Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / مساوی انصاف کیلئے موثر قانونی نظام ضروری : جسٹس دتو

مساوی انصاف کیلئے موثر قانونی نظام ضروری : جسٹس دتو

نئی دہلی 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ایچ ایل دتو نے آج کہا کہ ایک مضبوط ‘ موثر اور جمہوری قانونی نظام ملک کے ہر شہری کو انصاف تک مساوی رسائی دینے کیلئے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط ‘ موثر اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے والا قانونی نظام جمہوریت کے بنیادی ڈھانچہ میں شامل ہے ۔ جسٹس دتو نے یوم قانونی خدمات کے موقع پر اپنے تحریری پیام میں کہا کہ خود قانونی نظام کو بھی جمہوری رنگ دینے کی مساوی اہمیت ہے ۔ اس کے نتیجہ میں ہمارے ملک کے ہر شہری کو تیز رفتار اور موثر مساوی وغیر جانبدارانہ انصاف مل سکتا ہے ۔ جسٹس دتو نے جو نیشنل لیگل سروسیس اتھاریٹی کے پیٹرن بھی ہیں مزید کہا کہ حالانکہ آزادی کے بعد سے کئی قدیم روایات کو ختم کیا گیا ہے اور اچھی پیشرفت ہوئی ہے لیکن سماج کے کئی طبقات کا ہنوز ابھی تک استحصال ہو رہا ہے اور اس کو روکنے کی ضرورت ہے اور اس سمت میں بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف انداز میں استحصال کا سلسلہ جاری ہے اور سماج کے کچھ طبقات اس کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ اس استحصال کو روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔

TOPPOPULARRECENT