے بعد جمال شریف ایڈوکیٹ نے اس مسجد کی تعمیر میں بڑی جستجو و محنت کی۔ انھوں نے کہا کہ مسجد تو تعمیر ہو گئی، لیکن اس کو آباد کرنا اہلیان محلہ کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر جناب جمال شریف متولی ایک مینار مکہ مسجد جنگاؤں نے کہا کہ مرحوم شریف بھائی نے اپنے والدین کے نام پر مسجد بنانے کے لئے یہ زمین خریدی تھی اور عارضی مسجد میں پانچ وقت کی نماز ہو رہی تھی، مگر جمعہ کی نماز نہیں ہو رہی تھی۔ اللہ تعالی نے آپ تمام لوگوں کے تعاون اور مشوروں سے یہ کام مکمل کردیا۔ اہل خیر حضرات نے ذمہ داری کے ساتھ یہ مسجد تعمیر کی، اس طرح جنگاؤں کی مساجد میں ایک اور مسجد کا اضافہ ہوا۔ آپ تمام لوگ ہمارے حق میں دعا کریں اور مرحوم شریف بھائی کو اللہ تعالی جنت نصیب فرمائے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی آبادی میں اس مسجد کی ضرورت تھی، آپ سب کے تعاون سے اللہ کا گھر بن گیا۔ اس کام میں جن لوگوں نے تعاون کیا اور مشورے دیئے، اللہ تعالی ان تمام کی مدد فرمائے۔ انھوں نے کہا کہ صحن میں فرش کے علاوہ وضوء خانہ اور طہارت خانہ کا کام ابھی باقی ہے، ایک دن یہ کام بھی مکمل ہو جائے گا۔ اس موقع پر محمد مظہر شریف سینئر کانگریس قائد، محمد خواجہ مجتہد الدین، محمد ظہیرالدین، محمد ہاشم صدر مسجد محمدیہ، محمد پاشاہ، محمد غالب محی الدین، محمد بابو بھائی، تسلیم الدین، غلام علی، حاجی، غلام، افضل، سرور، حیدر بیگ، کلیم اللہ، محمد سراج، محمد امجد، جواد، علیم بن عبد اللہ، سلیم، محمد جانی، ارشاد اللہ ہاشمی، غوث، رضا، ارشاد، عامر اور دیگر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT