Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / مستحکم جموں و کشمیر کیلئے عوام شراکت دار بنیں : محبوبہ مفتی

مستحکم جموں و کشمیر کیلئے عوام شراکت دار بنیں : محبوبہ مفتی

سرینگر ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکمراں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے آج عوام سے خواہش کی ہیکہ وہ سیاسی طور پر مستحکم جموں و کشمیر کی صورت گری میں سرگرم شراکت دار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی خوشحالی کیلئے امن اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور یہ کام صرف حکومت ہی نہیں بلکہ عوام کو بھی کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے وہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں اور سرگرم رول ادا کرے۔ انہوں نے ضلع بڈگام میں پی ڈی پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام کو حکمرانی میں سرگرم حصہ دار بننا چاہئے تاکہ جوابدہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست میں سیاسی امن اور معاشی خوشحالی کے نامکمل ایجنڈہ کو پورا کرنے کے عہد کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ پیشرو نیشنل کانفرنس ۔ کانگریس دورحکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں ترقی کا عمل معکوس ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشرو حکومت نے سیاسی، معاشی اور ترقیاتی محاذ پر ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔ اس کے برعکس اس نے 2002ء کے بعد شروع کئے گئے مختلف کاموں کو بھی پس پشت ڈال دیا تھا۔ اس طرح ساری ریاست انتظامی اور مالی جمود کا شکار ہوگئی۔

TOPPOPULARRECENT